امریکہ (رپورٹس)

صد سالہ تقریبات۔ یومِ تشکر لجنہ اماءاللہ کیلگری، کینیڈا

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماءاللہ دنیا بھر میں اپنی تنظیم کے سو سال مکمل ہونے پر اپنے مولیٰ کے حضور جذباتِ تشکر کا اظہار مختلف انداز میں مگر ایسے طریق پر جوروحانی جماعت کے شایانِ شان ہےکررہی ہیں۔ کینیڈا کی لجنہ اماء اللہ نے بھی اللہ تعالیٰ کے فرمان لَئِنۡ شَکَرۡتُمۡ لَاَزِیۡدَنَّکُمۡ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے جوبلی کے اہداف جو قرآنِ کریم کے لفظی ترجمہ، تفسیر کبیرجلد اول، حدیقةالصالحین، قصیدہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فی مدح حضرت خاتم النبیین ﷺ اور مطالعہ کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام جیسے ٹارگٹ حاصل کرنے پر مشتمل تھے ان کے حصول میں فاستبقواالخیرات کی دوڑ ميں حصہ ليا اور پھر مرکزی ہدایت کے مطابق کینیڈابھر کی لوکل مجالس نے اجلاسات میں خدا تعالیٰ کے افضال و انعامات کے تذکرے بھی کیے۔

کیلگری شہر کینیڈا کے صوبہ البرٹا میں واقع ہے۔ اس شہر میں لجنہ اماء اللہ کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔ اس شہر کو یہ خصوصیت حاصل ہے کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے تین خلفائے کرام یہاں تشریف لا چکے ہیں۔ ویسٹرن کینیڈا کی ایک بڑی اور خوبصورت مسجد بیت النور بھی اس شہر میں واقع ہے جو ہر خاص و عام کو دینِ واحد کی طرف بلانے کی دعوت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

مسجد بیت النور میں ۲۵؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو نمازِ تہجد اجتماعی طور پر ادا کی گئی اور خدا تعالیٰ کے حضور شکر گزاری کا عملی اظہار دعاؤں اور صدقات کی ادائیگی سے کیا گیا۔ ۷؍جنوری ۲۰۲۳ء کو مقامی مجالس کی ممبرات نے مسجد بیت النور کے مختلف حصوں میں بھرپور حاضری کے ساتھ یومِ تشکر منانے کا ایک خوشکن سماں باندھ دیا۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام مقامی مجالس کے پروگرام تلاوتِ قرآن کریم سے شروع ہوئے۔ حدیث نبوی ﷺ، منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور لجنہ اماء اللہ کا عہد دہرانے کے بعد عمومی طور پر لجنہ اماءاللہ کی تنظیم کا قیام، لجنہ اماءاللہ کے قیام کے مقاصد، لجنہ اماءاللہ کی ابتدائی ۱۴ممبرات کا تعارف، خواتینِ مبارکہ کا لجنہ اماءاللہ کے قیام میں کرداراور دینِ اسلام کے لیے ان کی محبت و عقیدت اور قربانی و فدائیت کے تذکرے پیش کیے گئے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی لجنہ ممبرات سے توقعات کے متعلق ارشادات پڑھے گئے اور حضرت خلیفةالمسيح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لجنہ اماءاللہ کو ان کی ذمہ داریوں سے متعلق فرمودات پر مشتمل ویڈیوکلپ بھی دکھائے گئے۔ بہنوں نے اپنی زبان میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت سے وابستہ ہو کر خدا تعالیٰ کے فضلوں کی بارش کے تذکرے سادہ مگر ایمان سے بھرے الفاظ میں بیان کیے۔

لجنہ ممبرات اپنی اپنی مجالس کے لیے مقررہ وقت پر مسجد بیت النور میں صبح سے شام تک رنگ برنگے لباس میں ملبوس تشریف لاتی رہیں اور’’مہماں جو کر کے الفت آئے بصد محبت‘‘ کے ماحول کا حصہ بنتی رہیں۔ ہر مجلس کے پروگرام کا اختتام خدا تعالیٰ کے حضور دعا اور کلواجمیعاً پر ہوا جو ان مجالس کی آپس میں اللہ تعالیٰ کی خاطر محبت کے جذبات کی عکاسی کر رہا تھا۔ دن بھر بہنیں نماز باجماعت میں بھی شامل ہوتی رہیں اور لجنہ اماءاللہ کے شعبہ مال کے بوتھ پر چندہ کی ادائیگی کرکے خدا تعالیٰ کی شکر گزاری اور اس کی خوشنودی حاصل کرنے کی توفیق پانے کی سعادت بھی حاصل کرتی رہیں۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ لجنہ اماءاللہ کی تمام کوششوں میں برکت ڈالے۔ ان کے اظہارِ تشکر کے جذبات کو قبول کرے اور ہمیں اپنے پیارے امام حضرت خلیفةالمسيح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہم سے وابستہ تمام توقعات پر پورا اترنے کی توفیق دے۔

(رپورٹ: امۃ القيوم انجم ۔ کيلگری، کينيڈا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button