یورپ (رپورٹس)

فرانس میں لجنہ اماء اللہ کی نیشنل علمی ریلی کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ فرانس کی نیشنل علمی ریلی مورخہ ۲۹ و ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۳ء جلسہ گاہ بیت العطاء بمقام تری شاتو میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہدلجنہ اماء اللہ اور نظم کے بعد ’’لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کے مقاصد‘‘ کے موضوع پر نیشنل صدر فرحت فہیم صاحبہ نے تقریر کی جس میں انہوں نے دستور اساسی لجنہ سے لجنہ اماء اللہ کے قیام کے سترہ نکات کی اہمیت اور صد سالہ جوبلی کے حوالے سے لجنہ اماء اللہ کی ذمہ داریوں کے بارےمیں نصائح کیں۔

پھر مقابلہ حفظ قرآن اور مقابلہ اُردو پریزنٹیشن کے بعد دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کا وقفہ کیا گیا۔

اس کے بعد دوسرا اجلاس شروع ہوا۔

تلاوتِ قرآن مجید اور نظم کے بعد تاریخ لجنہ اماء اللہ اور اسلامی اصول کی فلاسفی پر کوئز منعقد ہوا ۔ وقفہ کے دوران کیک بنانے کا مقابلہ منعقد کیا گیا اور اسی موقع پر ایم ٹی اے کی ٹیم نے لجنہ کی صد سالہ جوبلی کے حوالہ سے ایک ڈاکومنٹری کے لیے چھوٹی سی ویڈیو بھی بنائی۔

بعد ازاں تمام لجنہ ممبرات نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا سالانہ اجتماع واقفات نو یوکے سے اختتامی خطاب براہ راست سنا۔

مقابلہ بیت بازی اور ایک تفریحی پارسل گیم کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ کھانے کے بعد نوجوان بچیوں کے لیے ایک دلچسپ نشست لگائی گئی جس میں لجنہ نے واقعات، اشعار، ترانے، لطیفے، پہیلیاں، وغیرہ سنا کر پُررونق محفل سجائی۔ اس محفل میں پنک ٹی، عربی قہوہ اور ڈرائی فروٹ کے ساتھ مہمان نوازی کی گئی۔ علمی ریلی میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں تمام مجالس کی طرف سے ہاتھ سےبنی ہوئی اشیاء مثلاً سلائی، کڑھائی، کیلی گرافی، پینٹنگ وغیرہ کی چیزیں شامل تھیں۔ حسبِ روایت ایک بک سٹال بھی لگایا گیا۔

اگلے دن اختتامی اجلاس میں تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد مقابلہ فرنچ پریزنٹیشن ہوا جس کے بعد مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والی لجنہ ممبرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

پروگرام کے اختتام پر نیشنل صدر صاحبہ نے اپنی تقریر میں لجنہ کو تربیت اولاد اور دین سکھانے کی طرف توجہ دلائی۔ ترانے اور دعا کے بعد نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے ساتھ یہ علمی ریلی اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس ریلی میں فرانس کی تمام مجالس سے تین صد لجنہ ممبرات، ناصرات اور بچے شامل ہوئے۔

(رپورٹ: نصرت قدسیہ وسیم۔ نائب ناظمہ اعلیٰ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button