یورپ (رپورٹس)

ویسٹر والڈ جرمنی میں چیریٹی واک

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جرمنی کے دو اہم شہروں فرینکفرٹ اور بون(Bonn) کے درمیان بہنے والے دریائے رائن(Rhein) کے دونوں طرف جگہ جگہ خوبصورت پُر کشش وادیاں انسان کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ ان وادیوں میں آباد خوبصورت گاؤں انتہائی دل کش اور اپنی مثال آپ ہیں۔شہر کوبلنز کے قریب مشہور موٹر وے A3کے دائیں طرف واقع وادی کو ویسٹروالڈ کے نام سے پکارا جاتا ہے جہاں جماعت کا قیام Bad Marienberg کے نام سے عمل میں آیا۔ اس چھوٹی جماعت کو اللہ تعالیٰ نے ۲۰۲۱ء میں ایک چرچ کی عمارت کو خرید کر مسجد کا قیام عمل میں لانے کی توفیق دی جس کا نام بیت القدوس ہے۔

امسال ۲۴؍ ستمبر کو مجلس انصار اللہ مقامی نے یہاں چیریٹی واک کا اہتمام کیا جس میں Westerwald, Koblenz , Neuwied میں رہنے والے شہریوں نے شرکت کی۔یہ چیریٹی واک کے انعقاد کا پہلا موقع تھا۔ جس کے لیے تین سے چھ کلو میٹر کا ٹریک مخصوص کیا گیا تھا علاقہ سے پچاس لوگوں نے اس چیریٹی واک میں شرکت کی۔ آغاز میں Uklah Maza صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی ، خواجہ مدبر احمد نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور چیریٹی واک کے اغراض و مقاصد بتائے۔ خواجہ مظفر احمد صاحب نے شہر کے میئر مارکوس ہوف سے فیتہ کاٹ کر چیریٹی واک کا افتتاح کرنے کی درخواست کی۔ میئر مارکوس نے افتتاح سے قبل جماعت احمدیہ کی سماجی مساعی پر مختصر اظہار خیال کیا۔

چیریٹی واک میں لوگوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ راستہ میں شاملین کی خدمت کے لیے خدام اور انصار ڈیوٹی پر موجود تھے۔ اختتام پر سب شرکاء اور حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ چیریٹی واک سے ساڑھے چار ہزار یورو کی آمدنی ہوئی جو درج ذیل علاقائی سماجی تنظیموں کے حوالے کر دی گئی: ویسٹرن برگ میں خواتین کے مرکز کو ایک ہزار یورو دیے گئے۔ بچوں کے کینسر علاج کی تنظیمیں Gieleroth اور Gemeinde Stahlhofen شامل ہیں۔ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کو بھی ۷۰۰؍ یورو کا چیک دیا گیا۔

یہ چیریٹی واک Westerwald کے علاقہ میں جماعت احمدیہ کو متعارف کروانے کا ایک اچھا ذریعہ ثابت ہوئی۔ علاقہ کے تین اخبارات میں تصاویر کے ساتھ چیریٹی واک کی خبریں شائع ہوئیں۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button