افریقہ (رپورٹس)

سالانہ نیشنل تربیتی کلاس و اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو ’’مہدی آباد‘‘ میں مورخہ ۱۴ تا ۲۴؍اگست نیشنل تربیتی کلاس کے انعقاد کے ساتھ ۲۵ تا ۲۷؍اگست ۲۰۲۳ء اپنے ۱۹ویں سالانہ نیشنل اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے تربیتی کلاس میں کل ۴۵ خدام نے شرکت کی جبکہ اجتماع کی کل حاضری ۶۸۵رہی۔

نیشنل سالانہ تربیتی کلاس

مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے منعقدہ نیشنل تربیتی کلاس میں شاملین کو روزانہ کی بنیاد پر کئی مضامین پڑھائے گئے۔ تربیتی کلاس کے پروگرامز میں نماز تہجد و فجر کے بعد درس کا باقاعدگی سے اہتمام کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد صبح آٹھ بجے تربیتی کلاس کا آغاز کیا جاتا رہا جس دوران یسرنا القرآن، نماز، دجال کی حقیقت و صداقت حضرت مسیح موعودؑ جیسے مضامین دس بجے تک پڑھائے جاتے رہے۔ کچھ وقفے کے بعد نظام جماعت، فقہ، موازنہ مذاہب، صداقت حضرت مسیح موعودؑ از بائبل، وفات مسیح نیز ختم نبوت کے موضاعات پر شاملین کو آگاہی فراہم کی جاتی رہی۔ نماز ظہر اور طعام کے بعد نماز عصر تک شاملین جماعتی لائبریری میں جا کر مستفیض ہوتے رہے۔ نماز عصر کے بعد جسمانی صحت کی اہمیت کے پیش نظر فٹبال کھیلنے کا انتظام موجود تھا۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے ساتھ ہی درس اور نماز عشاء کے بعد طعام اور بعد ازاں سوال و جواب کے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ یہ سلسلہ مورخہ ۲۳؍اگست تک جاری رہا۔ جبکہ ۲۴؍اگست کو تمام شاملین نے تحریری امتحان دیا جس کے نتائج کا اجتماع کے مقابلہ جات کے نتائج کے ساتھ اعلان کیا گیا۔ جس کے تحت امسال پہلی پوزیشن مکرم دامبیا سالف (Damiba Salif) صاحب نے جبکہ دوسری پوزیشن بالترتیب دو خدام مکرم کاماگاتے آدم (Kamagate Adama) صاحب اور مکرم تراؤرے صالح(Traoré soualio) صاحب نے جبکہ تیسری پوزیشن مکرم جابی عثمان (Diaby Ousmane) صاحب نے حاصل کی۔ تربیتی کلاس میں بطور استاد مکرم رافع تبسم احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن نڈوسی نیز مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ ریجن دلوا نے فرائض انجام دیے۔ امسال تربیتی کلاس میں آئیوری کوسٹ کے ۱۳ ریجنز کے ۴۵ خدام نے شرکت کی۔

نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ

تربیتی کلاس کے انعقاد کے فوراً بعد مورخہ ۲۵تا ۲۷؍اگست ۲۰۲۳ء مجلس خدام الاحمدیہ کے ۱۹ویں سالانہ نیشنل اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔

تیسرا نیشنل اجتماع اطفال الاحمدیہ

مورخہ ۲۵؍اگست بروز جمعۃ المبارک صبح نو بجے مجلس اطفال الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کے تیسرے سالانہ نیشنل اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم، وعدہ اطفال الاحمدیہ اور نظم کے بعد مہتمم اطفال مکرم ساوےنے محمد صاحب نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ جس کے بعد پہلی تقریر ’’ایک احمدی طفل کی منفرد خصوصیات‘‘ کے عنوان سے کی گئی۔اور دوسری تقریر ’’آنحضرتﷺ کا بچوں سے حسن سلوک‘‘ کے عنوان سے کی گئی جس کے بعد اجتماع کی اختتامی تقریر مکرم جابی مصطفیٰ صاحب نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے کی جس میں اطفال الاحمدیہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف راہنمائی کی۔

اجتماع خدام الاحمدیہ کا پہلا دن

نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ کے پہلے دن کا باقاعدہ آغاز بروز جمعۃ المبارک نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ صبح چھ بجے سے ہی مختلف ریجنز کے مابین فٹبال کے مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا جس کے دوران مہمانان کو ناشتہ بھی فراہم کیا گیا۔

دوپہر بارہ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطبہ سنا۔ نماز جمعہ کے بعد طعام پیش کیا گیا۔

اجتماع خدام الاحمدیہ کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج نے لوائےخدام الاحمدیہ جبکہ نیشنل صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے آئیوری کوسٹ کا جھنڈا لہرایا۔ دعا کے بعد تلاوت قرآن کریم، فرنچ ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرم سانوگو علی (Sanogo Ali) صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے حاضرین اجتماع کو خوش آمدید کہا۔بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں خدام الاحمدیہ کو ان کی ذمہ داریاں اور فرائض کی یاددہانی کروائی۔

بعد ازاں پہلے اطفال الاحمدیہ کے اور پھر خدام الاحمدیہ کے علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد عشائیہ کا انتظام تھا۔ اس کے بعد خدام و اطفال کے بقیہ علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

