امریکہ (رپورٹس)

جماعت لٹمنگے سینیگال میں مسجد محمود کا افتتاح

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سینیگال کو ریجن کاؤلک(Kaolack) کی جماعت لٹمنگے(Latmingue) میں ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

جماعت لٹمنگے سینیگال کی ابتدائی جماعتوں میں سے ایک ہے جہاں مخالفین جماعت کی طرف سے جماعت کی مخالفت میں ہرسال کانفرنس کی جاتی ہے۔مخالفین کی طرف سے پیدا کردہ نامساعد حالات اور شر انگیزی کے باوجود احباب جماعت نہ صرف اپنے ایمان پر ثابت قدم ہیں بلکہ مالی قربانی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ہیں۔

جماعت کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس گاؤں میں لگ بھگ ایک ایکڑ جگہ پرنئی مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی، مسقف حصہ ۲۶۰؍ مربع میٹر ہےیہ لٹمنگے کے خارجی راستہ اور قریب کے کئی دوسرے گاؤں کی گزرگاہ پر موجود ایک بلند جگہ پر واقع ہے۔ مسجد اپنے اونچے سفید اور سنہری میناروں کی وجہ سےدور ہی سے ایک خوبصورت منظر پیش کرتی ہے،یہ منظر ہر راہگیر کا دل موہ لیتا ہے۔یہ مسجد تعمیراتی لحاظ سے بھی یہاں کی منفرد مسجد ہے جس کا اظہار ہر اپنے اور مخالف نے بھی کیا۔ کاشف جاوید مبلغ سلسلہ و ریجنل مشنری کاؤلک کی نگرانی میں مسجد کے تعمیراتی کا م کا آغاز مارچ ۲۰۲۳ء میں ہوا اور اللہ کے فضل سے نومبر ۲۰۲۳ء کے پہلے ہفتہ میں مکمل ہوا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مسجد کا نام ’’مسجد محمود‘‘ عطا فرمایا ہے۔ ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت احمدیہ سینیگال و مشنری انچارج نے اس علاقہ کے ائمہ اور ریجنل عاملہ کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر اور دعاکے ساتھ مسجد کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے جمعہ کی امامت کروائی۔ خطبہ میں آپ نے مسجد کے مقاصد وحقوق بیان کیے اوربتایا کہ مساجد ہرا یک کے لیے امن کا پیغام اور سلامتی کی جگہ ہیں۔

افتتاح کے موقع پر قریبی دیہات کے افراد کے علاوہ دیگر ریجنز کے مبلغین و احباب جماعت بھی شامل ہوئے۔ اس بابرکت موقع پربعد از نماز جمعہ امیرصاحب سینیگال نے مسجد کے احاطہ میں ایک پودا بھی لگایا اور دعا کروائی۔بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس مسجد کی تعمیر کا خرچ مرزا اسماعیل بیگ صاحب (حال مقیم ٹورانٹو، کینیڈا)نے اپنے والدین مرزا یعقوب بیگ صاحب مرحوم، محترمہ زبدۃ النساء صاحبہ مرحومہ اور اہلیہ محترمہ آصفہ بیگم صاحبہ مرحومہ کی طرف سے ادا کیا۔ مکرم مرزا محمد اسماعیل بیگ صاحب کا تعلق گوجرہ کے ایک مخلص احمدی گھرانے سے ہے۔سارا خاندان خلافت احمدیہ سے عشق کی حد تک تعلق رکھنے والا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی نسلوں کو بھی خلافت احمدیہ کے ساتھ اخلاص کا تعلق جاری رکھنے والابنائے۔ آمین

(رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button