خلاصہ خطبہ جمعہ

محترمہ سیدہ امۃ القدوس صاحبہ بنت حضرت میر محمد اسماعیل صاحبؓ ، اہلیہ صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کا ذکرِ خیراور نمازِ جنازہ غائب: خلاصہ خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۵؍ستمبر ۲۰۲۳ء

محترمہ سیدہ امۃ القدوس صاحبہ بنت حضرت میر محمد اسماعیل صاحبؓ ، اہلیہ صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کا ذکرِ خیراور نمازِ جنازہ غائب

٭… خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جن کی صرف نیک یادیں ہوتی ہیں، جو نافع الناس ہوتے ہیں، جو دین کو دنیا پر مقدم کرنے اور اللہ تعالیٰ کے حکموں پر عمل کرنے کا عملی نمونہ ہوتے ہیں۔ وہ لوگ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کا حق ادا کرنے اور خلافت احمدیہ سے حقیقی وفا کرنے والے ہوتے ہیں

٭… آپ ایک اچھی بیوی تھیں، مشکل حالات میں ساتھ دینے والی تھیں۔ کبھی کوئی مطالبہ نہ کرتیں۔ جو بھی گزارا ملتا خوشی سے اسی میں گزارا کرتیں۔ صفائی پسند، اور بڑی سلیقہ شعار خاتون تھیں۔ جب مرزا وسیم احمد صاحب اعتکاف بیٹھتے تو ان کے ساتھ غریب معتکفین کو بھی کھانا بھجواتیں

٭… کسی درویش کی بیٹی کی شادی ہوتی تو آپ اپنا زیور اسے پہننے کے لیے دے آتیں کہ جب تک دل کرے اسے پہنو، پھر کسی دوسری بچی کی شادی ہوتی تو زیور اسے دے دیا جاتا

٭… خلافت سے آپ کا بڑا اخلاص کا تعلق تھا۔ عاجزی اور کامل وفا کا جس طرح انہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ سے اظہار کیا تھا وہ تعلق جاری رہا اور مجھ سے بھی وہی تعلق قائم رہا

٭… صاحبزادي امة القدوس صاحبہ نے قاديان جاکر جماعت کي خواتين کو اکٹھا کرنے اور ان سے ہمدردياں کرنے ميں بڑا اہم کردار ادا کيا

٭… تقسيمِ ہند کے بعد رتن باغ لاہور اور پھر ربوہ کے کچّے گھروں ميں حضرت اماں جان رضي اللہ عنہا کو قرآن کريم اور ملفوظات سنانے کي توفيق ملتي رہي

٭… لوگ اپني امانتيں آپ کے پاس رکھواتے اور آپ بڑي ديانت داري سے سب امانتوں کا خيال رکھتيں، آپ کی خدماتِ سلسلہ کا عرصہ ۴۶ سال بنتا ہے

٭… مکرم محمد ارشد احمدی صاحب (یوکے) اور مکرم احمد جمال صاحب (امریکہ) کی وفات پر ان کا ذکر خیراور نمازِ جنازہ

خلاصہ خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ ۱۵؍ستمبر ۲۰۲۳ء بمطابق ۱۵؍ تبوک ۱۴۰۲ ہجری شمسی بمقام مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ(سرے)،یوکے

اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۱۵؍ستمبر۲۰۲۳ء کومسجد مبارک، اسلام آباد،ٹلفورڈ، يوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو مسلم ٹيلي وژن احمديہ کے توسّط سے پوري دنيا ميں نشرکيا گيا خطبہ جمعہ سے قبل جمعہ کي اذان دينےکي سعادت منور ناصر صاحب کے حصے ميں آئي۔

تشہد،تعوذاور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کا قانون ہے کہ جو انسان بھی اس دنیا میں آیا اس نے ایک وقت گزار کر اس دنیا سے رخصت ہوجانا ہے۔ لیکن

خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جن کی صرف نیک یادیں ہوتی ہیں، جو نافع الناس ہوتے ہیں، جو دین کو دنیا پر مقدم کرنے اوراللہ تعالیٰ کے حکموں پر عمل کرنے کا عملی نمونہ ہوتے ہیں۔

