افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے ریجن ویسٹرن بی کی چند تبلیغی سر گرمیاں نیز کوسٹ ریجن میں مبلغ سلسلہ کی ڈپٹی کاؤنٹی کمشنر سے ملاقات

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

٭… اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا کے تمام ریجنز میں مبلغین سلسلہ اور معلمین کرام تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ انفرادی ملاقاتوں،مجلس سوال و جواب،تقسیم لٹریچر اور ریڈیو و ٹی وی پروگرامز کے ذریعہ ابلاغ حق کا اہم فریضہ بھی سر انجام دے رہے ہیں۔جس کے خاطرخواہ نتائج بر آمد ہو رہے ہیں۔ مبلغ ویسٹرن ریجن بی عدی ابواء صاحب نے لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ تین ہفتوں میں انہوں نے ریجن کی آٹھ جماعتوں میں تبلیغی پروگرام کیے ہیں اور زبانی رابطوں اور تبادلہ خیال کے علاوہ ایک ہزار سے زائد پمفلٹ تقسیم کیے اور جماعتی کتب بھی فروخت کیں۔

٭… مورخہ ۱۸؍ دسمبر کو انہوں نے اپنے معلمین اور داعیان الیٰ اللہ کے ہمراہ مونامی (MUNAM) گاؤں کا دورہ کیا اور پانچ گھنٹے کی طویل نشست میں وفات مسیحؑ،سیرت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ،حضرت مسیح موعودؑکی آمد اور جماعت احمدیہ کے عقائد پر گفتگو کی اور حاضرین کے سوالوں کے جواب دیے جس کا حاضرین پر بہت اچھا اثر ہوا۔سامعین میں ایک بشپ صاحب اور دو پادری صاحبان بھی موجود تھے جنہوں نے نہ صرف پروگرام کو پسند کیا بلکہ ہمارے وفد کو اس علاقے میں دوبارہ آ کر شراب نوشی کے بد اثرات اور اخلاقیات سے متعلق پروگرام کرنے کی درخواست بھی کی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس محبت اور برادرانہ رویے کا آپ نے مظاہرہ کیا ہے اس کے پیش نظر ہماری خواہش ہے کہ آپ اس علاقہ میں اپنی مسجد تعمیر کریں۔اس مجلس میں ۱۶۵ء مرد و زن شریک ہوئے اور بفضل خدا پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔

٭… مورخہ ۲۱؍ دسمبر بروز اتوار انہوں نے مسامبا جماعت کا دورہ کیا اور جامعة المبشرین تنزانیہ سے فارغ التحصیل ہو کر کینیا آنے والے دو معلمین شریف ونگالا صاحب اور خالد شکوکو صاحب کے ہمراہ کاکا میگا ٹاؤن میں ریڈیو ’’ایف ایم لوباؤ‘‘ (RADIO LUBAO .F.M) میں تبلیغی پروگرام ریکارڈ کرایا۔ یہ پروگرام اسی رات سات بجے نشر ہوا جس سے تقریباً پانچ لاکھ افراد تک احمدیت کا پیغام پہنچا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

٭… مسامبا جماعت میں ایک بک سٹال بھی لگایا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے دلچسپی لی، کتب دیکھیں اور خریدیں بھی اس موقع پر مہمانوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

٭… مورخہ ۲۲؍ دسمبر کو بگوما میں قائم ’’ساسا، ایف ایم‘‘ ریڈیو سٹیشن میں مبلغ عدی ابواء صاحب کو کرسمس کے بارے میں اسلامی نکتہ نظر پیش کرنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر ریڈیو سٹیشن میں پروگرامز کے میزبانوں اور انتظامیہ کو لٹریچر بھی دیا۔ یہ پروگرام اسی دن نشر ہوا اور پانچ لاکھ سے زائد لوگوں تک آواز حق پہنچی۔الحمد للہ علیٰ ذالک

ڈپٹی کاؤنٹی کمشنر سے ملاقات

٭… مورخہ ۲۱؍ دسمبر بروز جمعرات بشارت احمد طاہر صاحب مبلغ سلسلہ کوسٹ اے ریجن نے ’’کلولینی‘‘ ( Kaloleni) سب کاؤنٹی کے ڈپٹی کاؤنٹی کمشنر مسٹر مگو (Mugu) سے ملاقات کی اور جماعت کا تعارف کرانے کے بعد انہیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی کتاب World Crisis and the Pathway to Peaceکا تحفہ پیش کیا جو انہوں نے بشکریہ قبول کیا۔

اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے تمام لوگوں کے دل اسلام کے لیے کھول دے اور انہیں اپنی رضا کی راہوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button