امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کینیڈا کی سرگرمیاں

(انصر رضا۔واقفِ زندگی، کینیڈا)

قومی یومِ تبلیغ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال بھی کینیڈا جماعت کو ۲۵؍جون ۲۰۲۳ء کو ملکی سطح پر یوم تبلیغ منانے کی توفیق ملی۔ ۱۹؍مارچ ۲۰۲۳ء کو منائے گئے ملک گیر یوم تبلیغ کے مقابلہ میں اس مرتبہ ہر میدان میں ترقی و اضافہ دیکھنے کو ملا جس کی تفصیل کچھ یوں ہے:

۱۹؍مارچ کو ۱۱۶؍ قصبوں میں ۱۹۴۴؍افراد کو ۶۶ ہزار ۱۷۷؍ فلائزر تقسیم کیے گئے جبکہ ۲۵؍جون کو ۱۴۸؍ قصبوں میں ۳۵۱۲؍افراد کو ۹۶ ہزار ۶۹۹ فلائرز تقسیم کیے گئے۔

جیسا کہ ان اعدادوشمار سے پتا چلتا ہے پورے کینیڈا سے ہزاروں کی تعداد میں احبابِ جماعت نے اس بابرکت پروگرام میں شرکت کی۔ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق مختلف جماعتوں کو چھوٹے قصبے تفویض کیے گئے تھے جہاں کے باشندوں کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانا مقصود تھا۔ یہ قصبے بڑے شہروں سے دو تین گھنٹے کی مسافت پر تھے۔ صبح دس بجے احبابِ کرام اپنی اپنی مساجد اور نماز مراکز میں جمع ہوئے جہاں سے دعا کے بعد روانگی ہوئی۔ فلائرز کی تقسیم کےدوران عمومی طور پر مقامی باشندوں کا ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملتا ہے لیکن اکثریت نے احبابِ جماعت کو خوش آمدید کہتے ہوئے خوشدلی اور تحسین آمیز کلمات کےساتھ اس پیغام کو وصول کیا۔ چند مقامی اخبارات نے ہماری ٹیموں سے انٹرویو کیے اور ان کی سرگرمیوں کے متعلق اپنے اخبارات میں خبریں شائع کیں۔ان میں سے ایک آرٹیکل کو یاہو نیوز نے منتخب کیا اور اپنی ویب سائٹ پر اسے شائع کیا۔گھر گھر جا کر فلائرز تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ ان قصبوں کی لائبریریوں میں اوپن ہاؤسز منعقد کیے گئے جہاں پر جماعتی کتب اور قرآن کریم کے تراجم کی نمائش کی گئی۔ ان میں بھی لوگوں نے شرکت کی جن میں مقامی زعماء وغیرہ بھی شامل تھے۔ چرچز(Churches)میں جا کر بھی فلائرز بانٹے گئے اور پادریوں کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا گیا۔

کینیڈا ڈے۔ یکم جولائی ۲۰۲۳ء

ہر سال یکم جولائی کینیڈا ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جماعت احمدیہ کینیڈا ہر سال اپنی مساجد میں اس روز تقریبات منعقد کرتی ہے جس میں بڑی تعداد میں احبابِ جماعت کے علاوہ معززین اور حکومتی زعماء و عمائدین بھی شرکت کرتے ہیں۔ چھوٹےبچے اور بچیاں کینیڈا کے پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے سرخ و سفید کپڑے پہن کر قومی ترانہ ’’او کینیڈا‘‘ گاتے ہیں۔ اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب مسجد بیت الاسلام میں منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب کینیڈا اور دیگر مقررین نے نبی اکرمﷺ کی حدیث ’’حب الوطن من الایمان‘‘ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ مسلمہ کی اپنے ملک سے وفاداری اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے مکمل تعاون اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ بریڈفورڈ میں، جہاں کینیڈا جماعت کی ایک وسیع و عریض پراپرٹی ہے، مختلف تقریبات کے علاوہ بچوں کے لیے سٹالز اور کھیلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نےبھی شرکت کی۔

(رپورٹ: انصر رضا۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button