از مرکز

یوکے سے خدام و اطفال پر مشتمل وفد کی قادیان کے مقامات مقدسہ کی زیارت اور نئی دہلی و آگرہ کے تاریخی مقامات کی سیر

اللہ تعالیٰ کا بے حد فضل و احسان ہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ برطانیہ کے ۱۳۳؍ اراکین پر مشتمل وفد کو اکتوبر ۲۰۲۳ء میں قادیان کے مقامات مقدسہ کی زیارت کرنے اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی مقدس بستی قادیان دارالامان میں وقت گزارتے ہوئے یہاں کے فیوض و برکات سے مستفیض ہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔ مذکورہ وفد کو قادیان کی زیارت کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی اور شہرآگرہ کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے کا بھی موقع ملا۔

یوکے کے خدام و اطفال پر مشتمل وفد قادیان کی زیارت کی غرض سے مورخہ ۲۲؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو نئی دہلی پہنچا۔ نئی دہلی کے جماعتی مشن ہاؤس مسجد بیت الہادی میں وفد کے اراکین کے لیے رہائش کا عمدہ انتظام کیا گیا تھا۔

مذکورہ وفد نے نئی دہلی کے تاریخی مقامات قطب مینار، مسجد قوت الاسلام، مقبرہ التمش، الائی مینار، ہمایوں کا مقبرہ وغیرہ کی سیر کرتے ہوئے ان مقامات کی تاریخ کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں جو ان کے علم میں اضافہ کا موجب بنیں۔ اسی طرح اس وفد نے نئی دہلی کے مشہور ’’لال قلعہ‘‘ کا بھی دورہ کیا۔ قلعہ کے مختلف تاریخی مقامات سے متعارف ہوتے ہوئے اس قلعہ کے مشہور پروگرام ’’لائٹ اینڈ ساؤنڈ‘‘ سے بھی استفادہ کیا۔ اس پروگرام میں ہندوستان میں مغلیہ سلطنت کے عروج و زوال کے حوالہ سے اہم تاریخی معلومات دلکش انداز میں بتائی جاتی ہیں۔

اگلے روز اس وفد کو آگرہ شہر جانے کا موقع ملا جہاں پر دنیا کے عجائب میں شمار ہونے والے ’’تاج محل‘‘ کا دورہ کیا اور اس خوبصورت اور تاریخی عمارت کی تاریخ سے بھی وفد کو آگاہ کیا گیا۔

مورخہ ۲۴؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو یوکے کے خدام و اطفال کا یہ وفد قادیان دارالامان پہنچا جہاں سرائے وسیم میں ان کا استقبال کیا گیا۔ قادیان میں اس وفد کے قیام و طعام کا مکمل انتظام سرائے وسیم میں ہی کیا گیا۔ قادیان میں زیارت مقامات مقدسہ کی غرض سے اس وفد نے سب سے پہلے دار المسیح کی زیارت کی جہاں انہیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے کمرہ پیدائش اور مکان، کنواں، کمرہ پیدائش حضرت مصلح موعودؓ، حضرت مرزا شریف احمد صاحبؓ، حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ نیز تبرکات حضرت مسیح موعودؑ اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ دکھائے گئے اورقادیان کے علمائے سلسلہ نے ساتھ کے ساتھ ان مقامات کی تاریخی اہمیت اور ان میں رونما ہونے والے نشانات اور ایمان افروز واقعات سے بھی وفد کو تفصیلی رنگ میں متعارف کروایا ۔ علاوہ ازیں سُرخی کے چھینٹوں والا کمرہ،بیت الفکر، دالان حضرت امّاں جانؓ،بیت الدعا، بیت الریاضت، گول کمرہ، مقدمہ دیوار والا حصہ، مکان حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ،قصرِ خلافت،مسجد اقصیٰ،گلشن احمد وغیرہ جملہ تاریخی و مقدس مقامات کی زیارت کروائی گئی اور ان مقامات کی تاریخ سے بھی خدام و اطفال کو آگاہ کیا گیا۔

اسی روز تعلیم الاسلام سکول،مسجدنور،تعلیم الاسلام کالج،کوٹھی دارالسلام اور وہاں واقع النور نمائش،امن عالم نمائش اور مسجد مسرور کا بھی دورہ کروایا گیا۔ اس موقع پرمسجد مبار ک میں مکرم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان اور مکرم قائمقام ایڈیشنل ناظر اعلیٰ صاحب جنوبی ہند قادیان کے ہمراہ خصوصی نشست کا اہتما م کیا گیا جس میں مکرم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان اس وفد سے مخاطب ہوئے۔

اگلے روز زیارت مقامات مقدسہ کے تحت اس وفد کو مکان حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ،نور الدین لائبریری، مخزن تصاویر، قرآن نمائش،جامعہ احمدیہ قادیان،مسجد انوار،روٹی پلانٹ اور فضل عمرپرنٹنگ پریس کا دورہ کروایا گیا۔ نیز اس روز مسجد مبار ک میں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کی زیر صدارت ایک خصوصی نشست کا اہتما م کیا گیا جس میں صدر صاحب نے اس وفد کو قیمتی نصائح کیں اور خدام و اطفال کے ساتھ Interactionبھی ہوا۔

اگلے روز اس وفد کو ’’ بہشتی مقبرہ ‘‘اورمزار مبارک سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور مزار مبارک حضرت خلیفة المسیح الاولؓ اور بہشتی مقبرہ میں واقع مکان حضرت اماں جانؓ، شاہ نشین،مقام ظہور قدرت ثانیہ کی زیارت کروائی گئی۔ چونکہ اس روز قادیان میں تمام ذیلی تنظیموں کے اجتماعات شروع ہو چکے تھے لہٰذا اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس وفد نے سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست میں شرکت کی اور اجتماع کے موقع پر قائم مختلف نمائش، سٹالز وغیرہ کا بھی دورہ کیا۔

اس وفد کو قادیان سے نئی دہلی واپسی کے موقع پر مورخہ ۲۸؍اکتوبر۲۰۲۳ء کو مکان چلہ کشی واقع ہوشیارپور نیز مکان دارالبیعت واقع لدھیانہ کی زیارت کی بھی توفیق ملی۔

یوکے کے خدام و اطفال پر مشتمل اس وفد نے قادیان دارالامان میں دعاؤں اور عبادتوں میں اپنے لیل و نہار گزارے اور یہاں کے روحانی ماحول سے بھی بھرپور رنگ میں استفادہ کیا جو یقیناً ان کے ایمان و اخلاص میں انہیں مزید تقویت اور مضبوطی بخشنے کا باعث رہا۔

مورخہ ۲۹؍ اکتوبر کو نئی دہلی سے اس خدام و اطفال کے وفد کی بخیر و عافیت یوکے مراجعت ہوئی۔ الحمد للہ

یوکے کے خدام و اطفال کا انڈیا کا یہ دورہ نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ اس سفرکے دور رس و نیک نتائج ظاہر فرمائے اور وفد کے جملہ اراکین کے لیے یہ سفر ہر لحاظ سے بابرکت اور روحانی و عبادتوں کے معیاروں کو بڑھانے والا ثابت ہو۔ آمین

(رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا۔ بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button