حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…ایران میں متعدد گیس سٹیشن غیر فعال ہو گئے۔ ملک کے متعدد گیس سٹیشن غیر فعال ہونےکی وجوہات ظاہر نہیں کی گئیں۔ایرانی وزیرِ تیل کا کہنا ہے کہ ایران بھر میں کم ازکم تیس فیصد گیس سٹیشن فعال ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی ہیکرز نے سائبر حملے میں ایران کے گیس سٹیشن غیر فعال کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔ہیکرز کا سوشل میڈیا ویب سائٹ پر کہنا ہے کہ خطے میں ایران اور اس کی پراکسیزکی جارحیت کے جواب میں سائبر حملہ کیا۔اُنہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سائبر حملہ آگ سے کھیلنے کی ایک قیمت ہے۔رپورٹ کے مطابق سائبر حملے کے دعوےدار ہیکرز اس سے قبل ایرانی سٹیل کمپنیوں پر بھی سائبر حملہ کر چکے ہیں۔

٭…فلپائن کے جنوبی جزیرے میں سمندری طوفان سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ طوفان کے باعث فلپائن کے جنوبی جزیرے میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلپائن میںگیارہ ہزار سے زائد افراد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے۔

٭…عراق میں ایک دہائی کے بعد پہلے صوبائی انتخابات کا انعقاد آج کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ دس برس میں پہلی مرتبہ صوبائی انتخابات کے لیے ووٹنگ آج ہو رہی ہے، انتخابات میں اٹھارہ میں سے پندرہ صوبوں میں ۲۸۵؍کونسل ممبران کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ کردستان ریجن کے تین صوبوں میں انتخابات اگلے سال متوقع ہیں۔ منتخب کونسل ممبران صوبائی گورنرز مقرر اور مقامی انتظامیہ کی نگرانی کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ۲۰۱۳ء میں آخری بار بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جبکہ عراق میں جاری داعش کے جنگجوؤں کے خلاف جنگ کی وجہ سے اس کے بعد انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

٭…افریقی ملک گِنی کے آئل ٹرمینل میں دھماکا ہوگیا جس میں تقریباً آٹھ افراد ہلاک جبکہ ۸۴؍زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ گنی تیل پیدا کرنے والا ملک نہیں ہے اور اس ملک کے پاس تیل صاف کرنے کی صلاحیت بھی نہیں ہے۔ یہ ملک صاف کیا ہوا تیل درآمد کرتا ہے جسے زیادہ تر کلوم ٹرمینل میں محفوظ کیا جاتا ہے اور پھر اسے وہاں سے پورے ملک میں ٹرکوں کے ذریعے تقسیم کیا جاتا ہے۔

٭…ارجنٹا ئن اور اس کے پڑوسی ملک یوروگوائے میں ہفتے کے روز آنے والے طاقتور طوفان کے باعث بارشیں ہونے اور طوفانی ہواؤں سے مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ۱۶؍ہو گئی۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹا ئن کے شہر باہیا بلانکا میں ہفتے کے روز طوفانی ہوا سے ایک دیوار گرنے سے ۱۳؍افراد ہلاک ہوئے۔رپورٹ میں یوروگوائے کے محکمہ موسمیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اتوار کی صبح جنوب مشرق سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے پیش آنے والے حادثات میں دوافراد ہلاک ہو گئے۔

٭…میکسیکو کی وسطی ریاست گواناجواٹو میں چھٹیوں کی ایک تقریب میں ہونے والے حملے میں بارہ افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک مسلح گروپ نے کرسمس سے پہلے منعقد ہونے والی ایک روایتی پارٹی میں شرکت کرنے والوں پر فائرنگ کی۔میکسیکو کے اٹارنی جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ حملوں میں بارہ افراد مارے گئے ہیں، اس حوالے سے حکام نے مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔ واضح رہے کہ ریاست گواناجواٹو بڑی فیکٹریوں کی وجہ سے میکسیکو میں مشہور ہے لیکن حالیہ برسوں میں وہاں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

٭…عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں نہتے شہریوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کو دہشت گردی قرار دے دیا۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں دو مسیحی خواتین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ہفتہ وار دعائیہ خطاب میں پوپ فرانسس نے کہا کہ غزہ سے مسلسل سنگین اور درد ناک خبریں آ رہی ہیں۔ نہتے شہریوں کو بموں اور گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مقدس مقامات کے اندر بھی ایسے حملے ہو رہے ہیں۔ سنائپرز نے چرچ میں خاتون اور اس کی بیٹی کو مارا، دیگر کو زخمی کیا، کچھ کہتے ہیں یہ دہشت گردی ہے۔یہ جنگ ہے، ہاں یہ جنگ ہے، دہشت گردی ہے، خدا جنگ روکتا ہے، کمانیں اور نیزے توڑتا ہے، آئیے خدا سے امن کی دعا کریں۔

٭…پیر کو قریباً بارہ بجے دوپہر پاکستان کے شمال میں اسلام آباد، مالا کنڈ اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور دیگر علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت ۵۰۸؍ریکارڈ کی گئی، زیر زمین گہرائی ۱۴۰؍کلومیٹر، مرکز مقبوضہ کشمیر میں دوڈا سے ۱۰۳؍کلومیڑ مشرق تھا۔زلزلے سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button