برکینا فاسو سے ایک وفد کی جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۳ء میں شرکت اور خوشگوار یادیں
امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے درج ذیل افراد پر مشتمل ایک وفد نے برکینا فاسو سے جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۳ء میں شرکت کی توفیق پائی:
٭… مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب۔ امیر جماعت برکینا فاسو
٭… پروفیسر ڈاکٹر جیالو ژاں صاحب۔ آئی سپیشلسٹ
٭… ودراگو سلف صاحب۔ سابق وزیر زراعت
٭… رانا فاروق احمد صاحب۔ مبلغ سلسلہ ڈوری
٭… جیالو عبد الرحمٰن صاحب۔ چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ برکینا فاسو
٭… خاکسار۔ پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینا فاسو
یہ وفد جلسہ سے دو دن پہلے برطانیہ پہنچ گیا اور جلسہ کے پروگرامز میں بھر پور شرکت کی توفیق پائی۔ دونوں مہمان پہلی بار جلسہ میں شامل ہوئے تھے اور جلسہ کے انتظامات، احمدیوں کے اخلاص و وفا، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے احمدیوں کی محبت اور تعلق ، کام کرتے رضاکاروں اور نظم و ضبط سے بہت متاثر ہوئے۔پروفیسر جیالو صاحب نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں خود بھی ان رضا کاروں کے ساتھ شامل ہوکر جلسہ کی ڈیوٹی کروں۔
سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۴؍ اگست ۲۰۲۳ء میں جلسہ کے مہمانوں کے تاثرات کا ذکر کرتے ہوئے سب سے پہلے پروفیسر ڈاکٹر جیالوژاں(Djialo Jean) صاحب کے تاثرات بیان فرمائے۔ ملاحظہ فرمائیں خطبہ جمعہ نمبر شمارہ ۲۵؍ اگست ۲۰۲۳ء۔
جلسہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت وفدکو ملاقات کا شرف عطا فرمایا۔ ا س ملاقات میں برکینا فاسو کے حالات اور وہاں جاری منصوبوں کے متعلق گفتگو فرمائی اور ملکی حالات اور سب کی سلامتی کے لیے دعا دی۔ ملاقات کے آخر پر گروپ فوٹو ہوا۔
ملاقات کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر جیالو ژاں صاحب نے کہا: ’’حضور کی زندگی جماعت کے لوگوں کے ساتھ وابستہ ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے حضور آپ لوگوں کے لیے جیتے ہیں۔‘‘
جلسہ کے بعد معزز مہمانوں کو اسلام آباد، مسجد فضل لندن اور یورپ کی سب سے بڑی مسجد بیت الفتوح کا دورہ بھی کروایا گیا۔اسی طرح دنیا بھر کے متفرق ممالک سے آنے والے وفود سے مل کر بہت خوشی اور مسرت کا اظہارکیا۔ نئے تعلقات بنے، عزت و احترام کی فضا میں نئی دوستیاں قائم ہوئیں۔
برکینا فاسو کی جلسہ برطانیہ میں ورچوئل شرکت
اس سال بہت سارے ممالک آن لائن جلسہ میں براہ راست شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فا سوگذشتہ تین سالوں سے جلسہ میں آن لائن شرکت کرنے کی توفیق پارہا ہے۔ امسال آن لائن شمولیت کے لیے واگادوگو کی مرکزی مسجد بیت المہدی میں انتظام کیا گیا تھا جہاں سے جلسہ لے تین روز براہ راست شرکت ہوتی ہے۔ اس طرح مشن میں جلسہ کا ماحول بنا رہا۔علاوہ ازیں مقامی ٹی وی پر بھی تینوں روزجلسہ کے پروگرام براہ راست نشر کیے گئے۔
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)