یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ مالمو، سویڈن

مجلس انصاراللہ مالمو، سویڈن کا ایک روزہ مقامی سالانہ اجتماع مورخہ ۱۵؍جولائی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ مسجد محمود مالمو میں منعقد ہوا۔ مکرم کریم لون صاحب زعیم مجلس انصار اللہ مالمو نے اجتماع کے انتظامات کے لیے مجلس عاملہ کے مشورے سے ایک انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی جس نے اجتماع کے جملہ انتظامات کے لیے زعیم مجلس کی ہدایات کی روشنی میں مختلف پروگرام بنائے۔

مورخہ ۱۵؍جولائی کو مجلس کی طرف سے صبح دس بجے تمام انصار کے لیے ناشتہ کا انتظام تھا۔ ناشتے کےبعد تمام انصار مسجد محمود میں جمع ہو گئے جہاں گیارہ بجے افتتاحی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مہمان خصوصی مکرم اکرام الحق صاحب نائب صدر صف دوم و قائد تربیت نے عہد دہرایااورازاں بعد نظم پیش کی گئی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد مسرور ہال میں کھیلوں کے مقابلہ جات شروع ہوئے۔ ورزشی مقابلہ جات کے انچارج مکرم طارق شاہ صاحب تھے۔ ان مقابلوں میں والی بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے مقابلے شامل تھے۔انصار بھائیوں نے ان مقابلہ جات میں بڑی دلچسپی اور شوق سے حصہ لیا۔بعض انصار جنہوں نے ورزشی مقابلہ جات میں حصہ نہیں لیا وہ گروپس کی صورت میں مسجد کے قریبی علاقوں میں سیر کے لیے چلے گئے۔

ورزشی مقابلہ جات کے اختتام پر نماز ظہر و عصر با جماعت ادا کی گئیں جن کے بعد احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات کے انچارج مکرم منیر نیازی صاحب تھے۔علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم خوانی اور مقابلہ تقریر شامل تھے۔انصار نے ان مقابلوں میں بڑے ذوق و شوق سے حصہ لیا۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں مکرم زعیم صاحب نے انصار بھائیوں کا شکریہ ادا کیا۔مکرم اکرام الحق صاحب نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع میں ۴۰؍انصار شامل ہوئے۔

(رپورٹ:چودھری عطاء الرحمان محمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ سویڈن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button