امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے شہر Areal کے میئر اور سٹی کونسل کے صدر سے ملاقاتیں

(وسیم احمد ظفر۔مبلغ انچارج برازیل)

برازیل کے صوبہ ریو ڈی جنیرو (Rio de Janeiro)میں واقع ایک شہر Areal ہے۔ یہ شہر مسجد بیت الاوّل، پیٹروپولس سے ایک گھنٹہ کی ڈرائیو پرواقع ہے۔ خاکسار (مبلغ انچارج، جماعت احمدیہ برازیل ) نے مورخہ ۱۱؍ دسمبر کو اس شہر کا تبلیغی دورہ کیا۔ مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل اور مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب سیکرٹری اشاعت بھی ہمراہ تھے۔ سب سے پہلے وہاں کے میئر جناب Gutinho Bernardes سےملاقات کرنے ان کے دفتر پہنچے تو انہوں نے بڑی گرمجوشی کے ساتھ ہمیں خوش آمدید کہا۔ ان کے ساتھ کم و بیش ایک گھنٹہ تک مختلف موضوعات پر بات چیت ہوتی رہی۔ میئر کے پرسنل سیکرٹری اوران کی کیبنٹ کے سیکرٹری تعلیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ خاکسار نے جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اپنے دستخط کے ساتھ اپنے شہر کے کلچر کے بارے میں ایک معلوماتی کتاب بھی ہمیں تحفۃً دی۔ خاکسار نے بھی ان کی خدمت میں کتاب World Crisis and the Pathway to Peaceکا پرتگیزی ترجمہ پیش کیا اورساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا تعارف کروایا۔ خاکسار نے انہیں مسجد بیت الاوّل کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے بڑی خوشی سے قبول کیا۔

اس کے بعد خاکسار نے اس شہر کی کونسل میں صدر کونسل جناب Márcio Lima اور ان کے آٹھ کونسلرزسے ملاقات کی۔ ان کے ساتھ کم و بیش تیس منٹ تک ملاقات رہی۔ باہمی تعارف کے بعد ان کو بھی اسلام اور جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کروایا گیا۔ حماس اور اسرائیل کی موجودہ جنگ کے بارے میں بات ہوئی اور اس ضمن میں اسلامی تعلیم بتائی اور جہاد کے بارے میں بھی اسلامی تعلیم بتانے کا موقع ملا۔ ان کا آفیشل سیشن شروع ہو رہا تھا، چنانچہ ہم ان کے ساتھ مین ہال میں آگئے جہاں خاکسار نے سب حاضرین کے سامنے جناب صدر اور سب کونسلرز کو کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کا تحفہ پیش کیا۔کونسل کی فوٹوگرافر نے اس موقع پرآفیشل گروپ فوٹو بھی لی۔

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button