جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

۵۷واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۳ء۔ جلسہ سالانہ کے بعض شعبہ جات کا تعارف

شعبہ کھانےکی تیاری (Food Preparation)

جلسہ سالانہ کے دوران مسیح محمدی کے مہمانوں کی خدمت کے لیے کھانے کی تیاری کا باقاعدہ ایک شعبہ قائم ہے جس کے تحت رضاکاران کی ایک بڑی تعداد رات دن اس کاوش میں مصروف رہتی ہے کہ دنیا بھر سے آئے شاملین جلسہ کے لیے بہترین کھانا تیار کیا جائے۔ عام طور پر جلسہ سالانہ میں دوپہر کو دال پکائی جاتی ہے اور رات کے کھانے کے لیے آلو گوشت کا سالن تیار کیا جاتا ہے۔ اس شعبہ کے کارکنان روزانہ صرف ان دو کھانوں کے لیے تقریباًڈیڑھ ٹن آلو،ڈیڑھ ٹن پیاز،ایک سو ساٹھ کلو ٹماٹر اور ساٹھ کلو دھنیہ کاٹ کر لنگر خانے کو بھجواتے ہیں جہاں امسال بیک وقت دو سو تیس دیگچوں پر کھانا پکایا جارہا ہے۔

مکرم عبد القدوس صاحب ۲۰۱۶ء سے اس شعبہ کے ناظم کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔جلسے کے علاوہ ہر سال مسجد بیت الفتوح میں رمضان کے دنوں میں احباب جماعت کے لیے افطاری تیارکرنے کی سعادت بھی انہیں ملتی ہے۔وہ بتاتے ہیں کہ ہر سال جلسہ سے پہلے بدھ کے دن سے وہ خود اور اُن کے تیس تا پینتیس کارکنان حدیقۃ المہدی میں ۲۴گھنٹے کام کرنا شروع کردیتے ہیں۔شعبہ ضیافت روزانہ کی بنیاد پر اگلے دن کے کھانے کی مقدار طے کرتا ہے کہ دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے کتنی دیگچیاں بنائی جائیں گی جس کے لیے پھر آلو پیاز ٹماٹراور دھنیا وغیرہ کاٹ کر تیار کرکےفراہم کرنا اس شعبہ کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن عموماً احباب جماعت کی حاضری کو دیکھتے ہوئے کھانے کی مقدار میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی مناسبت سے پھر اسی طرح کھانے میں استعمال ہونے والی اشیاء بھی اس شعبہ کے تحت فراہم کی جاتی ہیں۔

مکرم ناظم صاحب بتاتے ہیں کہ دوپہر کے کھانے کے لیےرات تین بجے تک تمام سامان تیار کردیا جاتا ہے جبکہ رات کے کھانے کے لیے دوپہر بارہ بجے تک سامان تیار کرکے لنگر خانے کو فراہم کردیا جاتا ہے۔اس ضمن میں خاص بات یہ ہے کہ کھانے کی تیاری میں بنے بنائے مصالحے استعمال کرنے کے بجائے یہ شعبہ مصالحوں کے لیے ضروری اشیاء باقاعدہ پِیس کر انہیں پیک کرتا ہے اور پھر ضرورت کے تحت لنگر خانے کو فراہم کیا جاتا ہے۔

مکرم ناظم صاحب شاملین جلسہ سے دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اور ان کے کارکنان کو ہمیشہ اسی طرح اپنی ذمہ داری بھرپور طور پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

شعبہ فوڈ ٹرانسپورٹ

ہر سال جلسہ سالانہ کے موقع پر بعض ایسے مقامات ہوتے ہیں جہاں کارکنان چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پرموجود ہوتے ہیں اور ان مقامات کو ایک لمحہ کے لیے بھی خالی نہیں چھوڑا جاسکتا۔صبح، دوپہر اور رات کے وقت کھانے کے علاوہ انہیں موسم کی مناسبت سے ٹھنڈے مشروب یا چائے وغیرہ کی بھی ضرورت رہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت شعبہ خدمت خلق کے زیر انتظام شعبہ فوڈ ٹرانسپورٹ قائم ہے جو ایسے تقریباً پندرہ سو کارکنان کو ناشتہ کھانا اور ریفریشمنٹ پہنچانے کی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔

