یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فِن لینڈ کی ہیلسنکی کتاب میلہ میں شرکت نیز قرآن کریم کے فنش ترجمہ کی تاریخی تقریبِ رونمائی

(طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…میلہ میں کُل ۸۸؍ ہزار افراد کی شرکت

٭…زائرین میں جماعتی کتب و لٹریچر کی مفت تقسیم اور تبلیغی عناوین پر گفتگو

الله تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فِن لینڈ کو ۲۶؍ تا ۲۹؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء فِن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی (Helsinki) کے سب سے بڑے بُک فیئر منعقدہ Messukeskusمیں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ فن لینڈکے اس سب سے بڑے کتابی میلہ میں اس سال تقریباً ۸۸؍ہزار افراد نے شرکت کی۔

سٹال کا افتتاح عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر نے دعا سے کیا جس کے بعد چار دن تک مختلف اوقات میں جماعت کے کئی احباب کو سٹال پر ڈیوٹیز دینے اور پیغام حق پہنچانے کی توفیق ملی۔ سٹال میں مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم رکھنے کی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ مختلف موضوعات پر مشتمل حضرت مسیح موعودؑ، خلفائے احمدیت اور جماعت کی انگریزی میں شائع کردہ کتب کو بھی بک سٹال پر رکھا گیا جن میں سے بعض مفت بھی تقسیم کی گئیں۔

بک سٹال پر آنےوالے زائرین کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی جن میں ہستی باری تعالیٰ، خلافت، دورِ حاضر میں اسلام اور دنیا کے موجودہ حالات شامل ہیں۔

قرآن کریم کے Finnishترجمہ کی تقریب رونمائی امسال اس سٹال کا سب سے بڑا اور تاریخی موقع قرآن کریم کے فنش زبان میں ترجمہ کو لانچ کرنا اوراس کی نمائش تھی۔ الحمدللہ آٹھ برس سےجاری اس مبارک پراجیکٹ کی تکمیل ہوئی اورہمیں یہ زائرین کو ہدیةً دینے کی توفیق ملی۔کئی فنش لوگوں نے اس میں خصوصی دلچسپی لی بلکہ ایک شخص خاص طورپر سینٹر سےباہر ATMسےپیسے نکلوانے دُور تک گیا اورپھر واپس آ کر بہت خوشی اور دلچسپی سے قرآن شریف لیا۔

فنش ترجمہ قرآن کی مختصر تاریخ

۲۰۱۵ء میں خاکسار کو پروفیسر Jaakko Hämeen-Antillaجو اب یونیورسٹی آف ایڈمبرا، سکاٹ لینڈ میں پروفیسر ہیں سے رابطہ کا موقع ملا اور جماعت کے تعارف کے بعد قرآن کریم کے ترجمے کے لیے ان کو خدمات کی درخواست کی جو انہوں نے قبول کر لی۔ اس کے بعد خاکسار نے ان سے نیشنل صدر صاحب کے ساتھ ملاقات کا وقت طے کیا اور پھر نیشنل صدر صاحب نے مرکز کی منظوری اور حضور انور کی راہنمائی میں ان سے کنٹریکٹ سائن کیا جس کے بعد بہت محنت سے موصوف پروفیسر صاحب کو قرآن کریم کے ترجمے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ترجمے کا کام مکمل ہونے کے بعد نظرثانی کے لیے طیب اقبال صاحب جو اس وقت سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت انجام دے رہے تھے کو ہیلسنکی یونیورسٹی کے اسلامک تھیولوجی کے لیکچرر Ilkka Lindstedt صاحب سےرابطہ کرنے کا موقع ملا جنہوں نے پھر اس ترجمے کی نظرثانی کا کام سرانجام دیا۔

نظر ثانی کےبعد مصوّر احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ فن لینڈ اور عمیر احمد شاہد نیشنل سیکرٹری اشاعت کو مرکز اور بہت سے رضاکاران کےساتھ مل کر فائنل ریویو اور سیٹنگ کی خدمت کی توفیق ملی جس کے بعد’باسم بکس‘کے ذریعہ اس ترجمہ قرآن کو شائع کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ

تقریب رونمائی سے پہلے مختلف حلقہ احباب کو اور میڈیا کو اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی نیز کچھ تعداد میں خاص بروشرز چھپوا کر جن میں تقریب کا وقت اور سٹال نمبر موجود تھا زائرین میں تقسیم کیے گئے۔ لانچ کی تقریب کا افتتاح قرآن کریم کی تلاوت و فنش زبان میں ترجمے سے ہوا۔ تمام کارروائی کو سپیکرز پر بلند آواز سے لوگوں تک پہنچانے کا بندوبست کیا گیاتھا۔

اس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ نےجماعت کا تعارف پہلے فنش اور پھر انگریزی زبان میں نیز قرآن کریم کے فنش زبان کے ترجمہ کا مقصد و مختصر تاریخ بیان کی۔ بعدازاں حاضرین کو مربی سلسلہ فن لینڈ سے مختلف سوالات کرنے کا موقع دیا گیا جس دوران مربی صاحب نے قرآن شریف کے فنش زبان میں ترجمہ کو شائع کرنے کی اہمیت واضح کی۔ اس کے بعد مربی صاحب نے اس پراجیکٹ سے وابستہ تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور یہ تقریب اختتام کو پہنچی۔

الله تعا لیٰ کے فضل سے بُک فیئر پر لگایا جانے والا سٹال جماعتی تعارف اور تبلیغ کا ایک بڑا ذریعہ بنا اور بہت کامیاب رہا۔ دعا ہے کہ الله تعالیٰ اس بُک فیئر کے نیک نتائج ظاہر فرمائے اور سعید روحوں کو سلسلہ عالیہ احمدیہ میں شامل ہونے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button