وہ لوگ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کا حق ادا کرنے اور خلافت احمدیہ سے حقیقی وفا کرنے والے ہوتے ہیں۔ وہ جو حقوق العباد کی ادائیگی کی حتیٰ المقدور کوشش کرنے والے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کوشاں رہنے والے ہوتے ہیں۔ جن کے لیے ہر زبان سے صرف تعریفی کلمات نکلتے ہیں اور یوں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق ان پر جنت واجب ہوجاتی ہے۔

اس وقت میں ایسے ہی ایک وجود کا ذکر کرنے لگا ہوں، یہ ذکر ہے مکرمہ امۃ القدوس صاحبہ کا جوحضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحب کی بیٹی اور صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کی اہلیہ تھیں۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی بہو تھیں۔ یہ رہتی تو قادیان میں تھیں، لیکن گذشتہ دنوں اپنی بیٹیوں کے پاس ربوہ آئی ہوئی تھیں جہاں ۹۶ سال کی عمر میں ان کی وفات ہوئی۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱/۹ حصے کی موصیہ تھیں۔

۱۹۵۱ءکے جلسہ سالانہ کے موقعے پر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے آپ کا نکاح صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کے ساتھ پڑھایا تھا۔ رخصتانے کے وقت حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ اپنے بیٹے کی بجائے، لڑکی والوں کی طرف سے شامل ہوئے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے مرحومہ کو تین بیٹیوں اور ایک بیٹے سے نوازا تھا۔ ایک بیٹی امۃ العلیم صاحبہ اس وقت صدر لجنہ پاکستان ہیں، جو مکرم منصور احمد خان صاحب وکیل اعلیٰ تحریک جدید کی اہلیہ ہیں۔ دوسری بیٹی امۃ الکریم صاحبہ کیپٹن ماجد صاحب کی اہلیہ ہیں۔ تیسری بیٹی امۃ الرؤوف صاحبہ ڈاکٹر ابراہیم منیب صاحب کی اہلیہ ہیں۔ مرزا کلیم احمد ان کے بیٹے ہیں جو امریکہ میں رہتے ہیں۔

صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب جب اپنی شادی کے وقت پاکستان آئے ہوئے تھے اور ابھی ان کی شادی کو چند دن ہی ہوئے تھے اور آپ اپنی اہلیہ کو قادیان ساتھ لے کر جانے کے لیے کاغذات تیار کروا رہے تھے۔ایسے میں جیسا کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے تو ان دنوں بھی ایسا ہی کھچاؤ پیدا ہوگیا ایسے میں

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے انہیں فرمایا کہ بیوی کے کاغذات تو بنتے رہیں گے تم اسے چھوڑو اور فوری طور پر قادیان واپس چلے جاؤ کیونکہ وہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خاندان کا کوئی فرد ہونا چاہیے۔

فرمایا فوری طور پر جہاز میں سیٹ بُک کرواؤ اور اگر جہاز نہیں ملتا تو بھی تمہارا جانا ضروری ہے خواہ جہاز چارٹر ہی کیوں نہ کروانا پڑے۔ فرمایا اگر تم نے اپنا نمونہ پیش نہ کیا اور قربانی نہ دی تو لوگ کس طرح قربانی دیں گے۔

جہاں یہ قربانی صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کی تھی، وہیں امۃ القدوس صاحبہ کی بھی قربانی تھی۔ یہ پتا نہیں تھا کہ کب کاغذات مکمل ہوں گے، حالات کشیدہ تھے، اس سب کے باوجود خلیفہ وقت کا حکم تھا اس لیے بڑی خوشی سے اپنے خاوند کو رخصت کیا اور دین کو دنیا پر مقدم کیا۔

مکرمہ امۃ القدوس صاحبہ کے کاغذات مکمل ہونے میں تقریباً ایک سال لگا اور جب آپ قادیان جانے لگیں تو آپ فرماتی ہیں کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے مجھے ہدایت کی کہ امِ ناصر کے مکان میں رہنا جہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے کثرت سے قدم پڑے ہیں اور ان کے صحن میں حضور نے درس بھی دیا ہوا ہے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے آپ کو یہ بھی نصیحت فرمائی کہ لجنہ کی جماعتوں کو اکٹھا کرنا ہے۔ چنانچہ صاحبزادی امۃ القدوس صاحبہ نے قادیان جاکر جماعت کی خواتین کو اکٹھا کرنے اور ان سے ہمدردیاں کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔

