حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سویڈن کی حکومت پبلک آرڈر ایکٹ میں ترمیم کے بارے میں غور کر رہی ہے جس کے تحت پولیس کو اس بات کا اختیار ہوگا کہ وہ قرآن پاک کی بےحرمتی کی اجازت نہ دے۔سویڈن نے ملک میں دہشت گردی کا دوسرا بڑا الرٹ جاری کیا ہے ، اس حوالے سے حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے توہینِ قرآن پاک کے واقعات کے بعد چند حملوں کو ناکام بنایا ہے، قرآن کی بےحرمتی کی وجہ سے شدت پسند عناصر مشتعل ہوکر حملے کرنا چاہتے تھے۔خیال رہے کہ سویڈن میں عوامی شخصیات یا مذاہب کی توہین کو اظہار رائے کی آزادی کے تحت قانونی حیثیت حاصل ہے لیکن اب حکومت انہیں تبدیل کر رہی ہے۔سویڈش وزیر انصاف گنر اسٹرومر کاکہنا ہے کہ وہ ایک کمیشن تشکیل دیں گے جو پولیس کو قرآن کی بےحرمتی روکنے جیسے معاملات کےلیے وسیع اختیارات دے گا۔پولیس کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ ایسے احتجاج کی اجازت نہ دے یا پھر اس کا مقام تبدیل کردے۔

٭… نائیجر میں سیکیورٹی خدشات پر صدر محمد بازوم کا تختہ الٹ کر حکومت پر قبضہ کرنے والے فوجی حکمران جنرل عبدالرحمان چیانی نے سرکاری ٹی وی سے اپنے خطاب میں تین سال میں اقتدار سویلینز کو منتقل کرنے کا وعدہ کر لیا تاہم انہوں نے اقتدار منتقلی کے حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا نہ ہی اقتدار منتقلی کی کوئی اور تفصیلات بتائیں۔جنرل چیانی نے مشرقی افریقی ریجنل بلاک کے مصالحت کاروں سے ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے تاہم کسی بیرونی مداخلت کی صورت میں اپنا دفاع کریں گے۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ نائیجر کی فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا تھا، بعد ازاں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے صدارتی گارڈز کے کمانڈر جنرل عبدالرحمان چیانی المعروف جنرل عمر چیانی نے خود کو سربراہ مملکت قرار دے دیا تھا۔

٭…سمندری طوفان ہیلری جنوبی کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا، جزیرہ نما میکسیکو میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔طوفان ٹکرانے کے بعد کئی علاقوں میں سڑکیں بہ گئیں، سکول بھی بند کر دیے گئے۔ طوفان کی وجہ سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔ طوفان ہلیری کے سبب گذشتہ روز امریکہ آنے جانے والی ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button