حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… پاکستانی صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔ ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کی تحلیل آئین کے آرٹیکل 58(1)کے تحت کی۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی۔جس کے بعد آئین کے مطابق انتخابات نوّے دن کے اندر ہوں گے۔ آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے پر الیکشن کمیشن آرٹیکل224 ون کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا، عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن آئین کے تحت چودہ دن میں نتائج کا اعلان کرے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں یہ پہلی اسمبلی تھی جو وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب رہی۔۱۳؍اگست ۲۰۱۸ء کو شروع ہونے والی پاکستان کی پندرہویں قومی اسمبلی نے ایک صدر، دو وزرائے اعظم، دو سپیکرز اور دو ڈپٹی سپیکرز منتخب کیے۔

٭…سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ پانچ سال اسمبلی جو میں ہوا وہ ہم سب کےلیے باعث شرم ہے، ہم نے سبق نہیں سیکھا جو سیکھنا چاہیے تھا۔ آج یہاں جو فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہیں وہ سارے جیل میں رہے، سپیکر نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی زحمت نہ کی۔ یہاں لڑائیاں ہوئیں، کون سی گالیاں ہیں جو یہاں نہیں دی گئیں؟ امید ہے اگلی اسمبلی میں جو آئیں گے وہ ایوان کا تقدس بحال کریں گے۔ عام تاثر یہ ہے ارکان پارلیمنٹ کرپٹ ہیں، جو ہم ارکان کو تنخواہ ملتی ہے اس سے ہمارے پیٹرول کا خرچ بھی پورا نہیں ہوتا۔

٭…جرمنی کے ایئرفورس سربراہ چیف انگو گرہارٹز کا کہنا ہے کہ ہماری فضائیہ سب سے زیادہ جنگی ہیلی کاپٹر رکھنے والی نیٹو کی دوسری فضائیہ ہوگی۔ پچھلے مہینے ساٹھ چینوک ہیلی کاپٹر خریدنے کا آرڈر دیا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر بوئنگ کمپنی سے خریدے جائیں گے اور ان کی مالیت آٹھ ارب یورو ہوگی۔ امریکہ کے بعد جرمنی سب سے زیادہ جنگی ہیلی کاپٹر رکھنے والا ملک ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقی جرمنی کی ہولزڈورف بیس پر پچاس چینوک ہیلی کاپٹر تعینات کیے جائیں گے جبکہ اس تعیناتی کے بعد ایک ہزار اضافی اہلکاروں کی ڈیوٹی بھی لگائی جائے گی۔

٭…ایران نے امریکہ کے پانچ شہریوں کو رہا کردیا ہے۔ رہا کیے گئے امریکی شہری ابھی گھروں پر نظربند ہیں۔ امریکی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے بات چیت جاری ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ پانچ امریکیوں کی رہائی کے معاہدے کا ایران پر عائد پابندیوں سے تعلق نہیں۔ ایران کو عائد پابندیوں میں کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا۔یادرہے کہ اس سے قبل کہا گیا تھا کہ امریکیوں کو ایران چھوڑنے کی اجازت ایران کے چھ ارب ڈالر غیر منجمد ہونے سے مشروط ہے۔ معاہدے کے تحت جیل میں بند کئی ایرانیوں کو بھی رہا کیا جائےگا۔

٭…لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی نے ملک میں فلسطینی پناہ گزینوں کے سب سے بڑے کیمپ میں جاری ہلاکت خیز جھڑپیں بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ اگر تشدد بند نہ ہوا تو فوج مداخلت کرسکتی ہے۔ جھڑپوں کے متعدد واقعات کے بعد، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں، میقاتی نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کو صورت حال کے بارے میں ٹیلی فون کیا۔

٭…مشرقی چین میں زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں گرنے سے دس افراد زخمی ہوگئے۔ مشرقی چین میں آئے زلزلے کی شدت ۵.۵ ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلہ چین کے شہر ڈیزہو (Dezhou) کےجنوب میں دس کلو میٹر گہرائی میں آیا۔ زلزلے کے جھٹکے بیجنگ اور شنگھائی میں بھی محسوس کیے گئے۔

٭… ناروے میں کئی روز کی بارشوں کے بعد پانچ دہائیوں کا بدترین سیلاب آگیا، جس کی وجہ سے دریا اور ندیاں پچاس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔دریاؤں کے بند ٹوٹنے سے سیلابی صورت حال کے باعث ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔ جنوبی علاقوں میں کئی روز کی مسلسل بارشوں کے بعد دریاؤں کے بند ٹوٹ گئے، منہ زور سیلابی ریلوں میں موبائل مکانات بہہ گئے، کئی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعات ہوئے۔ پچھلے کئی روز سے نارڈک ریجن (شمالی یورپ) کے ممالک ناروے، فن لینڈ اور سویڈن میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button