یورپ (رپورٹس)

نمائش تاریخ مسجد فضل لندن زیر انتظام جماعت احمدیہ حلقہ مسجد فضل و شعبہ تاریخ احمدیت (یوکے)

خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت مسجد فضل لندن کو جلسہ سالانہ یوکے کے مبارک ایام میں محمود ہال میںایک شاندار تصویری نمائش منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

مسجد فضل لندن کو لندن شہر اور یورپ کی پہلی مسجد ہونے کا اعزاز حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ یہ انفرادیت بھی حاصل ہے کہ اس تاریخی مسجد میں :

٭… چار خلفائے احمدیت نے قدم رنجا فرمایا اور نمازیں ادا کیں۔

٭… خلافت احمدیہ کے چوتھے مظہر حضرت مرزا طاہر احمد صاحبؒ نے اپنی خلافت کے ۱۹ سال اسی مسجد میں واقع رہائش گاہ میں گزارے۔

٭… خلافت خامسہ کا انتخاب اسی مسجد میں ہوا اور خدا تعالیٰ نے جماعت احمدیہ عالمگیر کو قدرتِ ثانیہ کے پانچویں مظہر حضرت مرزا مسرور احمدایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صورت میں ایک بطلِ جلیل عطا فرمایا۔

٭… مسجد فضل لندن کے احاطہ میں واقع عمارت ۳۵ سال تک (۱۹۸۴ء تا۲۰۱۹ء) قصر خلافت کی صورت میں خلافت کے پروانوں کےلیے شمعِ روشن بنی رہی اور محض خدا تعالیٰ کے خاص فضل کے ساتھ جماعت احمدیہ دن دوگنی اور رات چوگنی ترقیات کی منازل طے کرتی ہوئی آگے بڑھتی رہی۔

٭… ۱۹۲۴ء تا حال دنیا بھر کے جید احمدی علماء، سیاسی و مذہبی شخصیات اس مسجد کے احاطہ میں تشریف لائیں جن میں قائد اعظم محمد علی جناح، شاہ فیصل، پرنس ایڈورڈ، ڈاکٹر عبد السلام اور سر محمدظفر اللہ خان صاحبؓ جیسی کئی شخصیات شامل ہیں۔

٭… برٹش گورنمنٹ کی جانب سے اِس مسجد کو Listed عمارات میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوچکا ہے۔

مندرجہ بالا باتوں کے پیش نظر اس مسجد کی اہمیت اب اور بھی بڑھ گئی ہے اسی لیے اِمسال جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۳ء کے موقع پر مکرم امیر صاحب یوکے نے خاکسار کے ذمہ یہ امر کیا اور کہاکہ مسجد فضل کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اِس سال جلسہ سالانہ یوکے پر آنے والے مہمانوں کی ایک بڑی تعداد جلسہ سے پہلے اور بعد میں اس مسجد کا وزٹ کرے گی لہذا ہمیں ایک ایسی نمائش کا اہتمام کرنا چاہیے جس کو دیکھ کر اس مسجد کی تاریخ کے بارہ میں پتا چل سکے۔ اس کے لیے شعبہ تاریخ یوکے سے تصاویر کے حصول کےلیے رابطہ کی ہدایت ہوئی۔

امیر صاحب کی ہدایت پر اور مکرم نصیر دین صاحب نائب امیر و نائب افسر جلسہ سالانہ کی زیرِ سرپرستی راحیل احمد صاحب مربی سلسلہ شعبہ تاریخ سے میٹنگ کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ تصویری نمائش محمود ہال میں لگائی جائے جس کے لیے ۱۵ سے ۲۰ تصاویر مختصر تعارف کے ساتھ پرنٹ کروائی جائیں۔

مکرم امیر صاحب یوکے کی منظوری کے بعد راحیل صاحب نے انتہائی خوبصورت ڈیزائننگ اور ہر تصویر کے تعارف کے ساتھ ۱۶ عدد تصاویر مکرم مرزا ندیم احمد صاحب کے تعاون سے پرنٹ کروائیں۔

محترمہ فرینہ قریشی صاحبہ ریجنل صدر لجنہ اماءاللہ (لندن ریجن) نے نمائش کے لیے پردے کا میٹیریل اور رنگ تجویز کیا اور ہمارے ایک خادم مکرم شاہد شفیق صاحب آف Mosque South جماعت نے بلا معاوضہ یہ کام کرنے کی پیش کش کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث یہ کام بروقت پورا ہوگیا۔

افتتاح

اس تصویری نمائش کا افتتاح مورخہ یکم اگست بروز منگل بعد از نماز عصر مکرم امیر صاحب یوکے نے فیتا کاٹ کر دعا سے کیا۔ اس موقع پر مسجد فضل کے تمام داخلی دروازوں پر اردو اور انگریزی زبانوں میں اشتہار چسپاںکیے گئے تھے۔ محمود ہال کو بہت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ محمود ہال کی اندرونی دیوار کو تین حصوں میں تقسیم کر کے نیلے رنگ کے تین خوبصورت پردے لگائے گئے تھے جنہیں گولڈن اور سلور رنگ کی Tie Back کے ساتھ مرصع کیا گیا تھا۔

مکرم امیر صاحب نے اس نمائش کا جائزہ لینے کے بعد تمام حاضرین کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائیں ۔

اس کے بعد سے آج تک لوگوں کی کثیر تعداد نے اس نمائش کو دیکھا اور سراہا اور خدا کے فضل سے اس تصویری نمائش کی کامیاب نمائش جاری ہے۔

(رپورٹ : رانا عرفان شہزاد صدر جماعت مسجد فضل لندن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button