افریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے دوسرے طالب علم کا تکمیلِ حفظِ قرآن کا اعزاز

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۳؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز بدھ مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے طالب علم عزیزم عبداللہ سانوہ جالوہ (Abdullah Sannoh Jalloh) نے مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے دوسرے حافظِ قرآن ہونے کا بابرکت اعزاز اپنے نام کیا۔ فالحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزم، اس کے اہلِ خانہ اور جماعت کے لیے مبارک فرمائے۔آمین

عزیزم کا تعلق سیرالیون کے جنوبی ریجن Bo میں واقع Potoru Town, Pujehun District سے ہے۔ مدرسۃ الحفظ میں داخلہ سے قبل عزیزم کو ناظرہ قرآن کریم پڑھانے کی سعادت Potoru Town کے سرکٹ مشنری مولوی امارا سیمبو صاحب (Maulvi Amara Simbo)کو حاصل ہوئی۔ بعد ازاں جولائی ۲۰۲۱ء میں مدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے اور ناظرہ قرآن کریم میں مزید بہتری کے لیے یسرناالقرآن دوبارہ پڑھا۔ اگست ۲۰۲۱ء میں حفظ کا آغاز کیا اور دو سال ایک ماہ اور تیرہ دن میں خاکسار کی زیرِ نگرانی قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا اور خاکسار نے ہی آخری سبق سنا۔ اس موقع پر طلبہ مدرسہ، قائمقام پرنسپل جامعۃ المبشرین و دیگر اساتذہ و طلبہ جامعۃ المبشرین نے عزیزم کو تکمیلِ حفظ پر مبارکباد پیش کی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔عزیزم کی تکمیلِ حفظ کی اطلاع مکرم امیر صاحب سیرالیون،مکرم مشنری انچارج صاحب سیرالیون نیز طالبعلم کے والدین کو بھی دی گئی جس پر انہوں نے مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور طلبہ کے لئے دعا کی۔

عزیزم مکرم ابراہیم جالوہ (Ibrahim Jalloh) صاحب اور محترمہ زینب کریم (Zainab Karim) صاحبہ کا صاحبزادہ ہے۔

محض اللہ کے فضل اور سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت اور منظوری سے مدرسۃ الحفظ سیرالیون کا آغاز جون ۲۰۲۱ء میں ہوا۔ تدریس کی ابتداء کُل ۵ طلبہ (سب کا تعلق سیرالیون سے تھا) اور ایک استاد(خاکسار)سے ہوئی اور اِس وقت زیرِ تعلیم طلبہ کی کُل تعداد سولہ ہے جن میں پندرہ کا تعلق سیرالیون سے ہے جبکہ ایک طالب علم پاکستانی ہے۔ فالحمدللہ

(رپورٹ : حافظ اسداللہ وحید۔ مربی سلسلہ و استاد مدرسۃ الحفظ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button