کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء میں نیوزیلینڈ کی لگاتار چوتھی فتح

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء

میچ نمبر16: بدھ18 اکتوبر2023ء

نیوزیلینڈ بمقابلہ افغانستان

بمقام: چینئی(Chennai)

18اکتوبر کو چینئی میں کھیلا گیا کہ ورلڈ کپ 2023ء کا سولھواں مقابلہ نیوزیلینڈ کے نام رہا۔کیوی ٹیم نے افغانستان کے خلاف149رنز کے فرق سے اس ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتارچوتھی کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔گزشتہ میچ میں تاریخی فتح کے بعد افغانستان کی ٹیم اس میچ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔

افغان کیپٹن حشمت اللہ شاہدی (Hashmatullah Shahidi) نے ٹاس جیت کا باؤلنگ کا فیصلہ کیا ۔تو نیوزی لینڈ نے محتاط آغاز کیا۔30کے سکورپرDevon Conway مجیب الرحمان کی گیند پر20رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں 79رنز کا اضافہ ہوا جس کے بعد9گیندوں پرکیوی ٹیم نے تین وکٹیں گنوادیں تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ افغانستان ایک بار پھر ایک بڑی ٹیم کو مشکلات سے دوچار کرنے لگا ہے۔Will Young نے تین چھکوں اور چارچوکوں کی مدد سے 54رنز بنائے،Rachin Ravindra نے 32جبکہ Daryl Mitchell صرف ایک رن بناکرآؤٹ ہوگئے۔

چاروکٹیں گرنے کے بعد نیوزیلینڈ کے کیپٹن Tom Latham اورGlenn Philipsنے نہایت ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کیا اور 144رنز کی بڑی ساجھے داری کے ساتھ ٹیم کا سکور254تک پہنچا دیا۔Latham اور Phillips نے بالترتیب 68اور71 رنز کی بہترین بلے بازی کی ۔ان دونوں بلے بازوں کو فاسٹ باؤلرنوین الحق(Naveen-ul-Haq)نے 48ویں اوور میں آؤٹ کیا۔آخر میں Mark Chapmanنے 12گیندوں پر 25رنز بنا کر اپنی ٹیم کا مجموعی سکور6وکٹوں کے نقصان پر288تک پہنچا دیا۔نیوزیلینڈ نے آخری 5اوورز میں 62 جبکہ آخری دس اوورز میں 100سے زائد رنز سکور کئے جس کی وجہ سے میچ افغان ٹیم کی دسترس سے باہر ہوتا گیا۔

افغانستان باؤلرزنے مجموعی طورپر بہترگیندبازی کی لیکن ان کے فیلڈرز ساتھ نہ دے سکے۔انہوں نے متعدد کیچز ڈراپ کئے جس کا فائدہ نیوزی لینڈ نے بھرپورطریق پراٹھایا۔

افغانستان کی طرف سے نوین الحق اور عظمت اللہ عمرزئی نے دو،دو جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

289کے مشکل ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔اور کوئی بھی بلے باز نصف سینچری بھی نہ بنا سکا۔چوتھی وکٹ کی شراکت میں 54رنز بنے جن میں رحمت شاہ کے 36اور عظمت اللہ کے 27رنز شامل تھی۔ان دونوں بلے بازوں نے کیوی باؤلنگ کے سامنے کچھ حد تک کچھ مزاحمت دکھائی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعدافغانستان کی پوری ٹیم 34.4اوورز میں 139رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

نیوزیلینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن (Lockie Ferguson) نے 19رنزکے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مچل سینٹنر(Mitchell Santner) نے بھی تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ (Trent Boult)دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

نیوزیلینڈ کے بلےباز Glenn Phillipsکو4چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے 80گیندوں پر71رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔

نیوزیلینڈ کا پانچواں میچ 22اکتوبر کو میزبان انڈین ٹیم کے ساتھ دھرم شالا میں ہوگا۔جبکہ افغانستان اپنے اگلے مقابلہ میں 23اکتوبرکو چینئی میں پاکستان کا سامنا کرے گا۔

مختصراسکور: نیوزیلینڈ50 اوورز میں 288/6رنز

گلین فلپس 71،ٹام لیتھم 68،وِل ینگ54

 نوین الحق2/48،عظمت اللہ عمرزئی 2/56

 افغانستان34.4 اوورز میں 139/10رنز

رحمت شاہ 36،عظمت اللہ27

لوکی فرگوسن3/19،مچل سینٹنر3/39

اہم اعداد و شمار و ریکارڈز

  • نیوزیلینڈ اس ورلڈ کپ میں اپنے چاروں میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبرپرآگیا۔
  • بائیں ہاتھ کے کیوی اسپن گیندبازمچل سینٹنرٹورنامنٹ میں11 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے 100وکٹیں لینے والے دوسرے اسپن باؤلر بن گئے۔جبکہ مایہ ناز کھلاڑی ڈینیئل ویٹوری(Daniel Vettori)۳۰۵وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
  • ورلڈ کپ میچز میں رنز کے اعتبار سے نیوزی لینڈ کی یہ دوسری بڑی فتح ہے۔1975ء کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے ایسٹ افریقہ کے خلاف 181رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
  • ورلڈ کپ مقابلوں میں 139افغانستان کا دوسرا کم ترین سکور ہے۔2019ء میں افغان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 125رنز بنا سکی تھی۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button