امریکہ (رپورٹس)

سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعہ احمدیہ وحفظ القرآن سکول کینیڈا (تعلیمی سال ۲۳-۲۰۲۲)

مورخہ ۱۵؍ جون ۲۰۲۳ء کو جامعہ احمدیہ اور حفظ القرآن سکول کینیڈا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات ایوانِ طاہر میں چھ بجے سہ پہر منعقد ہوئی جس کی صدارت محترم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی۔ اس تقریب میں جامعہ کے طلبہ،ان کے والدین نیز حفاظ کرام اوران کے والدین کے علاوہ جماعت کینیڈا کے بہت سے مرکزی اور لوکل عہدیداران نے شرکت کی۔تلاوت قرآن کریم، نظم، قصیدہ اوران کے انگریزی ترجمہ کے بعد مجلس علمی کی سرگرمیوں کی رپورٹ عزیزم حاشرہود احمد نائب انچارج مجلس علمی نے پیش کی۔

مکرم امیر صاحب تقریر کرتے ہوئے

مختصر سالانہ کارگزاری

رپورٹ میں جامعہ کی تاریخ کے ساتھ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ جامعہ ۲۰۰۳ء میں قائم ہوا تھا اور۲۰۱۰ء میں پہلا بیچ(Batch) فارغ التحصیل ہوا تھا۔امسال کے آٹھ طلبہ کو ملا کر گیارہ ممالک کے ۱۴۳ مبلغین میدان عمل میں پہنچ چکے ہیں۔ دوران سال جامعہ کی مصروفیات کاذکر کرتے ہوئےبتایا گیا کہ جامعہ کی سپورٹس ٹیم نے مسرور انٹرنیشنل ساکر(فٹ بال ) ٹورنامنٹ یوکے اور مسرور انٹرنیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ امریکہ میں شمولیت کی توفیق پائی۔ اسی طرح سکیئنگ ٹرپ (Skiing Trip)، پکنک،عربی اور اردو زبان کے کیمپس کا انعقاد کیاگیا۔دوران سال مختلف اہم مواقع پر جلسوں کا اہتمام کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ مختلف اہم موضوعات پر مہمانوں نے جامعہ میں آکر لیکچرز دیے۔ جامعہ کے طلبہ کو مختلف جماعتی تربیتی اور تبلیغی تقاریب میں شمولیت کے ساتھ ساتھ اہم جماعتی مواقع جیسے تربیتی کیمپس،مجلس شوریٰ اور جلسہ سالانہ وغیرہ پر بھرپور ڈیوٹیاں سر انجام دینے کی توفیق ملی۔ امسال طلبہ کو دس دن تک جاری رہنے والی،اسلامی کتب پر مبنی ایک کامیاب نمائش کے انعقاد کی بھی توفیق ملی جو مورخہ ۲۸؍ اپریل تا۷ مئی ۲۰۲۳ء جاری رہی۔ جامعہ کے طلبہ اور اساتذہ کی خوش بختی تھی کہ ان کی ایک کثیر تعداد کو حضورانورایدہ اللہ کے دورہ امریکہ ۲۰۲۲ء کے دوران زائن،ڈیلس اور میری لینڈ میں حضور انور ایدہ اللہ کی بابرکت صحبت سے فیضیاب ہونے کی توفیق ملی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جامعہ احمدیہ کینیڈا میں مجلس علمی کے تحت شعبہ علمی مقابلہ جات،شعبہ ارشاد،شعبہ اشاعت اور شعبہ سیمینارز قائم ہے۔ ہر شعبہ کا نگران جامعہ کا ایک استاد جبکہ سیکرٹری طالبعلم ہے۔ نگران مجلس علمی کے طور پر محترم سہيل احمد ثاقب صاحب استاد جامعہ احمدیہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

حفظ القرآن سکول کے طلبہ اور اساتذہ

مختصر سالانہ کارگزاری حفظ القرآن سکول

اس رپورٹ کے بعد حافظ مجیب احمد صاحب نے حفظ القرآن سکول کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ سکول ۲۰۱۱ء میں قائم ہوا تھا۔ اب تک ۵۷؍ حفاظ اس سکول سے قرآن حفظ کر چکے ہیں اور اب ۲۸؍ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ آ ن لائن کلاسز بھی ہو رہی ہیں۔ امسال کے بہترین طالب علم عزیزم عمران چودھری قرار پائے نیز دوران سال ہونے والے علمی و دیگر مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ مکرم حافظ راحت احمد چیمہ صاحب نگران حفظ القرآن سکول کے طور پر خدمات بجا لا رہے ہیں۔

کھیلوں میں اوّل گروپ ’شجاعت‘

ان رپورٹس کے بعد مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا نے حفظ القرآن سکول اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبہ میں، دوران سال ہونے والے مختلف انفرادی اور اجتماعی علمی اور ورزشی مقا بلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات سے نوازا۔ اسی طرح کلاسوں میں پوزیشن لینے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ اس کے علاوہ جامعہ کے کچن اسٹاف کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں بھی انہیں تحائف سے نوازا گیا۔اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کی۔ پرنسپل جامعہ مکرم داؤد حنیف صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور آخر پر محترم امیر صاحب نے دعا کرائی۔ جس کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔بعد ازاں مہمان خصوصی کے ساتھ تصاویر کا سیشن ہوا۔یہ ساری تقریب Live streaming کے ذریعہ نشر کی گئی جس کو دیکھنے والوں کی تعداد ۵۰۰ سے زائد تھی۔