آپ جاتے ہی جنرل سیکرٹری قادیان بنیں، پھر ۱۹۵۵ء میں صدر لجنہ مقامی اور پھر صدر لجنہ اماء اللہ بھارت بنیں۔ ۱۹۹۹ء تک آپ اس خدمت پر مامور رہیں۔ آپ کی ان خدمات کا عرصہ ۴۶ سال بنتا ہے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے لندن پہنچنے کے بعد پہلے خطبہ جمعہ میں یورپ میں اشاعتِ اسلام کے دو مراکز قائم کرنے کے لیے مالی قربانی کی تحریک کا اعلان فرمایا تو مکرمہ امۃ القدوس صاحبہ جو صدر لجنہ بھارت تھیں، آپ کی سربراہی میں لجنہ بھارت نے بڑھ چڑھ کر قربانی کی توفیق حاصل کی۔ آپ نے خود بھی اپنا سارا زیور اس تحریک میں پیش کردیا۔

۱۹۹۱ء میں جب حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ قادیان تشریف لے گئے تو اس موقعے پر آپ رحمہ اللہ نے لجنہ قادیان کی مالی قربانیوں کا بڑے دلکش انداز میں ذکر فرمایا۔ امۃ القدوس صاحبہ نے قرآن کریم کی بڑی خدمت کی۔ قادیان کی ۲۵۰ بچیوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ بھارت میں جن بچیوں نے ایف اے وغیرہ کیا ہوتا وہ تین تین ماہ کے لیے قادیان آکر رہتیں اور آپ انہیں ترجمہ قرآن پڑھاتیں۔ آپ نے لجنہ کو بڑی محنت سے منظم کیا۔ مہمان نوازی کا بڑا غیر معمولی وصف تھا۔ آپ کی بیٹی کہتی ہیں کہ آپ نے ہمارے ابا کا بڑا ساتھ دیا۔ بڑے غریبانہ حالات تھے، دوپہر میں صرف مونگ کی دال ہوتی تھی، ابا نے دودھ دہی کے لیے ایک بھینس رکھی ہوئی تھی، کوئی مہمان آتا تو جو کچھ میسر ہوتا آپ بلا تکلف پیش کردیتیں۔

آپ ایک اچھی بیوی تھیں، مشکل حالات میں ساتھ دینے والی تھیں۔ کبھی کوئی مطالبہ نہ کرتیں۔ جو بھی گزارا ملتا خوشی سے اسی میں گزارا کرتیں۔ صفائی پسند، اور بڑی سلیقہ شعار خاتون تھیں۔ جب مرزا وسیم احمد صاحب اعتکاف بیٹھتے تو ان کے ساتھ غریب معتکفین کو بھی کھانا بھجواتیں۔

آخری عمر میں آپ کی بینائی ختم ہوگئی تھی اور آلے کے ساتھ بڑی مشکل سے شنوائی ممکن ہوتی تھی لیکن اس کے باوجود بڑی خوشی سے زندگی بسر کی۔ جب حال پوچھا جاتا ہمیشہ الحمدللّٰہ کہا کرتیں۔ لوگوں کی خوشی میں اورغم کے مواقع پر باوجود بیماری کے ہمیشہ شامل ہوا کرتیں۔ قادیان کی بچیوں کو سلائی سکھاتیں۔ آپ نے قادیان میں سب کے ساتھ مل جل کر رہنے کا ایک کلچر پیدا کردیا تھا۔

۲۰۰۵ء میں ربوہ میں لجنہ نے سرائے مسرور کی عمارت کی تعمیر کی تو آپ نے اپنے خاوند کی طرف سے ایک لاکھ روپے کی رقم پیش کی۔ تقسیمِ ہند کے بعد رتن باغ لاہور اور پھر ربوہ کے کچّے گھروں میں حضرت اماں جان رضی اللہ عنہا کو قرآن کریم اور ملفوظات سنانے کی توفیق ملتی رہی۔

