حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اسلام آباد ٹلفورڈ سے تقریباً سوا دو سو میل شمال کی جانب برطانیہ کی کاؤنٹیNorth Lincolnshire میں ۱۷؍جون ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سکنتھورپ شہرکی پہلی purpose buildمسجد’’بیت السلام‘‘ کا افتتاح فرمایا۔نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد افتتاحی تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اظہارِ خیال کیا۔ بعدازاںحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطاب میں مسجد کی تعمیر، اسلام کی امن پسند تعلیم اور مسجد کے قیام کی غر ض و غایت بیان فرمائی۔ دعا کے بعد حضور انور نے شاملین کے ساتھ ازراہ شفقت ظہرانہ تناول فرمایا۔

سکنتھورپ میں جماعت ۱۹۹۹ء میں قائم ہوئی اور یہ جگہ دسمبر۲۰۰۲ء میں خریدی گئی تھی۔ مئی ۲۰۲۰ء میں اس سے ملحق قطعہ زمین خریدا گیا۔ مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے ۲۴؍مارچ۲۰۱۸ء کو اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ مسجد کل تین منزلوں پر مشتمل ہے۔ اس کا مسقف احاطہ ۵۲۰؍مربع میٹر ہے۔ گراؤنڈ فلور پر مسجد کا مردانہ ہال ہے جہاں پر ۱۵۰؍افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیر پر کل خرچ ۹؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار پاؤنڈز ہوا ہے۔ واضح رہے کہ حضور انور ساتویں مرتبہ اس جماعت میں تشریف لائے ہیں۔ مقامی احمدی مردو زن و بچے اس حوالہ سے نہایت پرجوش تھے۔

٭…سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا، یوم عرفہ یعنی یوم الحج ۲۷؍جون کو ہوگا اور سعودی عرب میں عید الاضحی۲۸؍جون کو منائی جائے گی۔

٭…یونان میں کشتی ڈوبنے کے افسوس ناک واقعہ میں سب سے بڑی تعداد پاکستانیوں کی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چار سو پاکستانی موجودتھے۔ بچ جانے والے مسافر نے بتایا کہ کشتی ڈوبنے سے پہلے ہی پانی نہ ملنے کی وجہ سے اس میں موجود چھ لوگ مرچکے تھے۔ ڈوبنے سے تین روز پہلے ہی انجن فیل ہوگیا تھا، بچ جانے والوں میں کوئی بھی خاتون یا بچہ شامل نہیں ہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کشتی میں سو سے زیادہ بچے موجود ہونے کا بتایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یونان کے ساحلی علاقے میں بدھ کو کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا۔ کشتی ڈوبنے سے اب تک ۷۸؍افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ ۱۰۴ کو بچا لیا گیا تھا۔

٭…پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اعلان پر ۱۹؍جون کو یونان کے قریب کشتی کے حادثے میں پاکستانیوں اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر یوم سوگ منایا گیا۔ یوم سوگ کے موقع پر کراچی ایئر پورٹ سمیت ملک بھر کےایئر پورٹس پر قومی پرچم سرنگوں کر دیے گئے اور جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

٭…وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنادی۔ کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی، انسانی اسمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا۔ دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے معاملے میں لاکھوں روپے کے عوض لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے والے مرکزی کردار طلحہ شاہ زیب کوگرفتار کرلیا۔ریسکیو کیے گئے افراد کے بیانات کے ذریعے چودہ پاکستانی انسانی اسمگلرز کے نام سامنے آئے ہیں۔

٭…امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے دو روزہ دورۂ چین میں اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے پانچ گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔ چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے انٹونی بلنکن سے بیجنگ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔امریکی محکمہ خارجہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ بلنکن کی چینی وزیر خارجہ سے واضح، ٹھوس اور معیاری بات چیت ہوئی ہے۔ بلنکن نے مواصلات کے چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا، دونوں راہنماؤں نے مشترکہ بین الاقوامی مسائل پر تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔

٭…سپریم کورٹ نے ۱۵؍جون تک زیر التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ساڑھے ۵۴ ہزار سے تجاوز کر گئی۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا سول پٹیشنز کی تعداد انتیس ہزار ۵۵۷ تک پہنچ گئی، زیر التوا سول اپیلوں کی تعداد نو ہزار ۷۵۸ ہوگئی۔فوجداری درخواستوں کی تعداد آٹھ ہزار ۹۱۵ ہے، سپریم کورٹ میں زیر التوا نظرثانی درخواستوں کی تعداد ایک ہزار ۴۳۸ ہے۔فوجداری اپیلوں کی تعداد ایک ہزار ۶۲ ہے جبکہ سپریم کورٹ میں زیر التوا آئینی درخواستیں ۱۳۰ ہیں۔ جبکہ ۲۵ از خود نوٹس زیر التوا ہیں۔

٭…بھارت میں ہیٹ ویو کے باعث تقریباً ۹۶؍افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں ۵۴ کا تعلق یوپی اور ۴۲ کا ریاست بہار سے ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد کی عمر ساٹھ یا اس سے زائد بتائی جا رہی ہے، بہار کے ۱۵؍اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ حکام نے دن کے اوقات میں ۶۰ سال کی عمر کے افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

٭…افریقی ملک یوگنڈا میں شدت پسندوں کے سکول پر حملے میں طلبہ سمیت ہلاک ہونے والوں کی تعداد ۴۱؍ہوگئی۔ کمپالا سے پولیس کے مطابق سکول پر حملے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پندرہ افراد لاپتا جبکہ چھ افراد کو اغوا کرلیا گیا۔ سکول حملے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر طلبہ شامل ہیں۔ داعش کے شدت پسندوں نے جمعہ کی رات سکول پر حملہ کیا تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button