علمی و ورزشی مقابلہ جات

مقابلہ جات کی تفصیل حسبِ ذیل ہے۔

غیر نصابی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور طلبہ کی قابلیتوں کو نکھارنے کے لیے جامعہ احمدیہ کے جملہ طلبہ کو چار مختلف گروپس : شجاعت، امانت،دیانت اور رفاقت میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کا نگران جامعہ احمدیہ کا ایک استاد ہے۔ان گروپس کے درمیان دوران سال علمی اور ورزشی مقابلے ہوتے رہتے ہیں جامعہ میں اس سال مجلس علمی کے زیر نگرانی مندرجہ ذیل علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔

علمی مقابلہ جات میں اوّل گروپ ’دیانت‘

امسال نو انفرادی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت، نظم، تقریر انگریزی،اردو اور عربی، فی البدیہہ تقریر انگریزی، اردو اور عربی اور مقابلہ اشاعت مضامین۔ جبکہ اجتماعی مقابلہ جات چار تھے: روحانی خزائن کوئز، خطبات امام کوئز، کسوٹی، حفظ قصیدہ۔

علمی مقابلہ جات میں دیانت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم عبد النور عابد صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔ عزیزم احتشام احمد درجہ ثالثہ علمی مقابلوں میں بہترین رہے۔

دورانِ سال گروپس کے مابین انفرادی اور اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔امسال ۶ تا ۸؍ جون ۲۰۲۳ء سالانہ کھیلوں کا انعقاد ہوا۔ یہ کھیلیں ایوان طاہر، فیضیہ مہدی پارک، میکنزی گلین پارک اور ٹیسٹن ولیج اسکول میں منعقدہو ئیں۔ کل گیارہ اجتماعی کھیلیں تھیں جن میں کرکٹ، ساکر(فٹ بال)،والی بال، باسکٹ بال، هاکی، رسہ کشی، بیڈمنٹن ڈبلز، ٹیبل ٹینس ڈبلز، یورپین ہینڈ بال، ڈاج بال اور ریلے ریس شامل ہیں جبکہ چھ انفرادی کھیلیں تھیں جن میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سو میٹر دوڑ، چارسو میٹر دوڑ، لانگ جمپ اور روك دوڑ شامل ہیں۔ ان کھیلوں میں چار گروپس دیانت، امانت، شجاعت اور رفاقت نے حصہ لیا۔ اس سال شجاعت گروپ مجموعی طور پر پہلے نمبر پر رہا۔

کھیلوں کا آخری پروگرام روک دوڑ تھی جس میں ۲۰ کے قریب رکاوٹوں کو عبور کر کے منزل پر پہنچنا تھا اختتامی تقریب ۸؍ جون ۲۰۲۳ء کو پانچ بجے سہ پہر منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب کینیڈا تھے آپ نے روک دوڑ دیکھی۔ تلاوت اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کی اور دعا کروائی جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔امسال اساتذہ میں سے نگران کھیل مکرم عبدالرزاق فراز صاحب اور طلبہ میں سے عزيزم رستگار احمد چوہان تھے۔ کھیلوں میں شجاعت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم حافظ ھبۃ الرّحمان صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔عزیزم نعمان احمد درجہ ثالثہ کھیلوں کے مقابلوں میں بہترین رہے۔

فارغ التحصیل طلبہ کے اعداد و شمار

تاریخی ریکارڈ کے لیے اس سال(۲۰۲۳ء) جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے طلبہ کے نام درج کیے جاتے ہیں۔

مزمل لورینز وعبدالجلال صاحب،ادیب احمد صاحب، دانیال محمودصاحب، نذیر احمد صاحب( امریکہ) حسّان احمد منہاس صاحب، مہیمن احمد صاحب، صہیب احمدصاحب (کینیڈا ) اور فلاح الدین احمد صاحب (ملائشیا)۔

۲۰۱۰ء سے ۲۰۲۳ء تک جامعہ سے فارغ التحصیل ہونےوالے طلبہ کی مجموعی تعداد ۱۴۳؍ ہے جن میں کینیڈاسے ۱۰۷؍، امریکہ سے ۲۲؍، جرمنی سے ۳؍، جاپان اور آسٹریلیا سے دو دو۔ فرانس، بنگلہ دیش، ۱سپین، فلسطین، ملائشیا،نیوزی لینڈ اور ایک عرب ملک سے ایک ایک شامل ہیں۔ جبکہ رواں سال ۲۰۲۳ء میں جامعہ میں جملہ کلاسز میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعدادایک صد ۱ٹھارہ ہے۔

الوداعی تقریب درجہ شاہد

۱۲؍ جون ۲۰۲۳ء کو شام سات بجے جامعہ کی طرف سے طلبہ درجہ شاہد کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مکرم داؤد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ نے کی۔ تلاوت اور نظم کے بعد عزیزم طاہر میاں درجہ خامسہ نے سپاس نامہ پیش کیا اور ہلکے پھلکے انداز میں طلبہ کی قابلیتوں اور خوشگوار گزرے لمحات کا ذکر کیا جس کے بعد ایک ڈاکومینٹری میں تصویری طور پر طلبہ کی سرگرمیاں دکھائی گئیں۔ درجہ سادسہ کی طرف سے مکرم صہیب احمد صاحب نے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ پھر مکرم مختار احمد چیمہ صاحب وائس پرنسپل جامعہ نے اپنے تجربات کی روشنی میں طلبہ کو نصائح کیں۔ آخر پر محترم پرنسپل صاحب نے اپنی طویل تبلیغی زندگی کے حوالہ سے طلبہ کی راہنمائی کی اور دعا کے بعد تمام احباب کو کھانا پیش کیا گیا۔

اساتذہ اور طلبہ جامعہ احمدیہ

احباب سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احمدی بچوں اورطلبہ جامعہ کے لیے یہ سب اعزاز مبارک فرمائے اور مقبول خدمت دین کی توفیق دے آمین

(رپورٹ عبد السمیع خان۔ پروفیسر جامعہ احمدیہ کینیڈا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button