حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ:آسٹریلیا نےپاکستان کودوسرے ٹیسٹ میچ میں۷۹ رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔۲۹؍دسمبرکومیلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں میچ کے چوتھے روز۳۱۷ رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم ۲۳۷ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اوپنرزامام الحق اورعبداللہ شفیق کے جلدآؤٹ ہونےکے بعد بابراعظم، شان مسعود،محمدرضوان اور آغاسلمان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان کی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر۲۱۹رنز بنا چکی تھی اور آسٹریلیا میں ۲۸برس بعدٹیسٹ میچ جیتنے کی امید نظرآنے لگی تھی۔تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز(Pat Cummins)اور مچل سٹارک(Mitchell Starc)کی زبردست باؤلنگ کی بدولت پاکستان کی پوری ٹیم ۲۳۷کے اسکورپرڈھیر ہوگئی۔ اس میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود(Shan Masood) نے ٹاس جیت کرپہلے باؤلنگ کرنے کافیصلہ کیاتوآسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں ۳۱۸رنز بنانے میں کامیاب رہا۔جس کے جواب میں پاکستان نے ۲۶۴رنز بنائے۔آسٹریلیا نے اپنی دوسری باری میں ۱۶کے اسکورپرچاروکٹیں کھونے کےبعد۲۶۲ رنز بنائے جس میں مچل مارش (Mitchell Marsh)کے ۹۶ اہم رنز شامل تھے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شاہین آفریدی اورمیرحمزہ نے چارچارکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔آسٹریلیا کے پیٹ کمنز دونوں اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

بھارت اورجنوبی افریقہ کے مابین دوٹیسٹ میچزکی سیریزکے پہلےمقابلہ میں میزبان ٹیم نے بھارت کوایک اننگز اور ۳۲ رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ سینچورین کے میدان پرگیندبازی کے لیے سازگارکنڈیشنزمیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کرپہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں ۲۴۵ رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ کے ایل راہول(KL Rahul) نےشاندار۱۰۱؍ رنز کی اننگز کھیلی۔جواب میں جنوبی افریقہ نے ڈین ایلگر(Dean Elgar)کے ۱۸۵ اور مارکوجینسن (Marco Jansen)کےناٹ آؤٹ ۸۴؍ رنز کی بدولت ۴۰۸رنز بنائے ۔کھیل کے تیسرے روز بھارت کی پوری ٹیم محض ۱۳۱؍ رنز بناسکی اور یوں جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور۳۲؍ رنزسے فتح حاصل ہوئی۔

نیوزی لینڈاور بنگلہ دیش کے مابین تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز ایک ایک سے برابرہوگئی۔نیپئرمیں کھیلے گئے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ۱۳۵؍ رنز کا ہدف۵وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے کامیابی سمیٹی۔دوسرامیچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکاجبکہ۳۱؍ دسمبرکوہونے والے تیسرے مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی۔قبل ازیں ایک روزہ سیریزمیں میزبان نیوزی لینڈ نے دو،ایک سے فتح حاصل کی تھی۔

فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ میں۳۰؍ اور۳۱؍ دسمبرکو ہونے والے مقابلوں میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو ناٹنگھم فاریسٹ کے ہاتھوں ایک کے مقابلہ میں دوگول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دیگر میچز میں چیلسی نے لٹن ٹاؤن اورآسٹن ولا نے برنلی کو ۳۔۲سے شکست دی۔مانچسٹرسٹی نے شیفیلڈ یونائیٹڈ کو ۲۔صفر اورفلہم نے آرسنل کو ۲۔۱ سے ہرادیا۔رواں سیزن میں لیورل کی ٹیم ۱۹میچز میں ۴۲پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہے۔آسٹن ولا دوسری اورمانچسٹرسٹی تیسری پوزیشن پرموجود ہے۔

ٹینس:آسٹریلیا کے شہربرسبین میں ۳۱؍ دسمبرتا۷؍جنوری انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ جاری ہے۔اس کے ابتدائی میچز میں برطانیہ کے معروف کھلاڑی اور سابق عالمی نمبرایک اینڈی مرے کوبلغاریہ کے Grigor Dimitrovنے ۴۔۶،۷۔۵اور۶۔۲ کے اسکورسے ہرادیا۔ ایک اورمقابلہ میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ کھلاڑی ڈنمارک کے Holger Runeنے آسٹریلیا کے Max Purcellکے خلاف پہلا سیٹ ہارنے کے بعد۶۔۴اور۶۔۲ کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔اس ٹورنامنٹ میں سب نظریں اسپین سے تعلق رکھنےوالےسابق عالمی نمبرایک اوراپنے شاندار کیریئر میں ۲۲گرینڈسلام ٹائٹل جیتنے والے مشہورکھلاڑی رافیل نڈال (Rafael Nadal)پر مرکوز ہیں جوکہ گذشتہ ایک سال انجری کے باعث ٹینس کے میدان سے دور رہنے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button