افریقہ (رپورٹس)

طبری (ماراوی ریجن، نائیجر) میں مسجد کا افتتاح

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

طبری (Tibri) نائیجر کے دوسرے بڑے شہر مارادی سے ملحقہ ایک چھوٹا سا قصبہ ہے جو کہ ریجن مارادی (Maradi) کے ڈیپارٹمنٹ گڈان رومجی (Guidan Roumdji) میں واقع ہے۔یہ قصبہ مارادی شہر سے تقریباً دس کلو میٹر اورگڈان رومجی شہرسے چالیس کلو میٹر دور سٹرک کےکنارے واقع ہے۔جماعت کی ضروریات کے پیش نظر ۲۰۱۳ء میں دو ہزار مربع میٹر کا ایک پلاٹ خریدا گیا۔ مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نے مورخہ ۷؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو بعد از نماز عصر مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اور دعا کرائی۔ اس موقع پر مربیان کرام کے علاوہ صالح موسیٰ صاحب نائب امیر اور مامن بیلو صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری بھی موجود تھے۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد کی تعمیر کا کام بروقت اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس مسجد کا مسقف حصہ ۶۳؍ مربع میٹر ہے جس میں کُل ایک سو سے زائد نمازی ہمہ وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔اس مسجد کے سنگ بنیاد سے افتتاح تک بیشتر وقارِعمل کے ذریعہ جماعتی اموال کی بھی بچت ہوئی۔

مورخہ ۱۴؍ جولائی ۲۰۲۳ء بروز جمعہ مسجد کی افتتاحی تقریب میں مکرم امیر صاحب اور نائب امیر صاحب کے ہمراہ مرکزی وفد نے شرکت کی۔ طبری کے علاقہ کے سلطان کے نمائندہ کے علاوہ محلہ کے چیف اور آدیر قوم کے اس علاقہ کے چیف نے بھی حکومت کی نمائندگی میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ علاقہ کے معززین اور کاروباری معروف شخصیات کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں نہ صرف اس محلہ سے بلکہ اردگرد کے بعض احمدی جماعتوں سے بھی احباب تقریب افتتاح میں موجود تھے۔

نمازِ جمعہ سے قبل مکرم امیر صاحب نے طبری کے سلطان کے نمائندہ کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر دعا کروائی اور باقاعدہ اس مسجد کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد تمام احباب مسجد کے اندر چلے گئے اور پہلی بار اس مسجد سے اللہ اکبر اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئیں۔ بعد ازاں ریجن کے مربی سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑکی آمد کے حوالہ سے خطبہ دیا اور نمازِ جمعہ ادا کی گئی۔ اس کے بعد طبری کے سلطان کے نمائندہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر پر مکرم امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے تمام اتھارٹیز و دیگر شاملین کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مسجد کے افتتاح کے موقع پر ۱۷۰؍ سے زائد احباب نے شرکت کی اور مسجد میں جگہ کم ہونے کے باعث ایک بڑی تعداد نے مسجد کے باہر صفیں باندھ کر نمازِ جمعہ ادا کی۔ اِن احباب میں ایک بڑی تعداد غیر احمدی احباب و خواتین کی تھی جن میں سے کئی مرد و خواتین نے اس علاقہ کے معلم سلسلہ لاولی شعیبو صاحب سے اس تقریب کے بعد رابطہ کیا اور بانی جماعت احمدیہ حضرت مسیح موعودؑ کے دعاوی کے حوالہ سے مزید جاننے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا جس کے نتیجہ میں اللہ کے خاص فضل و کرم سے ایک ہفتہ کے اندر ہی اُس محلہ کے دس سے زائد خاندانوں سے لاولی شعیبو صاحب معلم سلسلہ کا مستقل تبلیغی رابطہ قائم ہو گیا ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے نیز اِس مسجد کی تعمیر سے اِس علاقہ میں تبلیغ کے مزید سامان پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button