اجتماع کا دوسرا دن

اجتماع کے دوسرے دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد کے ساتھ ہوا۔ نماز فجر اور درس کے فوراً بعداطفال الاحمدیہ کے ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا۔ ناشتے کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب کی صدارت میں صبح دس بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور عربی قصیدہ کے بعد مکرم سنگارے محمد صاحب مہتمم تعلیم نے بعنوان ’’اسلام اور حقوق کی حفاظت‘‘ تقریر کی۔ جس کے بعد مکرم یحییٰ جیارہ صاحب معلم سلسلہ نے کچھ نظمیں مقامی زبان میں پڑھیں۔بعدازاں مکرم امیر صاحب کی قیادت میں نیشنل عاملہ نیز مرکزی مبلغین سلسلہ نے خدام الاحمدیہ کی جانب سے لگائی گئی نمائش دیکھی جس میں قرآن کریم کے مختلف تراجم، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب اور مختلف فرانسیسی تراجم میں جماعتی کتب رکھی گئی تھیں۔ جبکہ ساتھ ہی خدام الاحمدیہ کی سالانہ کارگزاری کی مختلف تصاویر بھی سکرین کے ذریعے دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس دوران مدعو کیے گئے صحافی نے مہمانان کے انٹرویو بھی کیے۔ بعدازاں فوٹوسیشن ہوا۔ ساتھ ساتھ دیگر علمی و ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ نماز ظہر تک جاری رہا۔نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد دوبارہ مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔اس دوران صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی ہدایت پر شام چار بجے نیشنل عاملہ خدام الاحمدیہ، سنٹرل مبلغین کرام نیز ریجنل قائدین کی میٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس کے بعد اطفال الاحمدیہ کے ساتھ مربی اطفال مکرم کونے داؤد صاحب نے میٹنگ بھی کی۔نماز مغرب و عشاء وعشائیہ کے بعد مقابلہ جات کا سلسلہ رات دس بجے تک جاری رہا۔

اجتماع کا تیسرا دن

نیشنل اجتماع کے تیسرے دن کا باقاعدہ آغاز حسب روایت باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد بقیہ مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ ساڑھے سات بجے مشنریز کرام اور نیشنل عاملہ کے مابین فٹبال میچ کا انعقاد ہوا جسے ایک دلچسپ مقابلہ کے بعد مشنریز کی ٹیم نے ایک کے مقابلہ میں دو گول سے جیت لیا۔ جس کے بعد فٹبال کے علاقائی فائنل مقابلہ کا اہتمام ہوا۔اس مقابلہ کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا۔

نیشنل اجتماع کی اختتامی تقریب کا انعقاد بروز اتوار صبح ساڑھے دس بجے مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مہمانان کرام نے اظہار خیال کیا۔ جن میں گھانا سے آنے والے دو نمائندگان، برکینافاسو سے آنے والے تین نمائندگان اور خدام الاحمدیہ کے گذشتہ تین صدران شامل ہیں۔ گھانا سے آئے مہمانان نے صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کی جانب سے بھجوایا گیا خیر سگالی پیغام پڑھا نیز صدرصاحب مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کو یادگاری تحفہ بھی پیش کیا۔ مکرم سلا اسماعیل (Sylla Ismail) صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام الاحمدیہ کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ جس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

امسال علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں اول و دوم آنے والے اطفال و خدام کو انعامی سند نیز میڈلز سے نوازا گیا۔ حسن کارکردگی کی بنیاد پر علاقہ بواکے(Bouaké) علم انعامی کا حقدار ٹھہرا۔ جبکہ دوسری پوزیشن علاقہ گراں لاؤ(Grand Lahou) اور تیسری علاقہ سینفرا(Sinfar) نے حاصل کی۔

تمام معزز مہمانان نے باری باری آکر جیتنے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب تقسیم انعامات کےبعد نیشنل صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے تقریر کی جس میں انتظامیہ اور تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا نیز اسی دوران اعلان کیا کہ خدام الاحمدیہ انشاءاللہ آئیوری کوسٹ میں خدام کے چندہ سے ایک مسجد کی تعمیر کرے گی۔بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا سے قبل علاقہ بواکے کو علم انعامی سے نوازا ۔ دعا کے ساتھ ہی انیسویں سالانہ اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ جس کے بعد تمام شاملین اجتماع کے ساتھ مہمانان کرام کی گروپ فوٹو بنائی گئی۔اور نماز ظہر و عصر کے بعد کھانا فراہم کیا گیا جس کے بعد تمام شاملین اپنے اپنے مقامات کی جانب واپس روانہ ہوئے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال اجتماع کی کل حاضری ۶۸۵ افراد پر مشتمل رہی۔ جس میں خدام الاحمدیہ کی تعداد ۴۳۸؍ اور اطفال الاحمدیہ ۱۷۲ جبکہ مہمانان کی تعداد ۷۵تھی۔ اجتماع کی کوریج بذریعہ سوشل میڈیا کی جاتی رہی۔ جبکہ ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ نے اجتماع کی ریکارڈنگ بھی کی۔ اجتماع کی خبر آن لائن اخبار AIP نیز پرنٹ اخبار soirinfoمیں اگلے ہی روز شائع ہوئی۔

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button