دورہ جرمنی اگست؍ ستمبر ۲۰۲۳ء

سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ جرمنی (۸؍ ستمبر ۲۳ء بروز جمعۃ المبارک)

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

٭… مسجد بیت السبوح، فرینکفرٹ میں نماز جمعہ

٭… ۴۰؍فیملیز کے ۱۴۹؍افراد کی ملاقاتیں

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے صبح پانچ بج کر پچاس منٹ پر تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دفتری امور کی انجام دہی میں مصروفیت رہی۔

مسجد بیت السبوح، فرینکفرٹ میں نماز جمعہ

آج جمعۃ المبارک کا دن تھا، نماز جمعہ کی ادائیگی کا انتظام بیت السبوح میں ہی کیا گیا تھا۔ محدود جگہ کے پیش نظر انتظامیہ کی طرف سے فرینکفرٹ اور اردگرد کی قریبی جماعتوں کو بیت السبوح آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

دوپہر دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے تشریف لا کر خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔

[حضور انور کا یہ خطبہ جمعہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل کے ۲۹؍ستمبر ۲۰۲۳ء کے شمارہ میں شائع ہو چکا ہے۔]

خطبہ جمعہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز جمعہ کے ساتھ نماز عصر جمع کر کے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق چھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنے دفتر تشریف لائے اور ملاقاتیں شروع ہوئیں۔

آج شام کے اس سیشن میں ۴۰؍فیملیز کے ۱۴۹؍افراد نے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔

ملاقات کرنے والی یہ فیملیز جرمنی کی درج ذیل ۱۸؍ جماعتوں سے آئی تھیں:

Nürnberg, Esslingen, Eppelheim, Rüsselsheim, Köln, Raunheim, Berlin, Jesteburg, Hamburg, Recklinghausen, Dortmund, Marburg, Koblenz, Schönau, Mainz, Hanau, Wabern, Usingen, Ludwigshafen

بعض احباب اور فیملیز بڑے لمبے سفر طے کر کے آئی تھیں۔

Jesteburg سے آنے والے ۴۶۲؍کلومیٹر، ہمبرگ سے آنےوالے ۵۰۰؍ کلومیٹر اور برلن (Berlin) سے آنے والے احباب اور فیملز ۵۵۰؍ کلومیٹر کے طویل سفر طے کرکے پہنچی تھیں۔

علاوہ ازیں آج ملاقات کرنے والوں میں درج ذیل مختلف ممالک سے آنے والے احباب اور فیملیز بھی شامل تھیں۔

غانا، بینن، Sao Tome، مالی(Mali)، آسٹریلیا، قزاقستان، تاجکستان، ابوظہبی، پاکستان، ایران، ملائیشیا، سیرالیون، گیمبیا اور تنزانیہ۔

آج ملاقات کرنے والوں میں سے ہر ایک نے اپنے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضور انور نے ازراہ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

ملاقات کرنے والے سبھی احباب اور فیملیز نے جہاں اپنے پیارے آقا سے شرف ملاقات پایا وہاں ہر ایک ان بابرکت اور مبارک لمحات سے بے انتہا برکتیں سمیٹے ہوئے باہر آیا۔ بیماروں نے اپنی صحتیابی کے لیے دعائیں حاصل کیں۔مختلف پریشانیوں، تکلیفوں اور مسائل میں گھرے ہوئے لوگوں نے اپنی تکالیف دُور ہونے کے لیے دعا کی درخواستیں کیں اور تسکین قلب پاکر مسکراتے ہوئے چہروں کے ساتھ باہر نکلے۔ طلبہ اور طالبات نے اپنی تعلیم اور امتحانات میں کامیابی کے حصول کے لیے اپنے پیارے آقا سے دعائیں حاصل کیں۔ غرض ہر ایک نے اپنے محبوب آقا کی دعائوں سے حصّہ پایا۔ راحت و سکون اور اطمینان قلب حاصل ہوا۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام آٹھ بج کر چالیس منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں ۹بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے تشریف لا کر نماز مغر ب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضو ر انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button