یورپ (رپورٹس)

اوپن ہاؤس مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن ڈنمارک

(محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کوپن ہیگن ڈنمارک کو مورخہ ۱۲؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو شام پانچ بجے مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن میں اوپن ڈے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو مسجد اور جماعت سے متعارف کروانا تھا۔ اس پروگرام کی خبر دو ہفتے قبل مقامی اخبار میں شائع کروائی گئی۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر اس پروگرام کی خبر کو پوسٹ کیا گیااور کئی لوگوں نے اس میں شامل ہونے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور ڈینش ترجمہ سے ہوا جس کے بعد محترم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مسجد اور جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف کروایا اور اس پروگرام کا مقصد بتایا۔ آپ نے بتایا کہ اسلام اس بات کا درس دیتا ہے کہ ہم تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کریں اور ان سے محبت کریں۔ ہمارا تو ماٹو ہی یہ ہے کہ ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘۔

بعد ازاں محترم عماد الدین ملک صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ جماعت احمدیہ ڈنمارک نے قدرے تفصیل سے مسجد اور جماعت کی خدمات اور ڈنمارک میں اسلام کی آمد اور مسجد کے قیام کی تاریخ کے بارہ میں بتایا جس کے بعد لوگوں کو سوالات کا موقع دیا گیا۔ یہ پروگرام ایک گھنٹہ تک جاری رہا جس کے بعد تمام احباب کے لیے ناصر ہال میں کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

الحمدللہ تمام احباب نے اس پروگرام کو سراہا۔ اس پروگرام میں ۴۷؍ ڈینش احباب نے شرکت کی جس میں سکول اور چرچ سے تعلق رکھنے والے احباب بھی تھے۔ اس پروگرام میں مسجد کے قریب رہنے والی ایک خاتون بھی شامل ہوئیں جنہوں نے مسجد کو تعمیر ہوتے دیکھا لیکن باوجود اتنا قریب رہنے کے پہلی بار مسجد کو اندر سے دیکھنے کے لیے تشریف لائیں اور بڑی خوشی کا اظہار کیا۔ اسی طرح ایک ہمسایہ جنہوں نے حال ہی میں مسجد کے قریب مکان خریدا ہے اپنی فیملی کے ساتھ اس پروگرام میں شریک ہوئے اور مسجد میں ہونے والی تقریبات کے بارہ میں سوال کیا۔

الحمد للہ یہ پروگرام تبلیغ کا ایک اہم ذریعہ ہے اور معاشرہ میں مختلف مذاہب اور سوچ رکھنے والے احباب کو مسلمانوں سے ملنے اوراسلام کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے اس پروگرام کے لیے انتظامات کیے۔آمین

(رپورٹ: اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button