حضور انور کا دورۂ جرمنی اگست، ستمبر ۲۰۲۳ء (پندرھواں روز، 10؍ ستمبر 2023ء بروز اتوار)
آج صبح انیق احمد شاہد صاحب نے ساڑھے پانچ بجے فجر کی اذان دی۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے پانچ بجکر پچاس منٹ پر نماز فجر پڑھائی۔ حضور انور کے واپس تشریف لے جانے کے بعد عزیز احمد گھمن صاحب مربی سلسلہ نے تفسیر کبیر میں سے درس دیا۔
آج اتوار کا دن انفرادی، اجتماعی اور گروپس ملاقات کے لئے مخصوص تھا۔ نماز ظہر تک حضور انور نے 15 فیملیز کو دفتر میں شرف ملاقات عطا کیا۔ جس کے بعد 161 مردوں اور 60 خواتین نے گروپس کی صورت میں حضور سے ملاقات کی۔
ہفتہ کے روز ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیل بروقت نہ مل سکی تھی۔ ہفتہ کی صبح حضور نے 38 فیملیز کے 139 افرادکے ساتھ نیز چار انفرادی ملاقاتیں کیں۔ آج کی ملاقات میں جرمنی کے 28 شہروں کے علاوہ بینن، مالی، برکینا فاسو اور پاکستان کے احباب و خواتین شامل تھے۔
نماز ظہر کی اذان سجیل احمد ملک صاحب مربی سلسلہ نے دی اور دو بجے حضور انور نمازوں کی ادائیگی کے بعد قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔
حضور ایدہ اللہ تعالی چھ بجے شام دفتر میں تشریف لائے تو ایک بار پھر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ شام سوا آٹھ بجے تک کل 134 افراد نے حضور سے شرف ملاقات حاصل کیا۔ ان میں 39 فیملیز کے علاوہ ایک گروپ ملاقات اور دو انفرادی ملاقاتیں شامل تھیں۔ ملاقاتوں سے فراغت کے بعد حضور انور مسجد میں تشریف لائے اور 18 نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ عبدالنور خواجہ صاحب مربی سلسلہ نے اذان دی اور نو بجے شب حضور انور نے باجماعت نمازیں پڑھائیں۔ بعد ازاں حضور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