جب صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کی وفات ہوگئی اور مکرم انعام غوری صاحب ناظرِ اعلیٰ بنے تو ان کی بڑی کامل اطاعت کی۔ ہر کام کے لیےمعین طریق سے درخواست دیا کرتیں۔ آپ نے اپنا حصہ جائیداد اور وصیت کا چندہ اپنی زندگی میں ادا کردیا تھا اسی طرح تحریک جدید کے دفتر اول میں شامل تھیں۔

اپنے بچوں کو نماز اوّل وقت میں ادا کرنے کی نصیحت فرماتیں۔ بہت سی بچیوں کو آپ نے پالا۔ ان کی بہترین تربیت کی اور پھر ان کی شادیاں کروائیں۔ زمانہ درویشی میں جبکہ مالی حالات بہت کمزور تھے

کسی درویش کی بیٹی کی شادی ہوتی تو آپ اپنا زیور اسے پہننے کے لیے دے آتیں کہ جب تک دل کرے اسے پہنو، پھر کسی دوسری بچی کی شادی ہوتی تو زیور اسے دے دیا جاتا۔

اس طرح بہت سی بچیوں نے آپ کے زیور سے استفادہ کیا۔ لوگ اپنی امانتیں آپ کے پاس رکھواتے اور آپ بڑی دیانت داری سے سب امانتوں کا خیال رکھتیں۔ بہت سی بچیوں کو سلیقہ شعاری سکھائی، ان کے جہیز تیار کیے، درویشوں کی بیوگان کو عیدی دینے خود جایا کرتیں۔

آپ کے سامنے کسی کے عالی شان گھر کے متعلق ذکر ہوا تو آپ نے کہا کہ مَیں نے اللہ تعالیٰ سے ایک بات کی ہے کہ تُو نے مجھے قادیان میں اس برکتوں والے گھر میں رہنے کا موقع دیا، میرے لیے یہ کافی ہے۔ ہاں! جنت میں میرے لیے ضرور ایک عالی شان گھر بنانا۔ تہجد کی نماز کا بہت اہتمام کیا کرتیں۔ جب تک روزے کی طاقت تھی روزے رکھتی تھیں۔ رمضان المبارک میں نمازوں کے لیے مسجد جایا کرتیں۔ خلافت سے بہت محبت تھی، خلیفہ وقت کو بڑی عقیدت سے خط لکھا کرتیں۔ خلیفہ وقت کی طرف سے خوشنودی کا اظہار ہوتا تو بڑی خوشی سے اس کا اظہار فرمایا کرتیں۔۱۹۹۱ءمیں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے دورے کے موقعے پر اپنے ہاتھوں سے کمرے اور گھر کو درست کیا۔ اسی طرح ۲۰۰۵ء میں جب مَیں نے دورہ کیا اس وقت بھی خود ہمارے کمرے کو سیٹ کروایا۔ بڑے اخلاص اور وفا کے ساتھ ہر کام کرنے والی تھیں۔

آپ کے بیٹے کہتے ہیں کہ زیادہ تر مہمان دارالمسیح میں قیام کیا کرتے تھے اور ہماری والدہ گیارہ بارہ سال کے بچوں کو خود ٹریننگ دیتیں کہ کس طرح کمروں میں مہمانوں کی ضروریات کا خیال رکھنا ہے۔ سرکاری عہدےداروں کی بیگمات کو بھی جماعت کا تعارف کروایا کرتی تھیں۔ غربا کا بڑا خیال رکھا کرتیں۔

صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کی وفات کے بعد دس سال قادیان میں رہیں۔ پھر جب طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی تو ان کی بچیاں انہیں ربوہ لے آئیں۔ ربوہ میں علاج ہوتا رہا لیکن اس کے باوجود یہی کہا کرتیں کہ مَیں نے خلیفہ وقت کی اجازت کے بغیر لمبا عرصہ قادیان سے باہر نہیں رہنا۔ اس لیے جب تک اجازت نہیں ملتی مَیں چند دن سے زیادہ نہیں رکوں گی۔ مجھے انہوں نے لکھا تھا تو مَیں نے یہی جواب دیا کہ آپ جتنا عرصہ رہنا چاہیں رہ سکتی ہیں۔

