افریقہ (رپورٹس)

شیانگا ریجن تنزانیہ میں نئی مساجد ،مشن ہاؤسز اور پانی کے کنووں کے افتتاح

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

مورخہ یکم تا۷؍ جولائی ۲۰۲۳ء مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے شیانگا ریجن کا تبلیغی و تربیتی دورہ کیا۔شیانگا ریجن تنزانیہ کے شمال مغرب میں واقع ایک ریجن ہے جس میں اکثریت لادین لوگوں کی ہے اور ان میں سے ہر سال ہزاروں افراد احمدیت کی آغوش میں آرہے ہیں۔ اس ریجن میں موجود احمدی احباب کا ایک بڑا حصہ نو مبائعین پر مشتمل ہے۔اس دورے کے دوران منعقد ہونے والی تقریبات کے ضمن میں مکرم احتشام لطیف صاحب ریجنل مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں:

ریجنل کمشنر شیانگا سے ملاقات

۴؍جولائی کو امیر صاحب کی قیادت میں جماعتی وفد ریجنل کمشنر مکرمہ Christina Solomon Mndeme کی خدمت میں حاضر ہوا۔ اس موقع پر محترمہ ریجنل کمشنر کو جماعت احمدیہ کا مزید تعارف کروایا گیا۔ریجنل کمشنر صاحبہ نےجماعتِ احمدیہ کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا اظہار کیا۔ اس نشست کے اختتام پر موصوفہ کو قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا گیا۔

شیانگا شہر مشن ہاؤس اور نماز سنٹر کا افتتاح

اس دورے کے دوران امیر صاحب نےشیانگا شہر میں پہلا جماعتی سنٹر جو معلم کی رہائش اور نماز سنٹر کے طور پر استعمال ہو رہا ہےکا افتتاح کیا۔اس موقع پر مکرم نائب امیر صاحب نے حاضرین سے اطاعت خلافت کے موضوع پر تقریر کی۔

مسجد بیت الحیّ Mwangalanga

Mwangalanga میں احمدیت کا پیغام سنہ ۲۰۲۲ء کے اوائل میں پہنچا۔اللہ کے فضل سے یہاں ایک جماعت قائم ہے جو ۲۳۰؍ احباب پر مشتمل ہے۔

مورخہ ۴؍ جولائی کو یہاں ایک مسجد کا افتتاح ہوا۔ نماز ظہر کے بعد افتتاحی تقریب ہوئی جس میں تلاوت و نظم کے بعد لوکل گورنمنٹ کے تحت کام کرنے والی اصلاحی کمیٹی کے صدر Mweneyekiti Wa Sungusungu نے مسجد کی تعمیر پر جماعت احمدیہ کو مبارک باد دی۔ اس کے بعد اسی کمیٹی کے نائب صدرCommonder Wa Sungusunguنے بھی نیک جذبات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے مساجد کی غرض و غایت اور نمازوں سے قیام کے حوالے سے نصائح کیں۔دعا کے بعدمقامی جماعت کی طرف سے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

مسجد بیت القیوم Igalamya

۲۰۲۱ء میں Igalamya میں احمدیت کا پیغام پہنچا۔ یہاں افراد جماعت کی تعداد ۲۲۸؍ہے۔ امیر صاحب نے یہاں مسجد کا افتتاح کیا نیز IAAAE اور Humanity Firstکے تعاون سے لگائے جانے والے ایک واٹر پمپ کا بھی افتتاح کیا۔ نماز عصر کے بعد افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تلاوت کے بعد گاؤں کے سرکاری سربراہ نے جماعتِ احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور بعد ازاں امیر صاحب نے حاضرین سے تقریر کی۔

مشن ہاؤس Igunda

۵؍جولائی ۲۰۲۳ء کو Igunda جماعت میں مشن ہاؤس کا افتتاح ہوا۔یہاں ۲۰۲۱ء میں احمدیت کا پیغام پہنچا۔ بعد ازاں یہاں جماعت کو ایک مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ Igunda مشن ہاؤس ۲۰X۲۰ فٹ پر محیط ہے جس میں دو کمرے اور ایک بڑا ہال ہے۔

مسجد بیت السمیع Iramba

۵؍ جولائی۲۰۲۳ء کو ہی Iramba جماعت میں مسجد اور ایک واٹر پمپ کا افتتاح عمل میں آیا۔Iramba میںسنہ ۲۰۲۱ء کے اواخر میں احمدیت کا پیغام پہنچا ۔یہاں افرادجماعت کی تعداد ۲۱۷؍ہے۔نمازِ ظہر و عصرکی ادائیگی کے بعد افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوتِ قرآن کریم کے بعد حکمران جماعت CCM کے نمائندہ نے جماعتِ احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے تقریر کی جس کے بعد اجتماعی دعا ہوئی۔ تقریب کے بعد مقامی جماعت کی طرف سے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا ۔

مسجد بیت الواسع Kagongwa

Kagongwa ایک قصبہ ہے جو کہ کہامہ شہر کے بعد دوسرا بڑا تجارتی مرکز ہے۔یہاں پر سنّی مسلمانوں کی کئی مساجد ہیں جس کی وجہ سے جماعت کی مخالفت بھی زیادہ ہے۔ امسال جماعت احمدیہ کو یہاں ایک مسجد تعمیر کرنےکی توفیق ملی۔ مسجد واسع ۴۲x۳۰ فٹ پر محیط ہے ۔اس کے ہمراہ مرد و خواتین کے لیے الگ الگ دو واش رومز تعمیر کیے گئےہیں۔ اس کے علاوہ ایک کمرہ لائبریری اور دفاتر وغیرہ کے لیے تعمیر کیا گیاہے۔اس مسجد کے افتاح کے ساتھ ایک واٹر پمپ کا بھی افتتاح کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام مساعی اپنی جناب میں قبول فرمائے، خلافت کے باوفا خادم بنائےاور اہل علاقہ کی رشد و ہدایت کے اسباب اپنی جناب سے پیدا کرتا رہے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button