ناظم شعبہ مکرم ثمر الٰہی صاحب سال ۲۰۱۰ء سے اس شعبہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔اس شعبہ میں دو ایڈیشنل ناظمین کے علاوہ چار نائبین بھی ہیں۔ مکرم ناظم صاحب اپنے شعبہ کے بارے میں مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے شعبہ میں ۴۰؍تا ۴۵؍کارکنان خدمات انجام دیتے ہیں۔حدیقۃ المہدی، اسلام آباد، کنٹری مارکیٹ، جامعہ احمدیہ یوکے اور آلٹن سٹیشن پر ڈیوٹی دینے والے تمام کارکنان کو ناشتہ، کھانا اور ریفریشمنٹ پہنچانے کی ذمہ داری ان کا شعبہ سر انجام دیتا ہے۔

جلسہ شروع ہونے سے پہلے تمام ناظمین سے مختلف مقامات پر ڈیوٹی دینے والے کارکنان کی تعداد کی ایک فہرست لی جاتی ہے اور اس کے مطابق لنگر خانے سے کھانا اور ریفریشمنٹ لے کر پہلے اسے ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے اور پھر اسے کارکنان تک پہنچایا جاتا ہے۔کارکنان کی تعدادمیں بوقت ضرورت کمی بیشی ہوتی رہتی ہے اور اسی مناسبت سے کھانے کی مقدار میں بھی اضافہ کیا جاتا ہے۔ اس شعبہ کے پاس چار گاڑیاں ہیں جو اِن مقامات کے دو راؤنڈز لگاتی ہیں اور بعدازاں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ڈیوٹی دینے والا کوئی بھی کارکن کھانے یا ریفریشمنٹ سے محروم نہ رہے ایک فائنل راؤنڈ بھی لگایا جاتا ہے۔کھانے کے علاوہ چائے اور شربت بھی کارکنان کو فراہم کیا جاتا ہے۔

اس شعبہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے کارکنان ساری رات ڈیوٹی دینے والوں کا بہت خیال رکھتے ہیں اور انہیں اس دوران ریفریشمنٹ یا اگر ضرورت ہو تو کھانا بھی پہنچانے کے لیے اپنی گاڑیوں میں راؤنڈ لگاتے رہتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان تمام رضاکاران کی خدمت کو قبول فرمائے اور انہیں بہترین جزائے خیر سے نوازے۔آمین

مکرم ناظم صاحب تمام جلسہ کے شاملین کو جلسے کی مبارکباد دیتے ہوئے جلسہ کی بھرپور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

شعبہ کچن کی دیکھ بھال

جلسہ سالانہ برطانیہ میں شاملین جلسہ کے لیے کھانا تیار کرنے اور روزانہ اختتام دن پر کھانا اپنے ساتھ لے جانے کے لیے بھی حدیقۃ المہدی میں ہی ایک بہت بڑا کچن قائم ہے جہاں مختلف انواع و اقسام کے کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔اس کچن میں کافی تعداد میں چولہے لگے ہوئے ہیں اور مختلف قسم کی مشینریاں بھی لگائی گئی ہیں جن کی اگر ساتھ ساتھ دیکھ بھال نہ کی جائے تو کھانا تیار کرنے کے مراحل میں تعطل پیدا ہوسکتا ہے اس لیے کچن کی دیکھ بھال کے لیے بھی ایک شعبہ قائم ہے جو کچن میں گیس، پانی کی سپلائی اور گیس برنرزکی دیکھ بھال کی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ اس شعبہ نے امسال جلسہ پر غیر متوقع حاضری کی وجہ سے چالیس اضافی چولھے لگائے ہیں۔

مکرم علی افضل باجوہ صاحب ناظم شعبہ کہتے ہیں کہ وہ اور اُن کےپانچ تا سات کارکنان جلسہ سےایک ماہ پہلے ہی حدیقۃ المہدی میں کام شروع کردیتے ہیں۔کام شروع کرنے سے پہلے تمام کارکنان کی ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے تحت مکمل راہنمائی کی جاتی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کیا تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے فائر ایکسٹینگویشر کے علاوہ ان کے پاس فائر بلینکٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔ جلسہ سے پہلے کچن میں گیس برنرز کی تنصیب، گیس کی فراہمی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جاتا ہےاور جلسہ کے دنوں میں ان کو باقاعدہ چیک بھی کیا جاتا رہتا ہے اور کسی خرابی کی صورت میں فوری طور پر مرمت بھی کی جاتی ہے۔ حدیقۃ المہد ی میں ایک بڑے مستقل کچن کے علاوہ ان کا شعبہ ایک موبائل کچن کی بھی دیکھ بھال کرتا ہے جس کے ذریعہ جلسے کے تین دنوں کے بعد جلسہ گاہ کی حدود میں مختلف مقامات پر ڈیوٹی دینے والے رضاکاران کے لیے ضرورت پڑنے پر کھانا پکاکر تقسیم کیاجاتا ہے۔

