از مرکزجلسہ سالانہ

عالمی بیعت کی بابرکت تقریب

امسال ۱۱۴؍ممالک سے تقریباً ۴۳۰؍ قوموں کے دو لاکھ ۱۷؍ ہزار۱۶۸؍ افراد احمدیت میں داخل ہوئے

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر سے بیعت لی

(حدیقۃ المہدی، ٹیم الفضل انٹرنیشنل، ۳۰؍ جولائی ۲۰۲۳ء) مورخہ ۳۰؍ جولائی کو جلسہ سالانہ برطانیہ کے ایک اہم انٹرنیشنل پروگرام ’عالمی بیعت‘ کا انعقاد ہوا۔ یاد رہے کہ عالمی وبا کے بعد امسال پہلی مرتبہ وسیع پیمانے پر دنیا بھر سے احباب جماعت کو اپنے پیارے امام کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس مبارک تقریب کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ایک بج کر تین منٹ پر مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لائے اور سٹیج کے سامنے بیعت کے لیے تیار کی گئی کشادہ جگہ پر تشریف فرما ہوئے۔

عالمگیر بیعت کا بابرکت سلسلہ الٰہی نوشتوں کی روشنی میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے۱۹۹۳ء میں شروع فرمایا تھا۔ اس خصوصی تقریب کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ و السلام کا ایک بادامی رنگ کا کوٹ زیب تن کیا ہوا تھا۔

بیعت لینے سے پہلے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے سال رواں میں بیعتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ ۱۷؍ ہزار ۱۶۸؍ہے۔۱۱۴؍ممالک سے تقریباً ۴۳۰؍ سے زائد قوموں کے لوگ احمدیت میں داخل ہوئے۔الحمدللہ۔ گذشتہ سال کی نسبت ۴۰؍ہزار۳۳۲؍ کا اضافہ ہوا۔

اس کے بعد حضورِ انور بیعت کے الفاظ پڑھتے اور تمام حاضرینِ جلسہ یہاں پر اور دنیا بھر کے احمدی مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ براہ راست اس بابرکت تقریب میں شامل ہوتے ہوئے اپنی اپنی مساجد، سنٹرز اور گھروں میں حضورِ انور کی اقتدا میں یہ الفاظ دہراتے رہے۔ پہلے حضورِ انورنے عربی عبارت کے بعد انگریزی میں عہدِ بیعت دہرایا۔ جبکہ دوسرے مرحلہ پر حضورِ انور نے عربی عبارت کے بعد اردو میں الفاظِ عہدِ بیعت دہرا کر حاضرین و ناظرین و سامعین سے بیعت لی۔ بیعت کے اختتام پر حضور انور نے اجتماعی دعا کروائی۔

عہدِ بیعت

اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ

آج میں (مسرور) کے ہاتھ پر بیعت کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہوتا ہوں۔میرا پختہ اور کامل ایمان ہے کہ حضرت محمد رسول اللہﷺ خاتم النبیین ہیں۔میں حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ الصلوٰۃ والسلام کو وہی امام مہدی اور مسیح موعود تسلیم کرتا ہوں جس کی خوشخبری حضرت محمد رسول اللہﷺ نے عطا فرمائی تھی۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مقرر فرمودہ دس شرائط بیعت کا پابند رہنے کی کوشش کروں گا۔ دین کو دنیا پر مقدم رکھوں گا۔ خلافتِ احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفا کا تعلق رکھوں گا۔ اور بحیثیت خلیفۃ المسیح آپ کی تمام معروف ہدایات پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔

اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ

رَبِّ اِنِّیْ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ وَاعْتَرَفْتُ بِذَنْبِیْ

فَاغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ فَاِنَّہٗ لَا یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اَنْتَ

اے میرے رب میں نے اپنی جان پر ظلم کیا اور میں اپنے گناہوں کا اقرار کرتا ہوں۔ تو میرے گناہ بخش کہ تیرے سوا کوئی بخشنے والا نہیں۔

عالمگیر اخوّت کے اس بے نظیر مظاہرہ یعنی عالمی بیعت کی اس نہایت بابرکت تقریب میں اس بات کی یقین دہانی کی گئی کہ عالمی بیعت کے دوران جلسہ گاہ اور اس کے گرد و نواح میں موجود تمام افراد کا امام وقت امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انسانی زنجیر کے ذریعہ جسمانی رابطہ بھی ہو جائے۔ چنانچہ بیعت کے دوران گویا پنڈال میں موجود تمام احمدی اپنے آقا و امام کی معیت میں کئی ہزار جانیں اور ایک وجود کا بے مثال منظر پیش کر تے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پیشگوئی کو پورا کرتے نظر آتے تھے کہ آنے والے زمانہ میں تم لوگ ان مسلمانوں سے مل جانا جو ایک ’جماعت‘ ہوں۔

عالمی بیعت کے بعد حضورِ انور نے اجتماعی دعا کروائی جس کے بعد یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ بعد ازاں حضورِ انور سٹیج پر تشریف لے گئے جہاں سے نمازِ ظہر و عصر کے لیے اذان کہی گئی۔ بعد ازاں پیارے حضور نے نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

اللہ تعالیٰ تمام احبابِ جماعت کو بیعت کی حقیقی روح کے مطابق دس شرائط بیعت پرعمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیشہ خلافت احمدیہ سے کامل وفا رکھنے والا بنائے۔ آمین

؏ یہ بیعت نہیں ہے یہ سودا ہے دل کا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button