حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…پاکستان کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں ملزم سابق وزیر اعظم پاکستان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تین سال قید ، ایک لاکھ روپے جرمانہ اور پانچ سال کےلیے نااہل قرار دےدیا ہے۔ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر مزید چھ ماہ قید کاٹنا ہو گی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سال ۲۰۱۸ء سے ۲۰۲۰ء کے دوران اثاثوں کی جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں، توشہ خانہ سے لیے تحائف کا غلط فائدہ اٹھایا، جھوٹا ریکارڈ جمع کرایا، ان کی بے ایمانی پر کوئی شک نہیں، خود مانا تحفے بیچ دیے،فارم بی کے مطابق بیچے یا منتقل کیے گئےاثاثوں کی تفصیل دینا لازم ہے، فراہم کردہ معلومات غلط ثابت ہوئیں ، ملزم کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب پایا گیا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین آرٹیکل ۶۳ ون ایچ کے تحت پانچ سال کےلیے نااہل ہوئے،عدالتی احکامات کے بعد پولیس کی ٹیم وارنٹ لےکر زمان پارک پہنچی، جہاں افسران نے وارنٹ گرفتاری دکھائے، کچھ دیر بات چیت کے بعد عمران خان نے گرفتاری دےدی، جس کے بعد ان کو اٹک جیل منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہائی سیکیورٹی زون میں رکھا جائےگا، لاک اپ کی سیکیوٹی پولیس کمانڈوز کریںگے۔

٭…۶؍اگست کو باجوڑ اور لوئر دیر سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ۵.۴ اور گہرائی ۱۸۶؍کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن تھا۔ایک روز قبل لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ۵؍اعشاریہ ۸؍ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن اور اس کی گہرائی ۱۹۶؍کلومیٹر تھی۔ رپورٹس کے مطابق زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

٭… برطانوی شاہ چارلس نے ملکہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے، کوئی سرکاری اور نجی سطح پر تقریب بھی نہیں ہوگی۔ ملکہ الزبتھ دوم کی برسی پر شاہی خاندان اکٹھا بھی نہیں ہوگا، ملکہ الزبتھ دوم کی ذاتی رہائش گاہ پر بھی کوئی تقریب نہیں ہوگی۔ ملکہ الزبتھ دوم ہر سال باقاعدگی سے اپنے والد شاہ جارج پنجم کی برسی منایا کرتی تھیں۔ملکہ الزبتھ دوم گذشتہ سال ۸؍ستمبر کو۹۶؍برس کی عمرمیں وفات پا گئی تھیں۔واضح رہے کہ شاہ چارلس اور ان کی ملکہ کمیلا ان دنوں سالانہ چھٹیوں پر ہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button