حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… ایران میں پولیس حراست میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر ہلاک ہونے والی خاتون مہسا امینی کی پہلی برسی پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے جبکہ مظاہروں کو روکنے کیلئے مہسا امینی کے والد کو بھی کچھ گھنٹوں کیلئے حراست میں رکھا گیا۔ مہسا امینی کی گزشتہ برس پولیس کی حراست میں ہلاکت کے خلاف ایران چار ماہ تک احتجاجی مظاہرے جاری رہے تھے۔ ان مظاہروں میں ستر بچوں سمیت پانچ صد سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ہزاروں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

٭… لیبیا میں متاثرینِ سیلاب کے لیے نوے ٹن امدادی سامان لے کر پہلا سعودی طیارہ پہنچ گیا۔ سعودی طیارہ امدادی سامان لے کر جدہ سے روانہ ہوا جس میں کھانے پینے کی چیزوں سمیت خیمے، مختلف قسم کے طبی آلات اور دیگر اشیاء موجود ہیں۔ امدادی سامان لیبیا میں متاثرینِ سیلاب میں تقسیم کیا جائے گا۔ دوسری جانب لیبیا میں خوفناک سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

٭… بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی مارکیٹ میں آتشزدگی سے سینکڑوں دُکانیں جل گئیں۔ ڈھاکا کی مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ علی الصبح دُکانیں کُھلنے سے قبل پیش آیا، کوکنگ آئل اور پلاسٹک جیسی اشیا کی بڑی مقدار کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ فوجی دستوں اور فائر فائٹرز نے چھ گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا، دُکانیں بند ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر سروس کے اہلکار کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ یاد رہے کہ اپریل میں بھی ڈھاکا کے شاپنگ مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں کئی فائر فائٹرز زخمی اور پانچ ہزار سے زائد دُکانیں جل گئی تھی۔

٭… افغانستان میں بین الاقوامی این جی او کے اٹھارہ ارکان کو اپنے مذہب کا پرچار کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ارکان میں امریکی خاتون بھی شامل ہے۔ کارکنوں کو صوبے غور سے گرفتار کرکے کابل لے جایا گیا ہے۔ بین الاقوامی معاونت مشن (آئی اے ایم) نے افغان صوبے غور میں ارکان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عملے کے ارکان کو حراست میں لینے کی وجہ سے بھی آگاہ نہیں کیا گیا، عملے کی حفاظت، جلد رہائی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز این جی او کی کچھ عرصے سے نگرانی کر رہی تھیں۔ دستاویزات، آڈیوز سے لوگوں کو دوسرے مذہب میں شمولیت کی دعوت کے شواہد ملے ہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button