یورپ (رپورٹس)

بریڈ فورڈ، یوکے میں رشتہ ناطہ سیمینار کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ رشتہ ناطہ برطانیہ کو مسجد المہدی بریڈ فورڈمیں مورخہ ۱۸؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ ’’اسلام میں شادی کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ سیمینار آن لائن بھی نشر کیا گیا تاکہ دیگر جماعتوں کے احباب بھی اس سیمینار سے مستفید ہو سکیں۔ اس پروگرام میں مبلغ انچارج یوکے و نائب امیر مولاناعطاء المجیب راشد صاحب نے خصوصی طور پر آن لائن شرکت کی۔ اس سیمینار میں شرکت کے لیے ۱۰۰؍ سے زائد احباب و خواتین مسجد المہدی تشریف لائے جبکہ ستّر سے زائد احباب نے آن لائن شرکت کی۔

تلاوت قرآن کریم کے بعد ڈاکٹر محمد اقبال صاحب سیکرٹری رشتہ ناطہ نےحاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ عبدالہادی مسعود صاحب مربی سلسلہ کیتھلےنے انگریزی میں تقریر کرتے ہوئےقرآن کریم، احادیث اور سنت رسولؐ کی روشنی میں شادی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ بعد ازاں سامعین کے سوالات کے جواب میں سیکرٹری صاحب رشتہ ناطہ، خاکسار (ریجنل مشنری)، عبدالہادی مسعود صاحب اور بریڈ فورڈ کی دونوں جماعتوں کے صدران پر مشتمل پینل نے شعبہ رشتہ ناطہ کے کردار، شادی کے سلسلہ میں درپیش مشکلات اور معاشرے میں رائج رسومات کے بارے میں بتایا۔

مکرم امام صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں کہا کہ رشتہ کرتے ہوئے ہمیشہ تقویٰ کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ دونوں خاندانوں کو سچائی کے ساتھ قولوا قولًا سدیدًا پر عمل کرتے ہوئے دعا اور استخارہ کی طرف بھی توجہ کرنی چاہیے۔ رشتے کے معاملات میں خاندان، برادری، قوم یا ذات پات کی بجائےتقویٰ کو سامنے رکھیں اور نوجوان لڑکے اور لڑکی کو شادی کی عمر کو پہنچنے کے بعدشادی میں زیادہ تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ شادی کے بعددونوں خاندانوں کو باہم پیار محبت کے سلوک میں اضافہ پر توجہ کرنی چاہیے۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔الحمد للہ

(رپورٹ : مبارک احمد بسرا۔ ریجنل مشنری بریڈفورڈ، یوکے)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button