افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد

(مبارک منیر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں طلبہ کی علمی اور روحانی استعدادیں بڑھانے کے ساتھ ساتھ صحت کی طرف بھی خاص توجہ دی جاتی ہے جس کے لیے سارا سال عصر کی نماز کے بعد کھیلوں کا باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے۔ طلبہ کو منظم کرنے اور مسابقت کی روح کو قائم رکھنے کی خاطر چار گروپس (صداقت، امانت، شجاعت، عدالت) میں تقسیم کیا گیا ہے۔

امسال ۲۵؍جون تا یکم جولائی سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔سالانہ کھیلوں سے پہلے نگران العاب کمیٹی نے میٹنگ کی اور مختلف ذمہ داریاں اساتذہ کو سونپیں۔ ۲۵؍جون کو صبح آٹھ بجے جامعہ کی روایت کے مطابق امسال سٹاف میں نئے شامل ہونے والے استاد سانیوں منیر (Sagnon Munir) صاحب کی صدارت میں سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ اسی روز سےباقاعدہ کھیلوں کاآغاز ہوا۔اس سال سالانہ کھیلوں میں کل سات اجتماعی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں فٹ بال، کرکٹ ،رسہ کشی،باڑی،والی بال،ریلے ریس اور تین پاؤں ریس کے مقابلہ جات شامل تھے۔نیز چودہ انفرادی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جن میں کلائی پکڑنا، ۱۰۰ میٹر دوڑ، لانگ جمپ، ہائی جمپ، بوری ریس،پےتانگ، سلو سائیکلنگ، ثابت قدمی، نشانہ غلیل، میوزیکل چیئرز، توازن برقرار رکھنا اور روک دوڑکے مقابلہ جات شامل تھے۔اکثر مقابلہ جات ۲۵ اور۲۶؍ جون کو منعقد کیے گئے۔ ہر سال عیدالاضحیہ کے بعد جماعت کی طرف سے بستان مہدی میں ایک دعوت کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے جامعہ کی کھیلوں کے تیسرے دن کو عید کے بعد اس دعوت کے ساتھ اکٹھا کر لیا گیا تاکہ اس سرگرمی میں زیادہ سے زیادہ مہمان شامل ہو سکیں ۔

چنانچہ اس روز جامعہ کی وسیع گراؤنڈ میں الگ الگ مارکیز لگا کر احباب و خواتین کے بیٹھنے اور روک دوڑ اور دیگر کھیلوں کے دیکھنے کا انتظام کیا گیا۔ روک دوڑ کے مقابلے میں ۴۵؍ طلبہ شامل ہوئے۔ بعد ازاں مہمانوں کے لیے میوزیکل چیئرز کا انعقاد کیا گیا جس میں کابورے سلیمان صاحب نائب امیر برکینا فاسو اول رہے۔

اس سال پہلی دفعہ مدرسۃ الحفظ کے طلبہ کے ورزشی مقابلہ جات بھی منعقد کیے گئے، جن میں فٹ بال، رسہ کشی، لانگ جمپ اور ۱۰۰ میٹر دوڑ کے مقابلہ جات شامل تھے۔

نماز ظہر و عصر کے بعد مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو کی صدارت میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن مجید اور نظم کے بعد سالانہ ورزشی مقابلہ جات کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس کے بعد امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے اور نصائح کیں۔ مکرم نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے تمام شاملین اور خاص طور پر مہمان خصوصی کا شکریہ اد اکیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے دعا کروائی۔ اس سال پہلے نمبر پر امانت گروپ رہا جس کے نگران محمد اظہار احمد راجہ صاحب استاد جامعۃ المبشرین ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر شجاعت گروپ رہاجس کانگران خاکسار (استاد جامعۃ المبشرین) ہے۔ جبکہ امانت گروپ کے عزیزم تراورے سلف بیسٹ اتھلیٹ رہے۔

آخر میں مہمانان میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ طلبہ کی علمی، روحانی اور جسمانی استعدادیںبڑھتی چلی جائیں۔ آمین

(رپورٹ: مبارک منیر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button