جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

برطانیہ کے ۵۷ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۳ء کا معائنہ انتظامات

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

ڈیوٹیاں دیتے ہوئے ہر کارکن کو، ہر معاون کو جیسا کہ میں نے خطبہ میں بھی کہا تھا کہ ہمیشہ مسکراتے رہیں

یہ بات یاد رکھیں۔ اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں یہ بات یاد رکھیں اور دعاؤں پر زور دیں

امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاجلسہ کے انتظامات کا معائنہ

جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹیوں کی باقاعدہ افتتاحی تقریب میں حضور انور کا زرّیں نصائح پر مشتمل خطاب

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل) محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمديہ يوکے کو اپنا ۵۷واں جلسہ سالانہ ۲۸ تا ۳۰؍جولائی ۲۰۲۳ء (بروز جمعة المبارک، ہفتہ اور اتوار) منعقد کرنے کی توفيق مل رہی ہے۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے چار سال کے وقفہ کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانان دنیا بھر سے جلسہ میں شمولیت کے لیے تشریف لارہے ہیں۔

جلسہ سالانہ کی بنياد بانئ جماعت احمديہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد قاديانی مسيح موعود ومہدی معہود عليہ الصلوٰة والسلام نے اِذن الٰہی سے ۱۸۹۱ء ميں رکھی تھی۔ حضرت اقدس مسيح موعود عليہ الصلوٰة و السلام کی ہدايات کی روشنی ميں خلافتِ احمديہ کے سائے تلے محض دينی اغراض کی خاطر آج سينکڑوں ممالک ميں باقاعدگی کے ساتھ جلسہ ہائے سالانہ منعقد ہو رہے ہيں۔ خلافتِ احمديہ کے انگلستان ميں قيام کی بدولت جلسہ سالانہ برطانيہ کو ايک مرکزی جلسہ ہونے کے ساتھ ساتھ ايک عالمی جلسہ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہے۔

امسال بھی اس بابرکت جلسہ کا انعقاد ۲۰۸؍ايکڑ رقبہ پر محيط انگلستان کی کاؤنٹی ’Hampshire‘ کے قصبہ آلٹن کے علاقہ ميں واقع ’Oakland Farm‘ پر ہو رہا ہے۔ اس جگہ کا نام حضور انور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے ۲۰۰۵ء ميں ’’حديقة المہدی‘‘ عطا فرمايا تھا۔ اور ۲۰۰۶ء سے حديقة المہدی ميں جلسہ سالانہ منعقد کيا جا رہا ہے۔

اس وسيع رقبہ کا ۹۵ فيصد حصہ کھلے ميدان کی صورت ميں ہے۔ انگلستان کے موسم کے پيشِ نظر يہاں پر اتنے بڑے جلسے کے انتظامات کر کے ايک عارضی شہر بسايا جاتا ہے۔ چنانچہ ہزاروں کی تعداد ميں احمدی رضاکارکارکنان جلسہ کے مقررہ دنوں سے بہت پہلے کام شروع کرتے ہيں اورموسم کی شدّت کے باوجود دن رات ايک کر کے اس عارضی شہر کے قيام کے انتظامات مکمل کرتے ہيں۔ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول اور حضرت اقدس مسيحِ پاک عليہ الصلوٰة والسلام کے مہمانوں کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر رضاکارکارکنان کشاں کشاں حديقة المہدی پہنچتے ہيں۔

جلسہ سالانہ یوکے۲۰۲۳ء کے حوالے سے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۱؍جولائی ۲۰۲۳ء میں فرمایا: ان شاء اللہ تعالیٰ اگلے جمعہ سے جماعت احمدیہ یوکے کا جلسہ سالانہ شروع ہو رہا ہے۔ اس سال انشاء اللہ تعالیٰ تقریباً تین چار سال بعد جلسہ میں شمولیت کے لیے باہر سے بھی بڑی تعداد میں مہمان آئیں گے بلکہ مہمانوں کی آمد شروع ہو چکی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو ان سب سفر کرنے والوں کے سفر میں آسانیاں پیدا فرمائے اور سب حفاظت سے یہاں پہنچیں اور جلسہ کے مقصد سے حقیقی فیض اٹھانے والے ہوں۔

