کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے ہرا دیا

کرکٹ ورلڈ کپ
میچ نمبر24: بدھ 25 اکتوبر2023ء
آسٹریلیا بمقابلہ نیدرلینڈز
بمقام: دہلی (Delhi)

دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے خلاف گلین میکسویل (Glenn Maxwell) نے ورلڈ کپ میں تیز ترین سینچری بنانےکا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ڈیوڈ وارنر(David Warner) نے لگاتاردوسری سینچری بنائی اورآسٹریلیا نے309رنزکے بڑے فرق سے کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں رنز کے اعتبارسے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔
بیٹنگ کے لئے نہایت سازگاراورسپاٹ pitchپرآسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلےبلے بازی کی اور نیدرلینڈز کے خلاف مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر399رنز کا پہاڑکھڑا کردیا۔ جواب میں ڈچ ٹیم محض 90رنز پرڈھیرہوگئی۔

اس میچ میں آسٹریلوی اوپنرمچل مارش جلد آؤٹ ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنرنے اسٹیون سمتھ (Steven Smith)کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 132رنز بنائے۔Smithنے 71رنز بنائے دوسری طرف Warnerنے ایک بارپھر شاندار سینچری مکمل کی،وہ93گیندوں پر104رنز بناکرآؤٹ ہوئے جس میں 11چوکے اور3چھکے شامل تھے۔چوتھے نمبرپر بلے بازی کرنے والے مارنس لیبوشین (Marnus Labuschagne)نے 47بالز پر62 رنز کی اننگز کھیلی۔چالیس اوورز کے اختتام پر آسٹریلیا کا سکور5وکٹوں کے نقصان پر268رنز تھا۔

اس وقت بیٹنگ کرنے آئے گلین میکسویل اور انہوں نےدھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے چوکوں چھکوں کی برسات کردی۔27گیندوں پر نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد اگلی 13بالز پر میکسویل 100کے ہندسہ کو عبورکرنے میں کامیاب ہوئے اور یوں 40گیندوں پر ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین سینچری بناڈالی۔قبل ازیں اسی میدان پر سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم نے 49گیندوں پر تیز ترین سینچری کا ریکارڈبنایا تھا۔

نیدرلینڈز کی طرف سے کامیاب ترین گیند بازLogan van Beekرہےجنہوں نے 74دے کرچارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔Bas de Leedeنے 115 رنزکے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

399رنز کے جواب میں ڈچ بیٹنگ بری طرح ناکام رہی ۔اورپوری ٹیم 21اوورز میں صرف 90کے مجموعی سکورپرآؤٹ ہوگئی

اوپنرVikramjit Singhنے سب سے زیادہ 25رنز بنائے۔آسٹریلیا کی طرف سے مسلسل تیسرے میچ میں لیگ اسپنرAdam Zampaنے چارکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ابھی تکZampaتیرہ وکٹوں کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین باؤلر ہیں۔مچل مارش نے دو جبکہ سٹارک ،ہیلزوُڈ اور کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

آسٹریلوی ٹیم ابتدائی دومیچز ہارنے کے بعدلگاتارتین کامیابیاں سمیٹ چکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔اس میچ میں بڑے مارجن سے فتح کی بدولت آسٹریلیا کا نیٹ رن ریٹ بھی بہت بہتر ہوگیا ہے۔

آسٹریلیا کا اگلا اہم مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ 27اکتوبرکو دھرم شالا میں ہوگا جبکہ اسی روز نیدرلینڈز کا میچ بنگلہ دیش کے ساتھ کولکتہ (Kolkata)میں کھیلا جائے گا۔

خلاصہ:
آسٹریلیا 8 وکٹوں پر399 رنز،50اوورز
گلین میکسویل 106،ڈیوڈوارنر104،لیبوشین 62
لوگن فان بیک 74/4،باس ڈی لیڈے 115/2
نیدرلینڈز 21اوورز میں 90رنز بنا کرآل آؤٹ
وکرم جیت سنگھ25،
ایڈم زمپا8/4،مچل مارش 19/2

آسٹریلیا نے 309رنزسے کامیابی حاصل کی۔گلین میکسویل(Gleen Maxwell) میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

اہم اعداد و شمار و ریکارڈز

• 40گیندوں پر گلین میکسویل کی سینچری ورلڈ کپ میچز میں تیز ترین جبکہ ایک روزہ مقابلوں میں چوتھی تیز ترین سینچری ہے۔ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے AB de Villiers کے پاس ہے جنہوں نے 2015ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جوہانسبرگ میں 31گیندوں پر یہ سنگ میل عبورکیا تھا۔

• ڈیوڈوارنر نےورلڈ کپ مقابلوں میں اپنی چھٹی سینچری سکورکی۔وہ آسٹریلیا کی طرف سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بلےبازبن گئے۔رکی پونٹنگ نے پانچ سینچریاں بنائی تھیں۔

• نیدرلینڈزکے خلاف 399رنز کا مجموعی سکور آسٹریلیا کا ورلڈکپ مقابلوں میں دوسرابڑا مجموعہ ہے۔2015ء میں آسٹریلوی ٹیم نے افغانستان کے خلاف 417رنز بنائے تھے۔

• ڈچ گیندباز باس ڈی لیڈے نے 10اوورز میں 115رنز دئیے اور یوں ایک روزہ میچز کی تاریخ میں مہنگے ترین باؤلر بن گئے۔

• 309رنز کے فرق سے آسٹریلیا کی کامیابی ورلڈ کپ میں سب سے بڑی فتح ہے ،جبکہ رنز کے لحاظ سے ون ڈے کرکٹ میں یہ دوسری بڑی جیت ہے۔اسی برس بھارت نے سری لنکا کو 317رنز سے شکست دی تھی۔

• دہلی کےمیدان میں اس ورلڈ کپ کے چار میچوں میں اب تک چھ سینچریاں بن چکی ہیں۔2019ء کے ورلڈ کپ میں مانچسٹر میں چھ سینچریاں بنی تھیں۔جوکہ ایک ورلڈ کپ میں کسی گراؤنڈپر سب سے زیادہ سینچریوں کا ریکارڈ ہے۔

• نیدرلینڈز کےخلاف کامیابی کے ساتھ آسٹریلیاون ڈے کرکٹ میں مجموعی طورپر600میچز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔بھارت 552کامیابیوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان 510 فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button