مکرم ناظم صاحب نے بھی شاملین جلسہ سے اپنے شعبہ کے کارکنان کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

شعبہ معلومات

جماعت احمدیہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ چونکہ ایک انٹرنیشنل جلسے کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کثیر تعداد میں احباب جماعت اس میں شمولیت کے لیے تشریف لاتے ہیں۔ کووڈ کی پابندیوں کے بعدامسال غیرمتوقع حاضری کی بناپر جلسہ سالانہ کےشعبہ معلومات نے بھی شاملین جلسہ کو زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے کے لیے جدید دور کی تیز رفتاری کے تناظر میں مزید بہتر انداز میں کام کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بھی مضبوط گرفت رکھتے ہوئے اپنے شعبہ کو متحرک رکھا ہے۔ یوٹیوب، انسٹا گرام، ٹک ٹاک، ٹیلی گرام اور فیس بک پر جلسہ سےمتعلق اہم معلومات، تصاویر اور مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کی جارہی ہیں۔ اس سال کی خاص بات شعبہ معلومات کے دو واٹس ایپ گروپ کا قیام ہے جس میں صرف ایک ہفتہ میں ہی ممبران کی تعداد تین ہزار سےبھی تجاوز کرچکی ہے۔

اس شعبہ کے ناظم مکرم ندیم الرحمٰن صاحب سال ۲۰۱۵ء سے اس شعبہ میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ کُل پانچ نائب ناظمین سمیت دس معاونین مختلف طریق پرمہمانان مسیح موعودؑکو جلسہ کے حوالہ سے ہر قسم کی معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنے اپنے ذمہ کیے گئے کاموں کو تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔

اس شعبہ کے دو حصے ہیں جن کے ذریعے حدیقۃ المہدی آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی معلومات، اندرون و بیرون ممالک فلائٹس کے شیڈولز، جلسہ سالانہ کے پروگرامز، حدیقۃ المہدی میں قائم دفاتر کی لوکیشنز، شاملین جلسہ کو مختلف سروسز فراہم کرنے والے اداروں کی تفصیل اور دیگر کسی بھی قسم کی ضروری معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ایک حصہ دفتر کی صورت میں جلسہ گاہ میں قائم ہے جہاں باقاعدہ کارکنان موجود رہتے ہیں اور وہاں آنے والے احباب جماعت کی مدد اور معاونت کرتے ہیں جبکہ دوسرا حصہ سوشل میڈیاکی ٹیم پر مشتمل ہے جواوپر ذکر کیے گئے تمام پلیٹ فارمز پرچوبیس گھنٹے لمحہ لمحہ کی تازہ بتازہ صورت حال اپ ڈیٹس کررہے ہیں۔

نائب ناظم مکرم ذیشان اقبال صاحب بتاتے ہیں کہ چونکہ موجودہ دور میں عوام الناس کا رجحان واٹس ایپ کے استعمال کی طرف بہت زیادہ ہوگیا ہے اس لیے امسال شعبہ معلومات نے واٹس ایپ پر دو گروپس بنائے ہیں۔ ایک گروپ کا نام Jalsa Salana Info 2023 ہےجس میں صرف مختلف معلومات جبکہ دوسرے گروپ Jalsa Salana Info Media 2023میں تصاویر اور مختصر ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔مکرم ذیشان صاحب بتاتے ہیں کہ ان دونوں گروپس کی مقبولیت کا یہ عالم ہےکہ چند دنوںمیں ہی اس کے ممبران کی تعداد ہزاروںمیں پہنچ گئی۔ان دونوں گروپس میں صرف اور صرف ایڈمن حضرات ہی میسجز بھجواسکتے ہیں۔

