امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ کینیڈا کے تین ریجنل اجتماعات

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

اجتماع مجلس انصاراللہ برمپٹن ویسٹ

مجلس انصاراللہ برمپٹن ویسٹ کینیڈا کا سالانہ ریجنل اجتماع مورخہ ۱۰؍ جون ۲۰۲۳ء کو مسجد مبارک برمپٹن کینیڈا میں منعقد ہوا جس میں ریجن کی تمام دس مجالس نے شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے رجسٹریشن اور ناشتہ سے ہوا۔ اس کے بعد گیارہ بجے افتتاحی تقریب کا آغاز عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا کی زیرِصدارت تلاوتِ قرآنِ کریم اور انصار اللہ کے عہد سے ہوا جس کے بعد آپ نے ’’خدا کے ساتھ زندہ تعلق‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ انہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ کرامؓ کے واقعات بیان کیے نیز شرائط بیعت کی دسویں شرط کی تفصیلی تشریح بیان کی۔

اس کے بعد علمی اور ورزشی مقابلے شروع ہوئے۔ مسجد کے مرکزی ہال میں حفظ قرآن، نظم، اردو اور انگریزی تقاریر، پیغام رسانی اور مشاہدہ معائنہ کے مقابلہ جات ہوئے۔

مسجد مبارک کے زیریں حصہ میں واقع جِم میں ورزشی مقابلہ جات ہوئے جن میں والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اورمیوزیکل چیئرز شامل تھے۔

اجتماع کے دوران تمام وقت ریفریشمنٹ پیش کی جاتی رہی۔

اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم عبدالجبار ظفر صاحب مقامی امیر برمپٹن ویسٹ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ عمیر خان صاحب (مربی سلسلہ) نے تعلق باللہ کے موضوع پر تقریر کی۔ مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے اور غیر معمولی کارکردگی نیز زیادہ حاضری والی مجالس کو اسناد دی گئیں۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ اجتماع پر کل حاضری ۲۱۸ تھی۔

(رپورٹ: محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

اجتماع مجلس انصار اللہ ہالٹن نیاگرا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ہالٹن نیاگرا ، کینیڈا کو مورخہ ۱۱؍جون ۲۰۲۳ء بروز اتوار سالانہ ریجنل اجتماع بمقام سیکنڈری سکول آکویل منعقد کرنے کی تو فیق ملی۔ اجتماع کا آغاز صبح دس بجے رجسٹریشن اور نا شتہ کے ساتھ ہوا۔ گیارہ بجے صحبت صالحین کی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں بزرگان نے خلفائے کرام کے ساتھ ذاتی تعلق کے ایمان افروز واقعات پیش کیے۔ اجتماع کی افتتاحی تقریب کا آغاز ساڑھے گیارہ بجے محمد موسیٰ صاحب (قائد اشاعت) کی صدارت میں ہوا۔

اس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت،نظم،حفظ قرآن، اردو اور انگریزی تقریر شامل تھے۔ علمی مقابلہ جات کے ساتھ صف دوم انصار کے لیے ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں Pride Month کے حوالے سے گفتگو کی گئی کہ کس طرح بچوں کو اس کے بداثرات سے محفوظ رکھا جائے۔

اجتماع میں محمداسلم بھروانہ صاحب (جن کی شہادت ۲۰۱۰ء میں لاہور میں ہوئی ) کے بیٹے کو خا ص طور پر مدعو کیا گیا جنہوں نے ۲۸؍ مئی ۲۰۱۰ء کا آ نکھوں دیکھا حال بتایا کہ کس طرح اس روز احباب جماعت نے اخلاص و وفا اور صبر و تحمل کا نمونہ پیش کیا اور کس طرح اس واقعہ نے ان کی زندگی بدل دی اور ان کا جماعت کے ساتھ تعلق پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوا۔ انہوں نے اپنے والد اور بھائی کا تذکرہ بھی کیا جنہوں نے اس روز جام شہا دت نوش کیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیڈا نے انصار کو خصوصی طور پر پانچ وقت نماز کی اہمیت کے بارے میں چند نصائح کیں۔

ورزشی مقا بلہ جات میں سو میٹر ریس،والی بال،بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس جیسے کھیل شامل تھے۔مقابلہ جات کے اختتام پر شام پا نچ بجے اجتماع کی اختتامی تقریب شروع ہوئی جس میں علمی مقابلہ جات اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔اس کے بعد خاکسار (ناظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ ہالٹن نیاگرا)نے تمام انصار کا شکریہ اداکیا اور دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال سالانہ ریجنل اجتماع میں ریجن کی سات مجالس سے ۱۶۹؍انصار شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اجتماع کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور انصار کی ذ ہنی اور جسمانی استعدادوں میں اضافہ کا موجب بنائے۔آمین

(رپورٹ :غلام احمد مقصود۔ نا ظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ ہالٹن نیاگرہ)

اجتماع مجالس ہائے انصاراللہ ٹورانٹو ویسٹ ریجن

ساجد رمضان صاحب سیکرٹری عمومی مجلس انصاراللہ ٹورانٹو ویسٹ ریجن کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ آٹھ حلقوں پر مشتمل انصاراللہ ویسٹ ریجن کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ ۱۱؍جون ۲۰۲۳ء بروز اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اجتماع سے ایک روز قبل ۱۰؍ جون کو تمام نماز سنٹروں میں اجتماع کی کامیابی کے لیے اجتماعی طور پہ نمازتہجد ادا کرنے کا اہتمام کیا گیا۔

۱۱؍ جون کی صبح بلیو ہیون پارک (Blue Heaven Park) میں ناشتہ کے بعد ارشد محمود باجوہ صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے دعا کروائی اور اجتماع کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

پروگرام کے مطابق اجتماع کا افتتاحی اجلاس بارہ بجے احمدیہ ابوڈ آف پیس کے ملٹی پرپز ہال میں شروع ہوا۔ جس میں مرکزی نمائندگان عطاء الرب صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا اور اسد سعید صاحب نائب قائد تربیت نے شرکت کی۔

دوپہر کے کھانےاور نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد سوا دو بجے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ جس میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم، تقریر اردو و انگریزی، فی البدیہ تقریر، پیغام رسانی اور مشاہدہ و معائنہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ان مقابلہ جات کے بعد شاملین کو چائے اور ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں صدر صاحب مجلس انصاراللہ کینیڈا عبدالحمید وڑائچ صاحب نے علمی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اختتامی تقریر میں صدر صاحب نے انصار دوستوں کو زریں نصائح کیںاور انصار کا عہد دہرانے کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ اجتماع کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ الحمد للہ

(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button