معائنہ انتظامات

امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے معائنہ انتظامات حسب روایت جلسے سے پانچ روز قبل بروز اتوار منعقد ہوا۔ امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزاسلام آباد، ٹلفورڈ سے ساڑھے پانچ بجے معائنہ انتظامات کے لیے روانہ ہوئے۔ حضور انور کا قافلہ اسلام آباد سے جامعہ احمدیہ یوکے گیا جہاں پر تبشیر کے مہمانان کی رہائش کا انتظام ہے۔ حضور انور نے یہاں پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے جامعہ کے سامنے نصب کی جانے والی رہائشی مارکی کا معائنہ فرمایا۔ بعد ازاں حضور انور جامعہ کی عمارت میں تشریف لے گئے جہاں حضورِ انور نے بعض مہمانان سے ازراہ شفقت تعارف حاصل فرمایا۔ اس کے بعد حضور جامعہ احمدیہ کے ڈائننگ ہال میں خواتین کے لیے مخصوص کی گئی جگہ پر تشریف لے گئے۔ بعدہٗ حضورِ انور ڈائننگ ہال کے مردانہ حصے میں تشریف لے گئے جہاں حضورِ انور نے ازراہ شفقت کیک کاٹا اوراس موقع کی مناسبت سے تیار کی گئی بعض اشیاء کو متبرک فرمایا۔

یہاں سے حضور انور کا قافلہ حدیقۃ المہدی کے لیے روانہ ہوا۔ حدیقۃ المہدی میں حضور کچھ دیر کے لیے اپنی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے جس کے بعد حدیقۃ المہدی میں جلسہ کے انتظامات کے معائنہ کاآغاز سات بجے کے قریب فرمایا۔

جلسہ گاہ میں تشریف آوری

آٹھ بج کر پانچ منٹ پرحضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ گاہ میں تشریف لائے۔ حضورِانور کے کرسیٔ صدارت پر رونق افروز ہونے کے بعد اجلاس کی کارروائی کاباقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم رضوان بٹ صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے سورۃ الروم کی آیات ۴۷ تا ۴۹ کی تلاوت کی۔ مایوٹ آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مکرم یعقوب حمیدی صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے ان آیات کا اردو ترجمہ پیش کیا۔

اس موقع پر حضور انور نے عزیزم یعقوب حمیدی کے اردو میں ترجمہ پڑھنے پر اظہار خوشنودی فرمایا اور عزیزم کا تعارف کرواتے ہوئے فرمایا کہ یہ مایوٹ آئی لینڈ سے ہیں اور جامعہ احمدیہ کے طالب علم ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کو ایسے ایسے دور دراز علاقوں سے مدد گار عطا فرمائے ہیں جو زبان بھی سیکھ رہے ہیں اور حضرت مسیح موعودؑ کی کتابوں کو اصل حالت میں بھی پڑھ رہے ہیں۔

خطاب حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

سوا آٹھ بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ منبر پر تشریف لائے اور حاضرین سے خطاب فرمایا۔ تسمیہ کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ڈیوٹیاں چند دن پہلے سے شروع ہیں اور آج کارکنان کو کام کرنے کا موقع ملا ہوگا۔ ان شاء اللہ اگلے ہفتہ سے جلسہ شروع ہوگا تو باقاعدہ ڈیوٹی لگ جائے گی۔ پس اس بارے میں مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

اللہ کا فضل ہے آپ لوگ اپنے فرائض جانتے ہیں۔ ہر کارکن کو پتا ہے۔ بڑے ہیں، تجربہ کار جو ہیں بچوں کو تربیت دے رہے ہیں اور بچے جو ہیں وہ شوق سے سیکھ بھی رہے ہیں۔

ڈیوٹیاں دیتے ہوئے ہر کارکن کو، ہر معاون کو جیسا کہ میں نے خطبہ میں بھی کہا تھا کہ ہمیشہ مسکراتے رہیں۔ یہ بات یاد رکھیں۔ اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں۔ یہ بات یاد رکھیں اور دعاؤں پر زور دیں۔ ساتھ ساتھ ذکر الٰہی کرتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو احسن رنگ میں فرائض سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس کے بعد حضور انور نے دعا کروائی۔

دعا کے بعد حضور انور السلام علیکم کا تحفہ عطا فرماکر مستورات کی مارکی کی طرف تشریف لے گئے۔ وہاں پر حضور انور نے صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ سے مارکی کے سائز کے متعلق دریافت فرمایا۔ نیز دریافت فرمایا کہ آج لجنہ کے کھانے کا انتظام کہاں ہے؟ اسی طرح ناظمہ صاحبہ مہمان نوازی کو بعض ہدایات سے نوازا۔

اس کے بعد حضور انور آٹھ بج کر ۴۱ منٹ پر کھانے کی مارکی میں تشریف لائے جہاں پر ناظمین و کارکنان حضور انور کے منتظر تھے۔ چنانچہ جلسے پر خدمت بجا لانے والے کارکنان کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خدام کی موجودگی میں کھانا تناول فرمایا۔ کھانے میں آلو گوشت، روٹی پلانٹ میں تیار ہونے والی تازہ روٹی اور زردہ تھا۔

نو بج کر پانچ منٹ پر حضور انور یہاں سے مین مارکی کی طرف تشریف لے گئے جہاں پر حضور انور نے نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button