یورپ (رپورٹس)

تعارف حفظ القرآن کلاس جرمنی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی میں جولائی ۲۰۱۷ء میں شعبہ تعلیم کےزیر انتظام حفظ القرآن کلاس کا آغاز ہوا اور جون ۲۰۲۰ء سے سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے تحت شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی جماعت جرمنی کے زیر انتظام یہ کلاس جاری ہے۔ حفظ القرآن کلاس جرمنی میں ہر سال نئے بچوں کے داخلے سے ایک نئی کلاس شروع ہو جاتی ہے۔ اس طرح امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے چھٹی کلاس حفظ کی شامل ہوئی۔ جرمنی میں بچے سکول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ شام کو حفظ کی آن لائن ویڈیو کلاسز بھی لیتے ہیں اور اس لحاظ سے کافی محنت کررہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کی توفیق میں اضافہ اور برکت عطا فرمائے۔ آمین

بہترین کارکردگی اور بچوں کی راہنمائی کے لیے انتظامیہ حفظ القرآن کلاس کا بھی ایک اہم کردار ہے۔اس سلسلہ میں ہر کلاس کا ایک انچارج مقرر ہے نیز نگران داخلہ جات، نگران امتحانات،نگران آئی ٹی، نگران اساتذہ، نگران ریکارڈ، نگران ترتیل القرآن اور دیگر شعبہ جات حفظ القرآن کلاس جرمنی میں خدمات کی توفیق پا رہے ہیں۔ ان شعبہ جات کی مجموعی نگرانی کی ذمہ داری انچارج و نائب انچارج حفظ القرآن کلاس کے سپرد ہے۔

حفظ القرآن کلاس جرمنی میں ۷۱؍ طلبہ ساٹھ اساتذہ کی زیرنگرانی قرآن حفظ کرنے کی توفیق پارہے ہیں۔ الحمدللہ۔ اساتذہ کرام کی اکثریت مربیان سلسلہ اور حفاظ کرام پر مشتمل ہے۔اسی طرح بچوں کی رہائش کے قریب ترین مقامی مربیان سلسلہ بھی مدد کر رہے ہیں۔

کلاس انچارج صاحبان کا مستقل رابطہ والدین اور بچوں سے رہتا ہے تاکہ بروقت راہنمائی کی جاسکے نیز والدین سے ماہانہ میٹنگز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیںدورانِ سال مختلف سیمینارز بھی منعقد کیے جاتے ہیں جن میں مربیان کرام کو والدین سے حفظ القرآن وتعلیم القرآن کے موضوع پر تقریر کی دعوت دی جاتی ہے۔ ان سیمینارز میں بچوں کی صحت و تندرستی کے لیے ڈاکٹر صاحبان بھی والدین کی راہنمائی کرتے ہیں۔

حفظ القرآن کلاس جرمنی سے تکمیل حفظ کرنے والے حفاظ

پہلا بچہ جس نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے حفظ القرآن کلاس جرمنی سے تکمیلِ حفظ کی توفیق پائی عزیزم محمد ذکی اللہ ضیاء ولد حافظ محمد ظفر اللہ صاحب ہے۔ عزیزم ۱۷؍ جولائی ۲۰۱۷ء کو بعمر نوسال سات ماہ حفظ کلاس میں داخل ہوا۔ اور ۶؍ مئی ۲۰۲۲ء بعمر ۱۴؍ سال پانچ ماہ حفظ مکمل کرنےکی توفیق پائی۔ کل عرصہ حفظ کا چارسال اور تقریباً دس ماہ ہے۔بارک اللہ لکم

دوسرا بچہ عزیزم محمد عثمان احمد ولد فاروق احمد عمر صاحب ۱۷؍ جولائی ۲۰۱۷ء بعمر آٹھ سال نو ماہ حفظ القرآن کلاس جرمنی میں داخل ہوا۔ اور تیرہ سال سات ماہ کی عمر میں ۱۸؍ جون ۲۰۲۲ء کو یعنی چار سال اور تقریباً گیارہ ماہ میں تکمیل حفظ القرآن کی توفیق پائی۔ بارک اللہ لکم

امسال ۲۰۲۳ء میں بھی الحمدللہ دو طلبہ عزیزم ساحل ادریس اور عزیزم تحسین محمود نے حفظ مکمل کرنے کی توفیق پائی۔

سالانہ امتحانات ۲۰۲۳ء

بچوں کے پراگریس اور حفظ کے معیار کے جائزہ کے لیے علاوہ دیگر اقدامات کے سالانہ امتحانات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

امسال حفظ القرآن کلاس جرمنی کے سالانہ امتحانات مورخہ ۳۱؍ جولائی تا ۴؍ اگست ۲۰۲۳ء جامعہ احمدیہ جرمنی میں منعقد کیے گئے۔

تیاری: ماہ اپریل میں نیشنل سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی حافظ قدرت اللہ صاحب سے امتحان کمیٹی کی منظوری لی گئی تاہم امتحانات کے لیے سافٹ ویئر، بچوں کے حفظ کردہ سیپاروں کا ریکارڈ وغیرہ کا کام فروری سے ہی جاری تھا۔ متعدد میٹنگز کمیٹی اور والدین کے ساتھ بھی تیاری اور پلاننگ کا اہم حصہ تھیں۔مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ جرمنی سے جامعہ کی عمارت میں امتحانات منعقد کرنے کی اجازت لینے کے بعد مختلف شعبہ جات میں مدد کے لیے لوکل امیر صاحب Riedstadt سے درخواست کی گئی۔ اس سلسلہ میں لوکل امارت Riedstadt کے احبابِ جماعت خصوصاً صدر صاحب حلقہ Godelau Nord اور ان کی ٹیم نے بہت محنت اور وقت کی قربانی سے مدد کی۔ جزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء

جامعہ احمدیہ میں ۴۸؍ طلبہ کے مجموعی طور پر۲۴۵؍ حفظ کردہ پاروں کا امتحان لیا گیا۔ بطور ممتحن ۱۸؍ مربیان و حفاظ کرام نے ان پاروں کا امتحان لیا جبکہ تقریباً ۷۸؍سے زائد سیپاروں کا بعد میں آن لائن یا بیت السبوح فرینکفرٹ میں امتحانات کا انتظام کیا گیا۔

اس طرح کل ۵۲؍ طلبہ کے مجموعی طور پر۳۲۳؍ حفظ کردہ سیپاروں کا ۱۸؍ ممتحنین نے امتحان لیا۔ ان امتحانات میں امتحانی کمیٹی کے گیارہ ممبران کے علاوہ تقریباً چھ معاونین نے مدد کی توفیق پائی۔

ماہ نومبر۲۰۲۳ء میں شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی جماعت جرمنی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں تکمیل حفظ کرنے والے طلبہ اور امتحانات میں اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اسناد اور انعامات دیے جائیں گے۔ ان شاء اللہ

(رپورٹ: لئیق احمد۔ انچارج حفظ القرآن کلاس جرمنی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button