افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کے چھٹے جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا روح پرور پیغام

٭… Cayenne شہر کی میئر صاحبہ کی شرکت

٭… ایک فلسطینی سعید روح کی جماعت احمدیہ میں شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فرنچ گیانا (سائوتھ امریکہ) کو امسال اپنا چھٹا جلسہ سالانہ مورخہ ۸و ۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء ملک کے دارالحکومت Cayenne میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پہلا اجلاس: ۸؍ دسمبر بروز جمعۃ المبارک جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کے مرکز میں جلسہ کے مہمانوں نے نماز فجر ادا کی اس کے بعد مختصر درس پیش کیا گیا۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مشن ہائوس کے مشرقی حصہ میں تقریب پرچم کشائی عمل میں آئی جس میں خاکسار (مبلغ انچارج) نے لوائے احمدیت جبکہ عبد العزیز صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے فرانس کا جھنڈا لہرایا۔ اس کے بعد دعا ہوئی۔

جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا آغاز نماز سینٹر میں تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار نے اپنی تقریر میں جلسہ سالانہ کا پس منظر اور اِس کی اغراض پر روشنی ڈالی اور جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام انگریزی میں مکمل اور خلاصةً فرنچ میں پڑھ کر سنایا۔

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا اردو مفہوم

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ فرنچ گیانا ۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ اللہ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو یہاں جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں۔ اور اچھائی، نیکی اور تقویٰ کے اعلیٰ معیار حاصل کرنے والے ہوں۔

یہ بات بہت اہم ہے کہ آپ جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کا حقیقی مقصد حاصل کریں۔ اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔‘‘(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱صفحہ۳۶۰ ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

اس لیے جلسہ کا اجتماع دنیاوی فوائد کے حصول کے لیے نہیں ہے۔نہ ہی میلہ ہے۔بلکہ روحانی ماحول سے حصہ لینے اور اپنے اخلاق میں بہتری پیدا کرنے کا ایک موقع ہے۔حضرت مسیح موعودؑ مزید فرماتے ہیں: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِکلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱ ایڈیشن۲۰۱۹ء)

آپ کو صرف اس بات پر ہی خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے اس مسیح اور مہدیؑ کو مان لیا ہےجس کی آمد کی خبر پہلے سے ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے دے دی تھی۔بلکہ ہر وقت آپ کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیےکہ آپ اپنی بیعت کی ذمہ دراریوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔

آپ کو اپنی تمام لیاقتیں اور استعدادیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنے دینی علم اور اپنے عقائد کے فہم کو بڑھانا چاہیے۔ اور اپنے اعمال اور طرز عمل میں اس حد تک بہتری لانی چاہیے جس کی حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی جماعت کے ممبران سے توقع کی ہے۔ چنانچہ مسلسل خود احتسابی اور بہتر احمدی بننے کی کوشش سے ہی آ پ جلسے پر حاضر ی کا مقصد حاصل کر سکیں گے۔

میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اور اسلام کی اشاعت اور درحقیقت دنیا میں امن کا قیام بھی براہ راست نظام خلافت سے منسلک ہے۔اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفة المسیح سے قریبی تعلق بنا کے رکھیں اور ہمیشہ خلیفہ کے وفادار رہیں۔آپ کو اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت بتانی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کے بابرکت حصار، راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ MTA دیکھے اور اس سے فائدہ اٹھائے۔آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہیے۔درحقیقت MTA آپ کا خلافت سے مستقل رابطہ جوڑ ے رکھتا ہے۔

میں آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔فرنچ گیانا کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا خوبصورت اورپیارا پیغام پہنچانے کےلیے دانشمندانہ منصوبے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دیں۔ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی میں اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔

آخر پر میری دل کی گہرائیوں سے یہ دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے۔اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم فرمائے۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس:پروگرام کے مطابق ۹؍ دسمبر بروز ہفتہ دوسرے اور آخری اجلاس کا انعقاد Mercure Royal Amazonia Hotel میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں ملک کے سیاسی، مذہبی اور سماجی راہنمائوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ ان میں Cayenneشہر کی لیڈی میئر Mrs Sandra Trochimara بھی شامل تھیں۔

اس ہال کو ہم نے جلسہ سالانہ کے خوبصورت بینرز سے مزید خوبصورت کردیا تھا۔اس کے ملحقہ ہال میں قرآن کریم اور اسلامی لٹریچر کی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ خاکسار کی صدارت میں اس اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ و ترجمہ سے ہوا۔

اس کے بعد ایم ٹی اے کی طرف سے تیار کردہ جماعت کی ایک تعارفی و تبلیغی ویڈیو حاضرین کو دکھائی گئی۔

خصوصی مہمانوں کا اظہار خیال: ویڈیو کے بعد میئر صاحبہ نے حاضرین سے اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ جماعت کے متعلق مجھے کچھ علم تھا لیکن آج کے اجلاس میں شرکت کے بعد مزید اضافہ ہوا ہے۔میں ویڈیو دیکھ کر بےحد متاثر ہوئی ہوں۔

پھر افریقن تنظیموں کے صدر محترم AGARD صاحب نے جلسہ کے انعقاد کی مبارک باد دی اور فرنچ گیانا میں جماعت کی خدما ت کی بےحد تعریف کی۔

بعد ازاں چینی نوجوانوں کی تنظیم کے صدر Mr. Williamنے دعوت ملنے پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جماعت کی خدمات اور عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس کے بعد محمد بشارت صاحب مربی سلسلہ نے ’’اسلام، امن کا مذہب‘‘ کے موضوع پر تقریر پیش کی۔ پھر ملک شام کے ایک مخلص احمدی محمد صلح صاحب نے عربی زبان میں اسی موضوع پر اظہار خیال کیا۔بعد ازاں عبد اللہ رسول صاحب نے ’’حضرت رسول کریمﷺ کے اخلاق عالیہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔

بعد ازاں مربی صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کا فرنچ ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ پروگرام کے آخر پر خاکسار نے اختتامی تقریر کی اور احباب جماعت کا شکریہ ادا کرنے کے بعد اختتامی دعا کروائی۔ اس کے بعد شاملین جلسہ نے قرآن مجید اور اسلامی کتب کی خوبصورت نمائش دیکھی۔ یہ نمائش ملحقہ ہال میں لگائی گئی تھی۔ قرآن مجید کے مختلف زبانوں میں تراجم کو دیدہ زیب طریق سے ترتیب دیا گیا۔ متعدد عیسائی اور مسلمان بھائیوں کو قرآن مجید کے فرانسیسی اور انگریزی تراجم بطور تحفہ پیش کیے گئے۔ زائرین نے حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ کو بہت پسند کیا۔ اس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم کے ساتھ اِس جلسہ کی برکت سے ایک فلسطینی سعید روح نے احمدیت میں شمولیت اختیار کرنے کی توفیق پائی۔ انہوں نے جلسہ کی اگلی رات ایک نہایت ایمان افروز روٴیا دیکھی جس میں انہیں واضح طور پر بتایا گیا کہ جماعت احمدیہ سچائی اور روشنی کے راستہ پر قائم ہے۔ چنانچہ انہوں نے بالآخر جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔ اللہ تعالیٰ موصوف کو استقامت اور مضبوط ایمان کی دولت سے مالا مال کرے۔ آمین

(رپورٹ: صدیق احمد منور۔مبلغ انچارج فرنچ گیانا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button