افریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ بینن کے دوسرے طالب علم کا ساڑھے تیرہ ماہ میں تکمیل حفظِ قرآن

(مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مکرم حافظ حلیم احمدصاحب(انچارج مدرسۃ الحفظ بینن) تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ۲۸ ؍جولائی ۲۰۲۳ء کومدرسۃ الحفظ بینن کے ایک اور متعلم عزیزم سیبو لطیف(Sebo Latif) ابن مکرم سیبو علیو (Sebo Aliou) صاحب نے تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کی ہے۔الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ سعادت عزیزم و سلسلہ کے لیے مبارک فرمائے اور بچے کے لیے آئندہ مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین

عزیزم سیبو لطیف ۱۴؍مارچ۲۰۰۶ء کو داسا (Dassa) ریجن میں پیدا ہوئے۔ پرائمری کا امتحان پاس کر کے اگست ۲۰۲۱ء میں مدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے،قاعدہ یسّرنا القرآن تجوید سے مکمل کرنے کے بعد ستمبر ۲۰۲۱ء میں باقاعدہ قرآن کریم حفظ کرنا شرو ع کیااور اکتوبر۲۰۲۲ء میں محض ساڑھےتیرہ ماہ کی قلیل مدت میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔بعد ازاں موصوف نے تین بار قرآن کریم کی دہرائی مکمل کی جس کے بعد۲۸؍جولائی۲۰۲۳ء کوخاکسار (انچارج مدرسۃ الحفظ) اور مکرم حافظ فضل اللہ (Hafiz Fadlullah) صاحب استاذ مدرسۃ الحفظ نے موصوف کا مکمل قرآن کریم کا امتحان لیا جسے عزیزم سیبو لطیف نے کامیابی سے پاس کیا۔ الحمد للہ۔اللہ تعالیٰ موصوف کو قرآن کریم کی روح کے مطابق اس کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

مدرسۃ الحفظ کے آغاز(۳؍اگست ۲۰۲۱ء ) سے اب تک اس ادارے سے دوطلبہ قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ مدرسۃ الحفظ کے قیام کے بعد سے یہ دوسرے طالب علم ہیں جنہوں نے قرآن کریم حفظ کرکےمدرسۃ الحفظ کاامتحان پاس کیا ہے۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد پندرہ ہے جن میں سے چودہ کا تعلق بینن اور ایک نائیجر سے ہے۔

احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ طلبہ کو تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کرنے، اسے ہمیشہ یاد رکھنےاور خلافت احمدیہ کے زیر سایہ دوسروں کو سکھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: مرزا فرحان احمد،نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button