عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس دوم نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پوپ فرانسس نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو نا قابل قبول گستاخانہ عمل قرار دیا اور کہا کہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کرنا قابل مذمت عمل ہے اور کسی بھی عقیدے کے ماننے والوں کی دل آزاری اور ان کے مقدسات کی توہین اور اس کی اجازت دینا ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔

٭…چین کے صدر شی جن پنگ نے ایس سی او ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے ممبر ممالک کو اقتصادی بحالی کو تیز کرنا چاہیے اور عملی تعاون پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس منعقد ہوا۔

٭… مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں دو روزہ آپریشن کے بعد اسرائیلی فورسز نے انخلا شروع کر دیا۔جنین میں ایک پناہ گزین کیمپ میں بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں کم از کم بارہ فلسطینی شہید ہوئے۔اسرائیل نے پیر کی صبح جنین کے پناہ گزین کیمپ پر آپریشن کا آغاز متعدد ڈرون حملوں سے کیا اور اسرائیلی فوجیوں نے کیمپ پر چڑھائی کی جس کے نتیجے میں دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔فلسطینی ہلال احمر کا کہنا تھا کہ اس نے جنین کیمپ سے تقریباً تین ہزار افراد کو نکال لیا ہے جہاں تقریباً چودہ ہزار لوگ آدھے مربع کلومیٹر سے بھی کم کے علاقے میں رہتے ہیں۔

٭…سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی عرب میں امام بارگاہ اور مسجد میں دھماکے پر چار سعودی اور ایک مصری شہری سمیت پانچ ملزمان کو سزائے موت دےدی گئی۔ سعودی حکام کے مطابق ملزمان کی سزائے موت پر عملدرآمد مشرقی صوبہ میں کیاگیا۔

٭…بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس سے خطاب میں روس کے صدر پیوٹن نے کہا کہ ایس سی او ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، روس مقامی کرنسیوں میں لین دین کی حمایت کرتا ہے۔ صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت میں بحران کے خطرات بڑھ رہے ہیں اور دنیا بھر میں تنازعات کے امکانات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔روس بیرونی دباؤ، پابندیوں اور اشتعال انگیزیوں کے خلاف مزاحمت کر رہا ہے اور کرتا رہے گا، موجودہ حالات کے باوجود ہمارا ملک مسلسل ترقی کر رہا ہے۔

٭… یوکرین کے علاقے خارکیف میں رہائشی عمارت پر روسی میزائل حملے سے بارہ بچوں سمیت کم از کم ۴۳؍افراد زخمی ہو گئے۔ یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل اینڈری کوسٹن نے کہا کہ خارکیف میں صرف رہائشی عمارتیں تھیں جنہیں نشانہ بنانا روس کی طرف سے ایک اور جنگی جرم کے مترادف ہے۔ روس نے واقعے پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم ماسکو اس سے قبل شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا رہا ہے۔دوسری جانب یوکرین کی جانب سے باخموت کے قریب کامیابیوں کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ روس کیف کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے اپنی تمام طاقت کا استعمال کر رہا ہے۔نائب وزیر دفاع حنا ملیار نے کہا کہ یوکرینی فوجی باخموت کے جنوب اور شمال میں جارحانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور حاصل کردہ خطوں پر مضبوطی پیدا کر رہے ہیں۔

٭…طالبان نے افغانستان میں بیوٹی پارلرز پر پابندی لگادی۔ ۲۴؍جون کو جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق یہ احکامات سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ نے جاری کیے ہیں۔کابل اور تمام صوبوں میں موجود بیوٹی پارلرز کو اپنا کام سمیٹنے کےلیے ایک مہینے کا وقت دیا گیا ہے۔

٭…امریکی قومی مرکز ماحولیاتی کے مطابق پیر کا دن عالمی سطح پر ریکارڈ کیا گیا اب تک کا گرم ترین دن تھا، اوسط عالمی درجہ حرارت ۱۷.۰۱ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔امریکی قومی مرکز ماحولیاتی کے مطابق اگست ۲۰۱۶ء میں عالمی درجہ حرارت ۱۶.۹۲ سینٹی گریڈ تھا، دنیا بھر میں ہیٹ ویوز چھائی ہوئی ہیں۔ اس سال گرمی کے مزید ریکارڈز ٹوٹنے کا بھی امکان ہے۔جنوبی امریکہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جبکہ چین میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۵؍ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ہیٹ ویو جاری ہے۔ شمالی افریقہ میں درجہ حرارت ۵۰؍ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہا جبکہ انٹارکٹیکا میں اس وقت موسم سرما میں غیرمعمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت ہے۔

٭… برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس کا ماہ جون ایک سو چالیس سالوں میں گرم ترین مہینہ رہا۔گذشتہ ماہ جون میں اوسط درجہ حرارت ۱۵.۸ ڈگری رہا۔ برطانیہ میں ۱۹۴۰ء اور ۱۹۷۶ء میں اوسط درجہ حرارت ۱۴.۹ ڈگری تک پہنچا تھا۔ اس سال برطانیہ میں جون میں درجہ حرارت ۰.۹ فیصد زائد رہا۔

٭…انگلینڈ میں آئندہ تین برس میں ریلوے سٹیشنز کے ٹکٹ آفس بند کرنے کا منصوبہ ہے۔ ریل ڈیلیوری گروپ (آر ڈی جی) نے چند بڑے سٹیشنز کے سوا تمام ٹکٹ آفس بند کرنے کی تجاویز پیش کر دیں۔ تجاویز پر عوامی رائے جاننے کےلیے ۲۱؍روزہ مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریل ڈیلیوری گروپ کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشنوں پر ٹکٹوں کی خریداری، ٹریول ایڈوائس اور معمر و معذور افراد کی مدد کےلیے عملہ موجود رہے گا۔ چیف ایگزیکٹو آر ڈی جی کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس صرف بارہ فیصد ٹکٹ، ٹکٹ آفس سے اور دیگر آن لائن یا وینڈنگ مشین سے خریدے گئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button