از مرکز

محترم ثاقب کامران صاحب اور ان کے بیٹے عزیزم آرب کامران کو سپرد خاک کردیا گیا

احباب جماعت کو یہ انتہائی افسوسناک اور دکھ بھری اطلاع دی جاچکی ہے کہ جماعت احمدیہ کے مخلص، فدائی اور نوجوان خادم محترم ثاقب کامران صاحب نائب وکیل سمعی و بصری تحریک جدید ربوہ (بعمر ۴۲سال) اور ان کے کمسن بیٹے عزیزم آرب کامران (بعمردو سال آٹھ ماہ) مورخہ ۲۸ جولائی ۲۰۲۳ء کوبقضائے الہیٰ وفات پاگئے تھے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی والدہ، تین بھائی اور دوبہنوں کے کینیڈا اور جرمنی سےپاکستان آنے کے انتظار کے لیے مرحومین کی میتیں مورچری فضل عمر ہسپتال میں رکھوا دی گئی تھیں۔

saqib kamran

آج مورخہ یکم اگست ۲۰۲۳ء بروز منگل صبح ساڑھے نو بجے احاطہ دفاتر صدر انجمن احمدیہ ربو ہ میں ہر دو مرحومین کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔بعدہ دونوں جنازے الگ الگ ایمبولینسوں میں تدفین کے لیے لے جائے گئے ۔ محترم ثاقب کامران صاحب خدا تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے اس لیے بہشتی مقبرہ دارالفضل میں ان کی تدفین عمل میں آئی ۔قبر تیار ہونے پر اجتماعی دعا کرائی گئی۔ محترم ثاقب صاحب کی تدفین کے بعد ان کے بیٹے عزیزم آرب کامران کی تدفین عام قبرستان ،نزد بس اڈا عمل میں آئی۔ بچے کی قبر تیار ہونے پر بھی اجتماعی دعا ہوئی۔

اس سے قبل دونوں میتوں کو آج یکم اگست کی صبح سات تا نو بجے چہرہ دکھانے کے لیے دارالضیافت میں رکھا گیا تھا۔ مسلسل دو گھنٹے تک اہل ربوہ چہرہ دیکھنے کے لیے آتے رہے۔ خدام ربوہ نے دارالضیافت سے لے کر تدفین کے تمام مراحل تک مختلف مقاما ت پر احسن طریق سے ڈیوٹیاں سر انجام دیں ۔ نماز جنازہ، تدفین اور آخری دیدار کے لیے اہل ربوہ کثیر تعداد میں تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین سے پیار کا سلوک فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button