امریکہ (رپورٹس)

قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا کے زیر اہتمام ’’سوالنامہ‘‘ کوئز پروگرام کا انعقاد

(خالد محمود شرما۔ کینیڈا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا کو مورخہ۲۵ و ۲۶؍ نومبر کو مجلس انصار اللہ کینیڈا کے مرکز بیت الانصار میں سوالنامہ کے نام سے ایک کوئز پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کی ایم ٹی اے سٹوڈیو کینیڈا نے ریکارڈنگ بھی کی۔ الحمد للہ

اس پروگرام میں شرکت کے لیے سارے کینیڈا سے ۱۵؍ ٹیموں نےحصہ لیا۔ ہر ریجن سے دو انصار ایک آن لائن تحریری مقابلہ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کی بنیاد پر اپنی اس ٹیم کا حصہ قرار پائے۔

کوئز کا نصاب قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا کے مرتب کردہ ’’تعلیمی نصاب‘‘ سے منتخب کیا گیا تھا۔

۲۵؍ نومبر کو صبح نو بجے پیس ولیج میں واقع طاہر ہال کے بورڈ روم میں تمام ٹیمیں جمع ہو گئیں جہاں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدرمجلس انصار اللہ کینیڈا سے تمام ٹیموں کا تعارف ہوا اور خاکسار نے مقابلہ کے قواعد و ضوابط پڑھ کرسنائے۔ اس کے بعد مہمان خصوصی مکرم لال خاں ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نےدعا کروائی۔ دعا کے بعد مکرم امیر صاحب ، صدر مجلس کے ہمراہ طاہر ہال کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایم ٹی اےسٹوڈیو ز میں تشریف لائے جہاں سیٹ پر پہلے پول کی ٹیمیں مقابلہ کے لیے تیار تھیں۔ مکرم امیر صاحب نےوہاں پربھی دعا کروائی اور یوں کوئز مقابلہ کا آغاز ہوا۔

۱۴؍ ریجنز کی ۱۵؍ ٹیموں کو پانچ پولز میں تقسیم کیا گیا تھا اور ہر پول میں تین ریجنز کی تین ٹیمیں شامل تھیں۔ ابتدائی مرحلہ میں ہر پول کے انفرادی کوالیفائنگ راؤنڈ ہوئے۔ مورخہ۲۶؍ نومبر بروز اتوار کوالیفائنگ راؤنڈ میں بریمپٹن ایسٹ ریجن ( عبد العزیز منگلا صاحب اور وسیم احمد ملک صاحب) ، برٹش كولمبيا ریجن، ( محمود اقبال صاحب اور سہیل احمد مجوکہ صاحب) ٹورنٹوریجن، ( محمود احمدصاحب اور شفیق صاحب) ہیملٹن نائگرا ریجن( شیخ ودود صاحب اور عبدالماجد وڑایچ صاحب) کی ٹیموں کے مابین سیمی فائنل منعقد ہوا۔

دو سیمی فائنل مقابلوں سے ہیملٹن نائگرا اور بریمپٹن ایسٹ کی ٹیموں نےفائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ فائنل مقابلہ میں ہیملٹن نائگرا کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ بارک اللہ لھم۔

اس کوئز مقابلہ کااوّل انعام جو فاتح ٹیم کو دیاجائےگا وہ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء کا ریٹرن ٹکٹ ہے۔ دوسرا انعام احمدیہ کتب خانہ واؤچر ۲۵۰؍ ڈالر اور تیسرا انعام احمدیہ کتب خانہ واؤچر ۱۰۰؍ ڈالر ہے۔

(رپورٹ خالد محمودشرما۔ قائد تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button