مکرم ذیشان صاحب کہتے ہیں کہ ان دونوں گروپس میں کافی تعداد میں ہمیں معلومات کے حوالہ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔گذشتہ دن کسی غیر ملک سے آنے والے ایک مہمان گیٹ وِک ایئر پورٹ پر حدیقۃ المہدی آنے کے لیے پریشانی کے عالم میں تھے جب اُنہیں کوئی ٹرانسپورٹ نہیں مل رہی تھی۔انہوں نے ہمارے واٹس ایپ گروپ کے ایک ایڈمن کو رابطہ کیا جس کے بعد ہم نے اُن کے لیے متعلقہ دفترجلسہ سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا۔وہ مزید کہتے ہیں کہ جلسہ کے تمام ناظمین ہمیں اپنی معلومات اپ ڈیٹ کرتے رہیں تاکہ ہم ان گروپس کے ذریعہ احباب جماعت کے ساتھ شیئر کرسکیں۔

نائب ناظم شعبہ مکرم محمود مبشر صاحب جلسے کی مبارکباد دیتے ہوئے شاملین جلسہ سے دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے تمام کارکنان کو اپنے فضلوں سے نوازے اور بہترین خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

شعبہ تربیت

جیسا کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ کے پہلے روز خطبہ جمعہ میں شاملین جلسہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ جلسہ میں شامل ہونے کا حقیقی مقصد یہ ہے کہ ہم اپنی علمی، روحانی اوراخلاقی حالتوں میں بہتری پیدا کریں۔ اس ارشاد کی روشنی میں شعبہ تربیت کے کارکنان جلسہ میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی توجہ جلسہ میں ہونے والے خطابات اور تقاریر سننے کی طرف مبذول کرواتے ہیں۔ اس ضمن میں حدیقۃ المہدی میں فرائض کی ادائیگی بہترین طریق پر بجالانے کے لیےمکرم نثار آرچرڈ صاحب سیکرٹری جماعت احمدیہ یوکے کی زیر نگرانی شعبہ تربیت کو پانچ زون میں تقسیم کیا گیا ہےجن میں تقریباً ایک سو دس کارکنان خدمات انجام دے رہے ہیں۔مکرم محمد اکبر صاحب اور مکرم عثمان چودھری صاحب کی سرکردگی میں آٹھ کارکنان کی ایک ٹیم تہجد اور فجر کی نمازوں کے لیے رات ڈھائی بجے سے ہی صلِ ّعلیٰ کی آوازوں کے ساتھ احباب جماعت کو اُٹھانے کی ذمہ داری بھی احسن رنگ میں انجام دیتی ہے۔

دفتر شعبہ تربیت جلسہ سے ایک ہفتہ پہلے ہی حدیقۃ المہدی میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کردیتا ہے۔ جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں یہاں رہائش رکھنے والے کارکنان کو نمازوں کی یاددہانی کروانا، ادائیگی نماز کی جگہ کی مکمل تیاری اور امام الصلوٰۃ کے تقرر اور خاص طور پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے معائنہ تیاری جلسہ کے دن اس شعبہ کے کارکنان اپنے فرائض خوب تندہی سے انجام دیتے ہیں۔

اس شعبہ کے پانچ زونز ہیں۔ہر زون میں کارکنان کی تعداد مختلف ہے جو ایک نگران کے تحت اپنے فرائض ادا کرتے ہیں۔یہ جلسہ میں شامل ہونے والے احباب جماعت اور دیگر شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے رضاکاران کو ادائیگی نماز، تقاریر اور خطابات سُننے کی طرف توجہ کرواتے ہیں جبکہ تمام شاملین جلسہ کو حضور انور کی نصائح کی روشنی میں آپس میں پیار محبت کا سلوک رکھنے کی بھی تلقین کرتے ہیں۔

٭… زون نمبر ایک پرائیویٹ ٹینٹ اور رہائشی حصہ پر مشتمل ہے۔نگران مکرم ساجد ارائیں صاحب ہیں جبکہ کارکنان کی تعداد ۲۵؍ہے۔

٭… زون نمبر دو ٹی اسٹال ایریا پر مشتمل ہے جس کے نگران مکرم پرویز احمد صاحب ہیں اور ۲۰؍کارکنان شامل ہیں۔

٭… زون نمبر تین بازار اور اس سے ملحقہ ایریا پر مشتمل ہے۔ مکرم تصور خورشید صاحب نگران ہیں جبکہ ۳۰؍ کارکنان ہیں۔

٭… زون نمبر چار جلسہ گاہ کی مین مارکی کے باہر کا ایریا کی نگرانی مکرم نثار آرچرڈ صاحب اور ۱۵؍ کارکنان کرتے ہیں۔

٭… زون نمبر پانچ میں کار پارک کی حدود شامل ہیں جبکہ مکرم مبارک چیمہ صاحب ۲۰؍ کارکنان کے ساتھ خدمت بجا لاتے ہیں۔

