گنی بساؤ میں مبلغین اور معلمین کا دس روزہ ریفریشر کورس
خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساوٴ کو ملکی سطح پر مبلغین ومعلمین کا دس روزہ ریفریشر کورس مورخہ یکم تا ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۳ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ
اس پروگرام کو منعقد کرنے کا بنیادی مقصد نظام جماعت اور اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم کو معلمین اورعلاقہ کے ائمہ کوذہن نشین کروانا ہے تا وہ خود بھی اس پر عمل کریں اور اپنے علاقوں کے افراد جماعت کی احسن رنگ میں تربیت کر سکیں۔الحمدللہ پروگرام میں ملک بھر سے مبلغین، معلمین،قرآنی ٹیچر اور غیر از جماعت اماموں سمیت ۱۴۰؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں کی بدولت پروگرام ہر لحاظ سے بابرکت رہا۔ اس پروگرام کے آخری دن آٹھ غیراز جماعت اماموں نے بیعت کا اعلان کر کے اسلام احمدیت میں شمولیت اختیار کی۔ الحمد للہ
ریفریشر کورس کا آغاز روزانہ نماز تہجد سے کیا جاتا جس کے بعد نماز فجر کی ادائیگی اور پھر تفسیر کبیر سے درس دیا جاتا رہا۔ اس کے بعد شاملین کو ناشتہ پیش کیا جاتا اور نو بجے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہو جاتا۔ پہلی کلاس ترتیل القرآن و قواعد القرآن کے حوالے سے ہوتی۔ اس کے بعد فقہ احمدیہ پڑھائی جاتی اور پھر وقفے کے بعد کلام کی کلاس کا آغاز ہو جاتا۔ بعد ازاں حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا تعارف پیش کیا جاتا اور پھر آخری کلاس نظام جماعت سے آگاہی کے متعلق ہوتی۔ تمام کلاسز کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہوتا تھا۔ نماز ظہر اور دوپہر کےکھانے کے بعد عصر تک آرام کا وقت دیا جاتا تھا۔ نماز عصر اور مجوزہ عناوین پر درس کے بعدکھیل اور سیر کا وقت دیا جاتا۔ نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد درس ہوتا۔ اور پھر اس کے بعد ایک گھنٹہ مجلس سوال و جواب منعقد کی جاتی رہی جس میں شاملین کی طرف سے کیے جانے والے سوالوں کے جوابات دیے جاتے رہے۔
روزانہ احباب جماعت کوایم ٹی اے کے کچھ پروگرامز دکھانے کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ ان دنوں میں تمام احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے برطانیہ کے خدام اور انصار کے اجتماعات سے براہ راست خطاب بھی سنے۔پروگرام کے آخری دن شاملین نے ایمان افروز واقعات سنائے جس نے تمام حاضرین میں ایمان و ایقان کی ایک نئی روح پھونک دی۔
اختتامی تقریب میں مکرم محمد احسن میمن صاحب مشنری انچارج نے جماعت میں آٹھ نئے شامل ہونے والے اماموں کو جماعت میں شامل ہونے کے بعد عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔اس کے علاوہ تمام مشنریز کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات سننے اور جماعتوں کومزید فعال بنانے کی طرف توجہ دلائی۔ اس بات کو بھی یقینی بنانے کی طرف توجہ دلائی کہ جن علاقوں میں ایم ٹی اے کی سہولت نہیں وہاں بھی پیارے آقا کی تمام ہدایات کو لازمی پہنچایا جائے۔
اللہ تعالیٰ سب شاملین کو بہترین جزا عطا فرمائے اور خلافت کا حقیقی سلطان نصیر بنائے اور اسلام احمدیت کا حقیقی پیغام صحیح رنگ میں پھیلانے والے بن جائیں۔ آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)