حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال: ۱۲ تا ۲۲؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو سعودی عرب میں ہونے والابیسواں فیفا کلب ورلڈ کپ انگلش ٹیم مانچسٹر سٹی نے جیت لیا۔مانچسٹر سٹی نے فائنل میں برازیلین کلب Fluminenseکو چار۔صفر سے شکست دے کر پہلی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی میں کھیلے گئے فائنل کے پہلے ہی منٹ میں مانچسٹر سٹی کے جولیان الواریز (Julian Alvarez)نے گول کیا۔پھر۲۷ویں منٹ میں برازیلین کلب کے نینو (Nino)کے اپنے ہی گول سے Cityکی برتری دگنی ہوگئی۔دوسرے ہاف میں فِل فوڈین(Phil Foden) ٹیم کا تیسرا گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔میچ کے آخری لمحات میں جولیان الواریز نے ٹیم کا چوتھا اور اپنا دوسرا گول کرکے مانچسٹرسٹی کوفتح دلادی۔تیسری پوزیشن کے میچ میں مصرکے فٹ بال کلب الأھلی(Al-Ahly)نےجاپانی کلب Urawa Redsکودوکے مقابلہ میں چارگول سے شکست دی۔اس ایونٹ میں میزبان سعودی عرب کے الاتحاد(Al-Ittihad) کلب کے علاوہ میکسیکو کے Leonاورنیوزی لینڈکے کلب Auckland Cityنے بھی شرکت کی۔۲۰۲۵ء میں فیفا کلب ورلڈ کپ ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں منعقدہوگا جس میں ۳۲ٹیمیں شرکت کریں گی۔فیفا کلب ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ پانچ ٹائٹل مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ(Real Madrid)کے نام رہے ہیں جبکہ بارسلونا کی ٹیم تین اور بائرن میونخ دو مرتبہ اس ٹورنامنٹ کی فاتح بن چکی ہیں۔

کرکٹ:جنوبی افریقہ اوربھارت کے مابین تین ایک روزہ  انٹرنیشنل میچز کی سیریز مہمان بھارتی ٹیم نے ۲۔۱؍ سے جیت لی۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم محض۱۱۶؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔عرشدیپ سنگھ(Arshdeep Singh)نے ۳۷؍رنز کےعوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔بھارت نے ہدف صرف دووکٹیں گنواکرپوراکرلیا۔دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے Tony de Zorziکے ناقابل شکست ۱۱۹؍رنز کی بدولت آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔۲۱؍دسمبرکو پارل (Paarl)میں ہونے والے فیصلہ کن مقابلے میں بھارت کے ۲۹۶؍رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم ۲۱۸؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔بھارت کےSanju Samsonنے۱۰۸؍رنز کی شاندارباری کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے ۔فاسٹ باؤلر عرشدیپ سنگھ کو پلیئر آف دی سیریزکا ایوارڈدیا گیا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ: ویسٹ انڈیز نے ایک روزہ سیریز ۲۔۱؍سے جیتنے کے بعد پانچ میچز کی ٹی ٹوینٹی سیریز میں بھی انگلینڈ کو ۳۔۲؍سے پچھاڑدیا۔ٹی ٹوینٹی سیریز کے پہلے دو میچز میزبان ویسٹ انڈیز کے نام رہے جبکہ تیسرے اور چوتھے مقابلے میں انگلش ٹیم نے فلپ سالٹ (Philip Salt) کی لگاتار دوسینچریوں کی بدولت فتح حاصل کی۔ٹرینیڈاڈمیں کھیلے جانے والےفیصلہ کن مقابلہ میں ویسٹ انڈیز نے ۱۳۳؍رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرکےٹرافی اپنے نام کرلی۔فلپ سالٹ کو مجموعی طور پر ۳۳۱؍رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔

ویمنز کرکٹ:بھارت اورآسٹریلیاکی ویمنزکرکٹ ٹیموں کےمابین ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلےگئےٹیسٹ میچ میں بھارت نےآٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں۲۱۹؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی جس کے جواب میں بھارت نے۴۰۶؍رنز کے ساتھ۱۸۷؍رنز کی برتری حاصل کی۔دوسری اننگز میں آسٹریلیاکی ٹیم۲۶۱؍رنزبنانے میں کامیاب ہوئی ۔کھیل کے چوتھے روز۷۵؍رنزکا ہدف میزبان بھارت نےصرف دو وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔بھارت کی جانب سے آف سپنرسنیہ رانا (Sneh Rana)نے پہلی اننگز میں تین جبکہ دوسری اننگز میں چارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرارپائیں۔ویمنز ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔بھارتی خواتین کی کرکٹ ٹیم ۲۰۰۶ءسے اب تک لگاتارآٹھ ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ہے۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button