متفرق

ربوہ کا موسم (۱۹ تا ۲۵؍ جنوری ۲۰۲۴ء)

۱۹؍جنوری جمعۃ المبارک کو دن گیارہ بجے بادلوں سے سورج نکل آیا،لوگ دھوپ کی وجہ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ شام کو ٹھنڈ بن گئی اور رات گئے دھند بھی آموجود ہوئی۔ ہفتہ کا دن اس ہفتہ کا سرد ترین دن تھا، بادلوں کی دبیز تہ نے آسمان کو ڈھانپا ہوا تھا۔ دن کے وقت ہی روشنی اتنی کم تھی کہ شام کا گمان ہوتا تھا، کھلے آسمان تلے نکلنے سے اوس پڑتی ہوئی محسوس ہوتی، ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۱؍اور کم سے کم ۴؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ اتوار کو حسب سابق دھند تھی، سورج بادلوں میں چھپا رہا، سردی کی لہر جاری ہے۔ سوموار کو بھی بادلوں نے آسمان پر قبضہ کیے رکھا، تاہم ہوا بند ہونے سے سردی کچھ کم تھی۔ منگل کی صبح دھند تھی، باقی دن بادل چھائے رہے، ہلکی ہوا بھی چلتی رہی۔ بدھ کو بھی تقریباً ایسا ہی موسم تھا۔صبح گیارہ بجے دارالصدر کے محلہ جات کی طرف زیادہ دھند تھی۔دیکھنے میں آیا ہے کہ گذشتہ برسوں کی نسبت اس مرتبہ زیادہ دیر کے لیے سردی کی لہر جو ایک ماہ سے زائد عرصہ سے یہاں ٹھہر ی ہوئی ہے، اس کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں بیمار ہو رہے ہیں۔ فضل عمر ہسپتال کے ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر سے آج کل کے موسم کے بارے میں بات ہورہی تھی۔ انہوں نے اپنے حالیہ تجربہ کے حوالے سے بتایا کہ میرے پاس جو مریض آرہے ہیں، ان کی نزلہ، زکام، بخار اور کھانسی کی تکالیف ٹھیک ہونے میں ہی نہیں آرہیںاوربیماریاں طول پکڑے جارہی ہیں۔

جمعرات کو بادل گہرے تھے۔ ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی تھی۔ بعض علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۰؍اور کم سے کم ۵؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔(ابوسدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button