یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کے زیر اہتمام دوسرا یورپین ریفریشر کورس برائےصدران و ممبران مجالس عاملہ

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ کے زیر اہتمام دوسرا یورپین ریفریشر کورس برائے صدران و ممبران مجالس عاملہ اپنی تمام تراسلامی و جماعتی روایات کے ساتھ مورخہ ۱۹ و ۲۰؍اگست ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ و اتوار نور ہال ویگولٹینگن میں منعقد ہوا جس میں ۱۳ ممالک کے ۵۶ افراد اور دیگر زائرین شامل ہوئے۔

کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح دس بج کر چالیس منٹ پر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد مکرم مبشر احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا نے اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد مکرم ملک عارف محمود صاحب صدر مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ نے انصاراللہ کا عہد دہرایا۔ بعد ازاں محترم صدر صاحب نے مہمانوں سے استقبالیہ تقریرکی جس میں سب کو خوش آمدید کہا اور دعائیہ کلمات کہتے ہوئے مرکزی نمائندہ خصوصی مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) کو خطاب کی دعوت دی۔ چنانچہ آپ نے ریفریشر کورس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انصار کو ہدایات دیں۔ خصوصاً حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۸؍اگست ۲۰۲۳ء کی طرف متوجہ کرتے ہوئے جائزہ لینے کے بعد تاکید کی کہ تمام عہدیداران اس خطبہ کو کم از کم تین بار سنیں۔ محترم نمائندہ خصوصی صاحب کورس کے دوران بھی گاہے بگاہے خلافتِ احمدیہ اور خلیفۂ وقت سے محبت اور وفا کی وابستگی اور اس سے راہنمائی لینے کے فوائد پر مبنی ایمان افروز اور روح پرور واقعات بیان کرتے رہے۔

اس کے بعد صدران اور عاملہ ممبران کا تعارف ہوا۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال یورپ سے بارہ مجالس کے علاوہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی اجازت سے محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ آسٹریلیا نے بھی شرکت کی۔

تعارف کے بعد صدران مجلس انصار اللہ نے مختلف شعبوں میں اپنی اپنی کارکردگی پر مبنی رپورٹس ویڈیوز اور فوٹوسلائیڈز کی مدد سے پیش کیں۔ خاص طور پر تعلیم، تربیت، تبلیغ اور ایثار کے حوالے سے اپنی مساعی کا ذکر کرتے ہوئے مزید بہتری کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اسی طرح میدان عمل میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔

اس دوران مختلف شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اہم ہدایات پر مشتمل ویڈیو کلپس ٹی وی پر دکھائے گئے جس کا حاضرین پرگہرا اثر ہوا۔

اتوار کے روز مہمانوں کو تاریخی مسجد محمود زیورخ اور یورپ کی سب سے بڑی آبشاررائن فال کی سیر کروائی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور شاملین کو بہت کچھ سیکھنے کوملا جس کا اظہار انہوں نے ریفریشر کورس کے دوران اور اس کے بعد بھی تمام صدران نے واپس جا کر اپنے ممالک سے میزبان ملک سوئٹزرلینڈ کے صدر صاحب مجلس انصاراللہ کے نام اپنے خطوط میں کیا۔

(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button