کلام حضرت مصلح موعود ؓ

ایمان مجھ کو دے دے عرفان مجھ کو دے دے (منظوم کلام حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ)

ایمان مجھ کو دے دے عرفان مجھ کو دے دے

قربان جاؤں تیرے قرآن مجھ کو دے دے

دل پاک کر دے میرا دنیا کی چاہتوں سے

سُبُّوحِیَّت سے حصہ سبحان مجھ کو دے دے

دل جل رہا ہے میرا فرقت سے تیری ہر دم

جامِ وصال اپنا اے جان مجھ کو دے دے

کر دے جو حق و باطل میں امتیازِ کامل

اے میرے پیارے ایسا فرقان مجھ کو دے دے

ہم کو تری رفاقت حاصل رہے ہمیشہ

ایسا نہ ہو کہ دھوکہ شیطان مجھ کو دے دے

وہ دل مجھے عطا کر جو ہو نثارِ جاناں

جو ہو فدائے دلبر وہ جان مجھ کو دے دے

دنیائے کفر و بدعت کو اس میں غرق کردوں

طوفانِ نوحؑ سا اک طوفان مجھ کو دے دے

جن پر پڑیں فرشتوں کی رشک سے نگاہیں

اے میرے محسن ایسے انسان مجھ کو دے دے

دھل جائیں دل بدی سے سینے ہوں نُور سے پُر

امراضِ روح کا وہ دَرمان مجھ کو دے دے

دجّال کی بڑائی کو خاک میں ملا دوں

قوت مجھے عطا کر سلطان مجھ کو دے دے

ہو جائیں جس سے ڈھیلی سب فلسفہ کی چُولیں

میرے حکیم ایسا برہان مجھ کو دے دے

(کلام محمودمع فرہنگ صفحہ ۲۳۶-۲۳۷)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button