اس کے علاوہ جلسہ گاہ میں بھی دوران تقاریر اور خطابات شعبہ تربیت کے اراکین جن میں بچے بھی شامل ہیں مختلف پوسٹرز اُٹھائے احباب جماعت کو خاموشی برقرار رکھنے اور توجہ سے مقررین کو سُننے کی طرف توجہ دلاتے رہتے ہیں۔جلسہ کے ایک ہفتہ بعد تک اس شعبہ کا حدیقۃ المہدی میں قیام رہتا ہے۔اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے تمام اراکین کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے۔ آمین

شعبہ آب رسانی

جلسہ سالانہ برطانیہ چونکہ عموماًگرمی کے مہینے ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں منعقد کیاجاتا ہے اس لیے موسم کی شدت کی وجہ سے بار بار پانی کی پیاس بھی لگتی ہے۔ دوران جلسہ جب تقاریر اور خاص طور پر پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات ہورہے ہوتے ہیں تو اُس وقت احباب جماعت کو پانی پلانے کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے جس کے لیے باقاعدہ شعبہ آب رسانی اپنی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ اس شعبہ میں پانچ نائبین سمیت دس کارکنان کے علاوہ امسال یوکے، جرمنی، کینیڈا اور امریکہ کی جماعتوں کے ۲۲۵؍ بچےبھی جلسہ گاہ میں احباب جماعت کو پانی پلانے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مکرم محمد طارق صفدر صاحب سال ۲۰۰۹ء سے اس شعبہ کے ناظم کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔پانچ نائبین کے علاوہ مزید پانچ کارکنان بھی ان کے ساتھ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔جلسہ گاہ میں احباب جماعت کو پانی پلانے والے بچوں کا ایک گروپ بنادیاجاتا ہے جس کا نگران ایک نائب ناظم کومقررکیا جاتا ہے۔بچوں میں اس خدمت کے لیے اتنا جذبہ ہے کہ جلسہ کے آغاز پر ہی بےشماربچے اپنا نام رجسٹرڈ کروانے آجاتے ہیں اور بعض اوقات تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو روکنا بھی پڑتا ہے جس سے وہ انتہائی اُداس بھی ہوجاتے ہیں۔

مکرم ناظم صاحب بتاتے ہیں کہ یہ شعبہ جلسہ کے موقع پر جمعرات تا اتوار حسبِ توفیق اپنے فرائض کی ادائیگی کرتا ہے۔ان کے پاس پانی کی تین مختلف سائز کی بوتلوں کا اسٹاک ہوتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں لیٹر پانی شاملینِ جلسہ کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔ اس شعبہ کے بڑے اور بچے پانی کی بوتل خالی ہونے پر دوسری بوتل لینے کے لیے شعبہ کے کیمپ میں آتے ہیں۔ اس طرح دن بھرمیں انہیں کئی چکر لگانے پڑتے ہیں لیکن کبھی کسی بھی کارکن نے شکوےیا تھکن کا اظہارنہیں کیابلکہ بڑے ذوق و شوق اور نئے عزم کے ساتھ سے مہمانان مسیح کی خدمت کرتے چلے جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے کارکنان پر اپنا خاص فضل فرمائے اور بہترین جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

شعبہ نظافت

ہر سال جلسہ سالانہ کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے شاملین جلسہ کی سہولت کے لیے بڑی تعداد میں باتھ رُومز اور ٹوائلٹس لگائے جاتے ہیں۔ امسال غیر متوقع حاضری کے پیش نظر بنیاد پر ان کی تعداد بڑھادی گئی۔ سب سے اہم مسئلہ ان کی صفائی ستھرائی کا ہوتا ہےجس کے لیے شعبہ نظافت کے کارکنان انتھک محنت کے ساتھ مسلسل ان ٹوائلٹس کی صفائی کررہے ہوتے ہیں۔ان کارکنان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو دنیاوی لحاظ سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے ہیں لیکن جماعتی لحاظ سے جو ڈیوٹی بھی جلسہ سالانہ پر ان کے ذمہ تفویض کی جاتی ہےوہ نہ صرف بلا جھجک اُسے نبھاتے ہیں بلکہ مہمانان مسیح موعودکی خدمت کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جلسے میں شامل ہونے والے احباب ٹوائلٹس کو بوقت ضرورت صاف ستھرا پاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے کارکنان کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے۔آمین

(رپورٹ : لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button