جامعہ احمدیہ کینیڈا میں پڑھنے والے ان کے نواسے نے نصیحت کرنے کو کہا تو اسے فرمایا کہ

نصیحت تو تم خلیفہ وقت کی طرف سے سن رہے ہو، نصیحت کرنے کی ضرورت نہیں ہے بس خلیفہ وقت کی باتوں کو غور سے سنو اور ان پر عمل کرو۔

پھر فرمایا کہ رب کلّ شئیٍ والی دعا پڑھتے رہا کرو۔ کہا کرتیں کہ اپنے وقف کو پوری طرح نبھانا اور خلیفہ وقت کا سلطانِ نصیر بن کر رہنا۔ بہت سے غیر مسلم بھی آپ کے جنازے میں شامل ہوئے۔ قادیان کے لوگ آپ سے اور آپ قادیان کے لوگوں سے بڑی محبت کرتی تھیں۔ قادیان کی عورتوں کے بڑے خطوط آئے ہیں جنہوں نے بڑی محبت سے آپ کا ذکر کیا ہے اسی طرح قادیان کے پرانے رہنے والوں کی مرد اولادوں نے بھی لکھا ہے کہ انہوں نے ہمیں ایک ماں کی طرح پالا۔

خلافت سے آپ کا بڑا اخلاص کا تعلق تھا۔ عاجزی اور کامل وفا کا جس طرح انہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ سے اظہار کیا تھا وہ تعلق جاری رہا اور مجھ سے بھی وہی تعلق قائم رہا

یہ ایک مثال ہے۔ یہاں بھی مجھے ملیں تو انتہائی ادب و احترام سے، ۲۰۰۵ء میں قادیان گیا تو فکر کے ساتھ مہمان نوازی کی۔ ہر ملاقات پہ بڑی خوشی کا اظہار کرتیں جو چہرے سے عیاں ہوتی تھی۔ ۲۰۰۵ء میں باوجود طبیعت کی خرابی کے قادیان سے واپسی کے سفر میں دہلی تک آئیں۔

اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کی اولاد کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

قادیان کے لوگوں کو انہوں نے جس محبت سے رکھا اللہ تعالیٰ انہیں یہ توفیق دے کہ وہ آپس میں بھی اسی محبت سے رہیں۔ اب قادیان میں خاندان حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا براہِ راست رشتے اور تعلق والا تو کوئی موجود نہیں ہے۔ اللہ کرے کہ ایسے حالات ہو جائیں کہ کوئی وہاں جاسکے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے۔

ایک جنازہ حاضر بھی ہے جو مکرم محمد ارشد احمدی صاحب یوکے کا ہے۔
آپ گذشتہ دنوں وفات پاگئے تھے۔

انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم موصی تھے۔ اہلیہ کے علاوہ لواحقین میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ مرحوم کا جماعت سے بڑا پختہ تعلق تھا۔ بیس سال سے زائد جماعت برطانیہ میں نیشنل سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت کا موقع ملا۔ بڑے علم دوست انسان تھے۔ مرحوم قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے، چندوں میں باقاعدہ، خوش گفتار، خلافت سے وفا کا تعلق رکھنے والے مخلص احمدی تھے۔ اللہ تعالیٰ ان سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے۔

ایک جنازہ غائب اور بھی ہے۔ جو مکرم احمد جمال صاحب افریقن امریکن کا ہے۔ آپ امریکہ میں رہتے تھے۔

مرحوم کی ۹۲ سال کی عمر میں گذشتہ دنوں وفات ہوئی ہے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ آپ نے ۱۹۵۱ء میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ بڑے عاجز اور مخلص احمدی تھے۔ خلافت اور نظام جماعت کے ساتھ بڑا وفا اور محبت کا تعلق تھا۔ چندوں اور مالی قربانیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے۔ ان کی ایک بیٹی ہے لیکن وہ جماعت سے منسلک نہیں ہے۔

اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کی دعائیں جو انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے کی ہیں انہیں قبول فرمائے اور وہ بھی احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button