مسیح اور مہدی حضرت محمدؐ رسول اللہ کی نظر میں جدید ایڈیشن ۲۰۲۳ء لندن
خلافت خامسہ کے بابرکت عہد میں شائع ہونے والا’’مسیح اور مہدی حضرت محمد رسول اللہؐ کی نظر میں‘‘کانظر ثانی و اضافہ شدہ ایڈیشن عملاً ایک نئی کتاب ہے، جس میں سوادو صدسے زائداہم حوالہ جات کے عکس بھی مع ٹائٹل موجودہیں۔۷۰۸صفحات پر مشتمل یہ تالیف ضخامت کے لحاظ سے گذشتہ ایڈیشن سے قریبا ً چھ گناہے۔ پہلا ایڈیشن حضرت خلیفۃا لمسیح الرابعؒ کی خصوصی تحریک پر تیار ہو کر ۱۹۹۸ء میں لنڈن سے شائع ہو اتھا۔
کتاب کے اہم موضوعات میں احادیث نبویہؐ کی رُو سے حضرت عیسیٰ ؑکی وفات،مثیل مسیح و امام مہدی کا ظہور،صداقت ا ور ان کی علامات و نشانات بشمول دجال و یاجوج ماجوج نیز مسیح و مہدی کے منصب و مقام،ختم نبوت،خلافت کا قیام، غلبہ دین حق کے علاوہ مسیح ومہدی سے متعلق اعتراضات کے جواب ہیں۔مسیح و مہدی سے متعلق ان اہم موضوعات کااحاطہ چالیس عناوین میں ہے۔ہر عنوان میں ایک بنیادی حدیث نبوی ؐکی تشریح دیگر احادیث و اقوال بزرگان سلف کی روشنی میں کی گئی ہے۔ان موضوعات کا مختصر تعارف بھی قارئین کی دلچسپی کی خاطر پیش ہے۔
٭… وفات مسیح سے متعلق احادیث کی وضاحت کے علاوہ اقوال صحابہؓ و بزرگان سلف کےحوالہ جات کے عکس بھی پیش ہیں۔صحابہ کرام میں حضرت ابو بکرصدیقؓ خلیفہ راشد،حضرت جارود بن معلیؓ،حضرت سلمان فارسیؓ،حضرت ابن عباسؓ، حضرت امام حسنؓ کے حوالے ہیں اور بزرگان امت میں حضرت علامہ ابن عربیؒ، حضرت شاہ ولی اللہؒ،حضرت داتا گنج بخشؒ،علامہ ابن قیمؒ،مؤرخ طبری کے اقوال کے عکس شامل ہیں۔
٭… اس ضمن میں یہ بحث بھی ہے کہ رفع کے لغوی و اصطلاحی معنی جسم سمیت اٹھایا جانا نہیں بلکہ رفعت روحانی اور درجات کی بلندی ہے جیساکہ علمائے اہل سنت علامہ ابن قیم،علامہ شامی، علامہ شورائی،علامہ سندھی،مولانا ابوالکلام آزاد،غلام احمد پرویز،عبد الکریم خطیب،سر سید احمد خان اور شیعہ عالم علامہ کلینی کے حوالہ جات کے عکس پیش ہیں۔
٭…مثیل مسیح اور امام مہدی کےچودھویں صدی میں ظہور کےمتعلق حضرت ملا علی قاریؒ،علامہ عبد الوہاب شعرانیؒ وغیرہ کے حوالہ جات کے عکس ہیں۔
٭…ظہور مسیح و مہدی اور ضرورت زمانہ کےضمن میں آخری زمانہ کی نشانیوں میں علم کا اٹھ جانا،فتنوں کا ظہور،اسلام کا صرف نام باقی رہ جانا،مساجد میں نمود و نمائش مگر روحانیت سے بے نصیبی،قرآن کا محض رسم کے طور پر باقی رہ جانا،آفات سماوی کا نزول جیسے طاعون،غیر معمولی زلازل اورقحط سالی وغیرہ کا ذکر ہے۔ اس بارے میںعلامہ توربشتیؓ، علی بن عیسٰیؒ اورانسائیکلو پیڈیا کے حوالہ جات شامل ہیں۔
