یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ءمجلس انصار اللہ ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن نے مورخہ۹؍جولائی ۲۰۲۳ء بروز اتوار بمقام مسجد بیت الرحیم کارڈف میں سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی سعادت حاصل کی جس میں برسٹل، کارڈف اور سوانزی مجالس کے انصار شامل ہوئے۔ اس اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں ریجنل ناظم اعلیٰ مکرم سعادت احمد صاحب اور ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم خالد خان صاحب نے ریجنل سطح پر متعدد میٹنگز کا انعقادکیا جبکہ زعماء مجالس نے انصار سے انفرادی طور پر رابطے بھی کیے۔ ریجن کی تمام مجالس میں اجتماع کا سلیبس بھی بہت پہلے ہی تقسیم کردیا گیا تھا تاکہ علمی مقابلہ جات کے لیے حصہ لینے والے انصار بھرپور تیاری کرسکیں۔ اجتماع والے دن صبح ساڑھے نو بجے انصار کی آمد شروع ہوئی جنہیں چائے بسکٹ اور کیک پر مشتمل ریفریشمنٹ فراہم کی گئیں۔

صبح ساڑھے دس بجے ریجنل امیر ساؤتھ ویسٹ ریجن مکرم محمد نعمان صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس سے اجتماع کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔تلاوت اور نظم کے بعد انصار اللہ کا عہد دہرایا گیا جس کے بعد ریجنل امیر صاحب نے نحن انصار اللّٰہ کے پس منظر میں تقویٰ کی بنیاد پر انصار کی بنیادی ذمہ داریوں کے حوالہ سے شاملین اجتماع کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں تلاوت، نظم، تقریر اور فی البدیہ تقریر کے مقابلہ جات منعقد کیے گئے جس میں انصار نے جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں مرکز کی جانب سے مقرر کردہ سلیبس کے تحت عناوین رکھے گئے تھے۔ اس کے بعد دوپہر کے پُرتکلف کھانےسے انصار کی تواضع کی گئی جس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔وقفہ نماز کے بعد ٹیبل ٹینس اور کلائی پکڑنا کے ورزشی مقابلے منعقد کروائے گئے جوکہ انتہائی دلچسپ رہے اور تمام دیکھنے والے حاضرین بھی بہت محظوظ ہوئے۔

بعد ازاں اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا جس کی صدارت نائب صدر مجلس انصار اللہ مکرم رفیع احمد بھٹی صاحب نے کی جو لندن سے طویل سفر کرکے خاص طور پر تشریف لائے تھے۔ تلاوت اور نظم کے بعد ناظم اعلیٰ صاحب اجتماع نے دن بھر کی کارروائی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس اجتماع میں کُل ۳۵؍انصار شامل ہوئے ہیں۔ اس کے بعدعلمی و ورزشی مقابلہ جات میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے انصار کے لیے تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی جس میں اُنہیں اسناد اور میڈلز دیے گئے۔اس موقع پر اس ریجن کے سابق ناظم اعلیٰ مکرم منور احمد مغل صاحب کو مجلس انصار اللہ کارڈف اور ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن کےلیے گذشتہ کئی سالوں پر محیط اُن کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایک اعزازی ٹرافی بھی دی گئی۔

اختتامی کلمات میں نائب صدر صاحب نے مجلس انصار اللہ یوکے کی جانب سے افریقہ میں تعمیر شدہ مسرور آئی ہسپتال کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے دورے کے دوران پیش آنے والے افریقی احمدی بھائیوں کی خلافت سے محبت کے بعض ایمان افروز واقعات بیان کرکے ماحول کو رُوح پرور بنادیا۔ انہوں نے آج کے اجتماع میں شامل نہ ہونے والے انصاربھائیوں سے انتہائی پیار محبت سے رابطہ کرکے اُن کے لیے ایک علیحدہ پروگرام کرنے کی بھی تجویز دی۔ان کے خطاب کے بعد ریجنل ناظم اعلیٰ صاحب نے اس اجتماع کو کامیابی سے منعقد کرنے کے لیے تمام کارکنان، زعماءمجالس، ضیافت ٹیم اور تمام شاملین کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے ریجنل امیرصاحب اور ریجنل مشنری مکرم عمار احمد صاحب کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد کروانے سمیت ہر موقع پر اپنے تعاون سے انتظامی کارکنان کی حوصلہ افزائی کی۔

ریجنل امیر صاحب نے آخر میں اجتماعی دعا کروائی جس سے یہ خوبصورت اور انتہائی کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہواجس کے بعد گروپ فوٹو سیشن ہوا۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کی برکات سے شاملین کو کماحقہ فائدہ اُٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button