یورپ (رپورٹس)

خلافت خامسہ کے امن پیغام کو پھیلانے کے لیے کار پر دنیا کا سفر(نہم و آخری قسط)

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

٭…تین ماہ نَو دن پر مشتمل اس تبلیغی سفر کے دوران ستائیس ممالک کے اٹھاسی شہروں میں پیغام امن پہنچانے کی توفیق ملی

مبارک احمد صاحب مورخہ ۱۵؍نومبر کی صبح دس بجے ترکی کے شہر استنبول پہنچے۔ ترکی میں داخلے کے لیے چیک پوسٹ پر پہلے توگاڑی پرلگے بِل بورڈز پر اعتراض کیا گیا لیکن تفصیلات جاننے کے بعد ایک سینئر آفیسر نے ترکی میں داخلے کی اجازت دے دی۔

مورخہ ۱۶ و ۱۷؍نومبر کو استنبول شہر میں واقع مشہور مقامات بشمول معروف مسجد سلطان احمد (المعروف Blue Mosque) کے اطراف میں مختلف جگہوں پر پیغام امن پھیلاتے رہے۔ بعدازاں بلغاریہ کے شہر صوفیہ کی طرف روانہ ہوئے۔یہاں پہنچنے کے بعد شہر کے سٹی سینٹر اور ریلوے سٹیشن پر پیغام امن پھیلانے کے بعد سربیا کے دارالحکومت بلغراد پہنچے۔ یہاں کے سٹی سینٹر میں دو گھنٹے لوگوں کوانسانیت سے محبت اور دنیا میں قیام امن کا پیغام پہنچایا۔

مورخہ ۱۸؍نومبرہنگری کے شہر بوڈا پسٹ پہنچے۔دوپہر کو شہر کے سٹی سینٹر اور پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے لوگوں کو جنگ کے نقصانات اور امن کی افادیت کے بارے میں بتانے کا موقع ملا۔

مورخہ ۱۹؍نومبر کو دو مقامی احمدی دوست شفیق بھٹی صاحب اور زوہیب صاحب بھی شامل سفر ہوئے اور سلواکیہ کے دارالحکومت براٹی سلاوا کی طرف روانہ ہوئے۔یہاں پہنچ کر سٹی سینٹر اورمین ریلوے سٹیشن کا دورہ کیاجس کے بعدآسٹریا کے لیے روانگی ہوئی۔

مورخہ ۲۰؍نومبر کو آسٹریا میں پیغام امن پہنچانے کے بعد جرمنی کے شہر فرینکفرٹ پہنچے۔

۲۱؍نومبر کی شام چھ بجے فرینکفرٹ سے بیلجیم کے لیے سفر شروع کیا۔ایک دن قیام کےبعد مورخہ ۲۲؍نومبر کو فرانس کی بندرگاہ پہنچے جہاں سیکیورٹی کے افسران سے کچھ دیر تبلیغی گفتگوہوئی ۔بعدازاں بذریعہ فیری Dover روانہ ہوئے۔دوران سفر بھی مختلف لوگوں سے اس تبلیغی سفرکے حوالے سے گفتگو ہوتی رہی۔ بالآخر رات آٹھ بجے سفر مکمل کرکے اپنے گھر واقع آلڈر شاٹ یوکے بخیروعافیت پہنچ گئے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

مبارک احمد صاحب کہتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے پیغام امن کا یہ سفر تین ماہ اور نَو دن میں مکمل ہوا ۔اس دوران۲۷؍ممالک کے ۸۸؍شہروں میں جانے کی توفیق ملی۔ ہر جگہ کے احمدی احباب نے بھر پورتعاون کیا جس کے لیے خاکسار اُن کا مشکور ہے۔آخر پر موصوف قارئین سے اپنے لیے اور دوران سفر دیگر تمام تعاون کرنے والےاحباب کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس سفر کے نیک اثرات پیدا فرمائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button