٭…صداقت مہدی کے نشان رمضان میں چاند و سورج گرہن، اس کے ظہور اورثبوت گرہن کے حوالہ جات کے عکس، جیسے۱۸۹۳ءکےانگریزی و اردو کے اخبارات Civil and Military Gazette، Pioneer Mail، Moore‘s Almanac،سراج الاخبار نیزحدیث گرہن پر ہونےوالے اعتراضات کے جواب بھی ہیں۔
٭…چودھویں صدی میں مسیح موعودؑ کی صداقت کے نشان دمدار ستارہ کے ظاہر ہونے کے ثبوت کے لیے Journal of Astronomical History and Heritageسےعکس حوالہ جات پیش ہے۔
٭… رسول کریم ﷺ کی پیشگوئی کے مطابق ہر صدی میں ظاہر ہونے والے مجددین امت کی مسلّمہ فہرست مع زمانہ،چودھویں صدی میں مجددکی ضرورت اورحضرت مسیح موعودؑ کا دعویٰ مجددیت پیش کیا گیا ہے۔
٭…احادیث نبویہؐ کے مطابق مسیح موعود کے کار ہائے نمایاں کسر صلیب،قتل خنزیر،جنگ کو موقوف کرنا اور تقسیم مال، کے ظاہری غیر معقو ل معنی کے بجائے، ان کی اصل حقیقت بزرگان امت علامہ عینیؒ،علامہ ابن حجرؒ،علامہ یوسف بن یحیٰؒ،علامہ راغب اصفہانیؒ، علامہ باقر مجلسیؒ اورعلامہ نور محمد نقشبندیؒ کے حوالہ جات مع عکس سے ظاہر ہیں۔
٭… دجال ویاجوج ماجوج کی علامات و غیرہم اور وقت ظہور پر۲۴؍ حوالہ جات کے علاوہ دجال کی سواری ’’ریل‘‘ کی تائید میں ہدیہ مہدویہ کا عکس پیش ہے۔
٭…رسول اللہؐ کی پیشگوئی کےمطابق ’’فرقہ ناجیہ‘‘سے مراد جماعت احمدیہ پر، مدلل نوٹ مع عکس حوالہ جات ہیں۔
٭…احادیث نبویہؐ کے مطابق مسیح موعود کے مقام،مہدی کو سلام پہنچانے کی اہمیت،امام مہدی کے اہل بیت ہونے کی حقیقت،امت محمدیہؐ میں نبوت اور وحی والہام کے جاری رہنےجیسے اہم عناوین پر ۲۹؍ حوالہ جات مع عکس پیش ہیں۔
٭…مسیح موعود کے حج کرنے کی ضعیف روایت سے متعلق علامہ ذھبی ؒاورعلامہ شعرانیؒ کے حوالےنیز رؤیا میں مسیح موعود اور دجال کے طواف کعبہ کی تعبیر مذہب اسلام کو دجالی حملوں سے دفاع سے متعلق مظاہر حق شرح مشکوٰۃ کے عکس حوالہ جات ہیں۔
٭…غلامان مسیح محمدؐی کی تعداداصحاب بدر کے مطابق ۳۱۳؍ نیز ان کے مقام کے بارے جواہر الاسرار (قلمی ) از برٹش میوزیم لندن کے نایاب حوالہ کا عکس نیزاشارات فریدی اور علامہ اقبال کے حوالہ جات شامل کتاب ہیں۔
٭…مسیح کے رسول اللہؐ کی قبر میں دفن ہونے کی حقیقت نیزا س بارے میں احادیث نبویہؐ اور بزرگان سلف کے حوالہ جات کے عکس موجود ہیں۔بطورواقعاتی ثبوت روضہ رسولؐ میں قبورکا نقشہ از امام سمھودی اور مسیح موعودؑ کی عمر بارےعلامہ ابن حجرؒ و امام طبرانیؒ کے عکس حوالہ جات بھی ہیں۔
٭…ختم نبوت سے متعلق احادیث نبویہؐ کی تشریح اور بزرگان سلف کے ۲۶؍حوالہ جات مع عکس شامل کتاب ہیں۔